نئی دہلی، 7 فروری ۔ جمعہ کو دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج سے ایک دن پہلے، عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے پارٹی کے تمام 70 امیدواروں کے ساتھ میٹنگ کی اور انہیں یقین دلایا کہ عام آدمی پارٹی ایک بار پھر دہلی میں حکومت بنائے گی۔میٹنگ میں کیجریوال نے امیدواروں سے کہا کہ وہ اسی طاقت کے ساتھ گنتی کی تیاری کریں جس سے انہوں نے الیکشن لڑا تھا۔
میٹنگ میں کیجریوال نے پارٹی امیدواروں سے ان کے اسمبلی حلقوں کے ماحول کے بارے میں دریافت کیا۔ کیجریوال نے ان دعوو¿ں کو مسترد کیا کہ اے اے پی ایگزٹ پول میں دوسرے نمبر پر رہی اور امیدواروں کو جیت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام نے حکومت بنانے کے لئے عام آدمی پارٹی کو حمایت دی ہے۔ ہم کم از کم 50 سیٹیں جیت کر حکومت بنانے جا رہے ہیں۔میٹنگ کے بعد سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ کس طرح بی جے پی نے پیسے اور غنڈہ گردی کی مدد سے الیکشن لڑنے کی کوشش کی اور آج بھی وہ گالی گلوچ کا سہارا لے رہی ہے، یہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ ہفتہ کے بعد اس کا سارا کھیل ختم ہو جائے گا۔
دریں اثنا، اے اے پی کے دہلی ریاستی کنوینر گوپال رائے نے کہا کہ اروند کیجریوال کی قیادت میں پارٹی کے تمام امیدواروں کی میٹنگ ہوئی۔ اس میں تمام امیدواروں نے اپنی رپورٹیں دی ہیں۔ امیدواروں کی رپورٹس سے صاف ہے کہ عام آدمی پارٹی دہلی میں یقینی طور پر 50 سے زیادہ سیٹیں جیتنے والی ہے۔ لگ بھگ 7-8 سیٹوں پر سخت مقابلہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ دہلی کے عوام نے عام آدمی پارٹی کو حکومت بنانے کے لیے اپنی حمایت دی ہے اور عام آدمی پارٹی دہلی میں حکومت بنائے گی۔ایم ایل اے کو خریدنے کے لیے کال آنے کے دعوے پر گوپال رائے نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں بھی کئی ایم ایل اے نے اس کا ذکر کیا ہے۔ ہمارے ایم ایل اے اور وزیر نے فون کرنے والوں کے نمبر بھی جاری کیے ہیں۔ یہ تمام حقائق رفتہ رفتہ سامنے آرہے ہیں۔ بی جے پی ایگزٹ پول کا دباو¿ بنا کر یہ طریقے اپنا رہی ہے، لیکن نہ تو ان کی غنڈہ گردی اور گالی گلوچ نے الیکشن کے دوران کام کیا اور نہ ہی گنتی کے بعد، اس گالی دینے والی پارٹی کی حقیقت سب کے سامنے آ جائے گی۔
دوسری طرف سلطان پور مزرعہ سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار اور دہلی حکومت کے وزیر مکیش اہلاوت نے کہا کہ انہیں تقریباً 11 بجے ان کے واٹس ایپ پر کال موصول ہوئی۔ فون کرنے والے شخص نے کہا کہ بی جے پی لیڈر پرویش ورما نے فون کیا ہے اور وہ آپ سے ملنا چاہتے ہیں۔
