غزہ،13اکتوبر:غزہ میں جاری جنگ کا خاتمہ ہوچکا ہے۔قیدیوں کے تبادلے کے تحت پہلے مرحلہ میں حماس نے 7اسرائیلی قیدیوں کواقوام متحدہ کے ادارہ ریڈ کراس کے سپرد کردیئے ہیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق تبادلے کے عمل میں پہلے 7 اسرائیلی یرغمالی ریڈ کراس کے سپرد کر دیے گئے جبکہ دیگر 13 اسرائیلی یرغمالیوں کو بھی آج ہی رہا کیا جائے گا۔
دوسری جانب حماس نے 7 اسرائیلی یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے سپرد کرنے کی تصدیق کر دی۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ سے 7 یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے سپرد کر دیا گیا، رہائی پانے والے 7 یرغمالی اسرائیل پہنچ رہے ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق رہائی کے لیے 1 ہزار 966 فلسطینی قیدی اسرائیلی جیلوں سے بس میں سوار ہو گئے۔
دوسری جانب اسرائیل نے حماس کی جانب سے سات یرغمالیوں کو رہا کیے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حماس کی قید سے رہائی پانے والے سات یرغمالی ان کے پاس پہنچ چکے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل واپس پہنچنے کے بعد رہائی پانے والے ابتدائی طبی تشخیص کے عمل سے گزریں گے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ ’اضافی یرغمالیوں کو وصول کرنے کے لیے تیار ہیں جنھیں بعد میں ریڈ کراس کے حوالے کیے جانے کی امید ہے۔‘اس سے قبل اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے رہائی پانے والے سات افراد کے نام شیئر کیے تھے جو یہ ہیں:متان اینگریسٹ،ایتان مور،گلی برمن،زیو برمن،عمری میران،ایلون اوہیل،گائے گلبوا دلال
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی قیدیوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے جنوبی غزہ میں بڑی تعداد میں فلسطینی جمع ہیں۔فلسطینی قیدیوں کی جنوبی غزہ میں النصر اسپتال میں آمد متوقع ہے، اسرائیلی جیلوں سے رہا 1716 فلسطینی قیدی نصر اسپتال پہنچائے جائیں گے۔خبر ایجنسی کے مطابق حماس مسلح ونگ القسام بریگیڈ نے 20 زندہ اسرائیلی یرغمالیوں کی فہرست جاری کر دی۔
دوسری جانب غزہ امن منصوبے پر سربراہی اجلاس آج مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہو رہا ہے، اجلاس میں غزہ امن معاہدے پر دستخط اور امن منصوبے پر عملدرآمد کوششوں کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس کی صدارت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتح السیسی کریں گے۔اجلاس میںہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، ترکیہ کے صدر طیب اردوان، فلسطینی صدر محمود عباس، اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی، جرمن چانسلر اور فرانس کے صدر میکرون سمیت 20 سے زائد ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ غزہ جنگ ختم ہوگئی۔ غزہ منصوبے کے لیے بورڈ آف پیس جلد قائم کیا جائے گا۔



