کولکاتہ ، 04 اپریل ( ایچ ڈی نیوز)۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاست کے مختلف حصوں میں ہوئے تشدد کو لے کر عجیب و غریب بیان دیا ہے۔ منگل کو دیگھا میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امت شاہ کہہ رہے ہیں کہ اگر وہ فسادیوں کو الٹا لٹکا دیں تو اچھا کام گھر سے شروع ہونا چاہئے۔ حقیقت یہ ہے کہ صرف بجرنگ دل کے لوگ ہی فساد کر رہے ہیں۔ انہیں الٹا کیوں نہیں لٹکا دیا ؟
ممتا نے کہا کہ مجھے ہر وقت چوکنا رہنا پڑتا ہے۔ پتہ نہیں یہ لوگ کب فساد شروع کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رام نومی کے جلوس میں پستول لے کر ناچتے ہوئے بھگوان رام کے نام کو بدنام کر رہے ہیں۔ بنگال کے لوگ تشدد کو پسند نہیں کرتے۔ فساد بنگال کا کلچر نہیں ہے۔ عام لوگ فساد نہیں کرتے۔ ممتا نے ایک دن پہلے بہار میں امت شاہ کے بیان پر مذکورہ تبصرہ کیا ہے۔
بنرجی نے کہا کیا آپ نندی گرام ، کھیجوری ، کولاگاٹ ، تملوک کے واقعات بھول گئے ہیں ؟ آج سی پی ایم بڑی بڑی باتیں کرتی ہے ، آج بی جے پی نے سی پی ایم سے سیکھ کر یہ راستہ چنا ہے۔ سی پی آئی (ایم) اس نوجوان کے ساتھ بھی ایسا ہی کرتی تھی جس کی تصویر رام نومی میں ہتھیار لے کر دکھائی دیتی تھی۔ کیا آپ سی پی ایم کے مظالم کو بھول گئے ہیں ؟
ممتا بنرجی نے کہا کہ میں اب بھی یہ نہیں بھولی.. دیدی او دیدی.. وہ نہیں بھولی. وہ چھوڑیں گی نہیں۔ جب ممتا بنرجی کو ہرا نہیں سکے تو انہوں نے نندی گرام میں ووٹ لوٹ لئے۔ اس کے خلاف وہ عدالت گئی ہیں۔ وہ نہیں چھوڑیں گی۔ بنرجی نے کہا کہ فساد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ سی بی آئی اور ای ڈی کتنی بھی لگائی جائے ، پولیس فسادیوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی سے نہیں ڈرتی۔
