ذاکر حسین کی مسلمانوں سے عید کے موقع پر کوکا کولا اور پیپسی نہ پینے کی پرزور اپیل
نئی دہلی، 9 اپریل (نامہ نگار)۔ نہتے فلسطینی مسلمانوں کے اسرائیل کے ذریعہ لگاتار قتلِ عام پر سماجی کارکن ذاکر حسین نے اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنا ہر مسلمان اور انصاف پسند شہری کا فرض تھا، لیکن اس سنجیدہ مسئلے پر چھائ خاموشی انسانیت کو جھنجھوڑنے کا کام کر رہی ہے۔ذاکر حسین نے عید کے موقع پر وطن عزیز سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں اور انصاف پسند طبقے سے ظالم اسرائیل کی مصنوعات(کوکا کولا، پیپسی) جیسی مشروبات پینے سے سخت پرہیز کرنے کی اپیل کی ہے۔ذاکر حسین نے آج میڈیا کیلئے جاری بیان میں کہا کہ عید کے موقع پر ہم مسلمان اسرائیلی پروڈکٹس (کوکا کولا، پیپسی) کا استعمال بہت زیادہ کرتے ہیں۔ لیکن ہمیں علم ہونا چاہئے کہ ہم جو کو کاکولا، پیپسی خرید کر پیتے ہیں، وہ پیسے اسرائیل فلسطین کے مسلمانوں کے قتل میں استعمال کرتا ہے۔لہذا ہم سب کو چاہیے کہ ہم اسرائیلی پروڈکٹس بالخصوص کوکا کولا، پیپسی کا مکمل بائیکاٹ کریں۔ اگر ہم ملک کے 25 کروڑ مسلمان 100، 100روپے کی کوکا کولا، پیپسی خریدتے ہیں تو اربوں،کھربوں روپے ہم اسرائیل کو بیٹھے بٹھائے فائدہ پہنچاتے ہیں، اور ان پیسوں کا استعمال اسرائیل، فلسطینی مسلمانوں کے قتل میں کرتا ہے۔ ذاکر حسین نے اپنے بیان میں زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر حال میں کوکا کولا اور پیپسی کا بائیکاٹ کریں اور عید کے موقع پر کوکا کولا اور پیپسی کا استعمال ہر گز نہ کریں۔