India Vs Sirlanka:
نئی دہلی ،07اگست (ایچ ڈی نیوز)۔
سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں ہندوستانی بلے بازوں کی مایوس کن کارکردگی جاری رہی اور ٹیم کو اس میچ میں 110 رنوں کی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں پر 248 رنز بنائے۔ جواب میں ہندوستان کی پوری ٹیم 26.1 اوورز میں 138 رن پر آل آو¿ٹ ہوگئی۔ ہندوستانی بیٹنگ آرڈر ایک بار پھر سری لنکا کے اسپنرز کے سامنے دم توڑتا ہوا نظر آیا اور کولمبو کے آر پریم داسا اسٹیڈیم کی ٹرن پچ پر جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ سری لنکا کی جانب سے اسپنر دونتھ ویلالاگے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور بھارتی اننگز کو ڈگمگانے میں اہم کردار ادا کیا۔
India Vs Sirlanka:
سری لنکا نے 1997 کے بعد پہلی بار بھارت سے ون ڈے سیریز جیتی
بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز 0-3 سے ہارنے کے بعد سری لنکا نے ون ڈے فارمیٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے ٹائی ہونے کے بعد سری لنکا نے گیند بازوں کے بل بوتے پر اگلے دونوں میچ جیت لیے۔ اس طرح سری لنکا ہندوستان سے یہ سیریز 2-0 سے جیتنے میں کامیاب رہا۔چرتھ اسلنکا کی قیادت والی سری لنکائی ٹیم کے لئے یہ جیت اس لئے بھی اہم ہے کیونکہ میزبا نٹیم نے 1997 کے بعد پہلی بار بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی ہے۔ سری لنکا نے آخری بار 1997 میں ارجن راناتنگا کی کپتانی میں ہندوستان کو 3-0 سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد ہندوستان نے لگاتار 11 بار ون ڈے سیریز جیتی تھی لیکن روہت شرما کی قیادت والی ٹیم اس ریکارڈ کو برقرار نہیں رکھ سکی اور اسے 27 سال بعد سری لنکا سے ون ڈے سیریز ہارنا پڑی۔
India Vs Sirlanka:
بھارتی ٹیم ابتدائی جھٹکے سے نہ سنبھل سکی
ہدف کے تعاقب میں اتری بھارتی ٹیم کو پہلا جھٹکا دیتے ہوئے اسیتھا فرنانڈو نے شبمن گل کو آو¿ٹ کیا۔ بھارت کی پہلی وکٹ 37 رنز پر گری۔ گزشتہ دو میچوں میں نصف سنچریاں بنانے والے روہت شرما اس میچ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے نظر آئے لیکن ویلالاگےنے کپتان کو آو¿ٹ کر کے بھارت کو بڑا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد ہندوستانی اننگز ڈگمگاتی چلی گئی اور ہندوستانی بلے باز ایک کے بعد ایک اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔ پہلے دو میچوں کی طرح اس میچ میں بھی وراٹ کوہلی اثر نہیں دکھا سکے اور 20 رن کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ ہندوستان کی بیٹنگ اتنی خراب تھی کہ ٹیم نے 100 رنز کے اسکور پر سات وکٹیں گنوا دیں۔ آخر میں واشنگٹن سندر نے 25 گیندوں میں 30 رن کی اننگز کھیلی لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ ہندوستان کی جانب سے صرف چار بلے باز دوہرے ہندسے تک پہنچ سکے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہندوستان نے اسپنرز کے خلاف اپنی نو وکٹیں گنوا دیں۔
ٹیم اسپنرز پر قابو نہ پا سکی
ہندوستانی بلے باز پوری ون ڈے سیریز کے دوران اسپنرز کے خلاف جدوجہد کرتے نظر آئے۔ ہندوستان نے تین میچوں کی سیریز میں اسپنرز کے خلاف مجموعی طور پر 27 وکٹیں گنوائیں، جو اتنے میچوں کی دو طرفہ ون ڈے سیریز میں اسپنرز کے خلاف کسی بھی ٹیم کی وکٹوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس کے ساتھ ہی، ویلالاگے ہندوستان کے خلاف ون ڈے میں ایک سے زیادہ مرتبہ پانچ وکٹیں لینے والے پہلے اسپنر بن گئے۔ وہ یہ کارنامہ بھارت کے خلاف دو مرتبہ انجام دے چکے ہیں۔
