اشاعت الاسلام میں تکمیل قرآن کی مجلس منعقد
شاملی، 10اپریل(عظمت اللہ خان/ایچ ڈی نیوز)
ضلع میں نماز تراویح میں کلام الہی کی تکمیل کا سلسلہ شب میں اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق قصبہ کیرانہ کے قدیم دینی ادارہ اشاعت الاسلام کی مسجد میں مولوی محمد نعمان قاسمی اور مولانا والی مسجد تھانہ بھون میں مولوی شارق مفتاحی نے کلام پاک سنایا ہے۔اسی مناسبت سے دونوں ہی جگہوں پر روحانی تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔اشاعت الاسلام میں مولانا جنید ندوی نے کہا قرآن کریم تجوید اور ترتیل کے ساتھ نازل ہوا ہے۔اسی ترتیب سے یہ مقدس کتاب سینہ بسینہ ہم تک پہنچی ہے۔
حدیث شریف کی رو سے ترتیل کا مطلب یہ ہے کہ تراویح میں قرآن کریم پڑھا جاۓ تو پیچھے کھڑے مقتدی زبر زیر اور پیش سب کچھ صاف صاف سن لیں۔انہوں نے کہا حروف کاٹ کر جب قرآن کریم پڑھا جاتا ہے تو وہ لعنت کے ساتھ الٹا منہ پر مار دیا جاتا ہے۔ اسی لیے الاتقان فی علوم القران جیسی کتاب میں لکھا ہے کہ فرشتے وہی کچھ لکھتے ہیں جو انسان پڑھتا ہے۔قرآن کریم سیکھنے اور سکھانے کا اعلی مرحلہ یہ ہے کہ انسان اس کے معانی اور مفاہیم بھی سیکھ لے ۔دوسرا درجہ یہ ہے کہ انسان قرآن مجید کو زبانی یاد کر لے۔اسی کو عام اصطلاح میں حافظ کہا جاتا ہے۔تیسرا مرحلہ ناظرہ قرآن شریف پڑھنے کا ہے۔اس تقریب کے انعقاد کے اختتام پر مولوی سفیان مفتاحی نے اس نامہ نگار کو بتایاکہ ادارہ میں تقریبا 65 برسوں سے کلام الہی سنا اور سنایا جاتا ہے۔یہ تقریب مولانا برکت اللہ امین کی دعا پر اختتام پذیر ہوئی ۔دوسری طرف قصبہ تھانہ بھون میں مولانا والی مسجد میں مولوی شارق مفتاحی کی تکمیل قرآن کے موقع پر خانقاہ امدادیہ اشرفیہ تھانہ بھون کے ناظم اعلی مولانا نجم الحسن تھانوی نے کہا ماہ مبارک بھی ہاتھ سے نکل گیا ہے اور آخر عشرہ بھی پورا ہوا چاہتا ہے۔
تا ہم ہماری زندگیوں میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی ہے۔اس حوالہ سے ہمیں خود کا محاسبہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو رمضان کو پائیں اورتوبہ و استغفار کے ساتھ اپنی بخشش کرا لیں۔جبکہ بد قسمت ہیں وہ لوگ جن کی زندگی میں یہ مہینہ آئے اور بارگاہ ایزی سے بخشش نہ کرا پائیں۔ مولانا عارف رشیدی نے کہا رحمت حق بہانہ تلاش کیا کرتی ہے۔حدیث شریف میں ہے بندہ ایک بالشت خالق کائنات کی طرف بڑھتا ہے تو اللہ تعالی کی رحمت اس کو لپک لیتی ہے۔انہوں نے کہا چاند رات والی رات کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔کیونکہ اس رات میں ہزارہا افراد کی بخشش کا اعلان ہوتا ہے۔شرکاء میں ماسٹر سمیع اللہ خان۔ڈاکٹر عظمت اللہ خان۔حافظ مبین۔مولوی عمیر ندوی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔
