نئی دہلی،یکم اپریل(ایچ ڈی نیوز ڈیسک)۔
شاہ رخ خان اکثر میڈیا اور سوشل میڈیا پر سرخیوں میں بنے رہتے ہیں۔اس وقت بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ پاکستانی کرکٹرکھلاڑیوں کی تعریفیں کررہے ہیں۔
یہ ویڈیو ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لیے بھارت اور پاکستان میں ایک دوسرے کے ملک میں نہ جاکر کھیلنے کی باتیں کی جارہی ہیں اور اسی دوران انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو 2010 کی ہے جس میں کنگ خان پاکستانی کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شمولیت کی وکالت کرتے نظر آتے ہیں اور انہیں دنیا بھر میں ٹی 20 کے بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ چیمپئنز ہیں۔
ویڈیو میں کنگ خان نے اپنی آئی پی ایل ٹیم ’کولکاتہ نائٹ رائیڈرز‘ کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کے انتخاب کے حوالے سے دباو¿ کا ذکر بھی کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں عبدالرزاق کو اپنی ٹیم میں شامل کرنا چاہتا تھا لیکن نیلامی سے قبل ہی اس کا تذکرہ اخبارات میں ہونے لگا تھا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں ان کی ٹیم میں وسیم اکرم سمیت 5 کھلاڑی تھے جس کی وجہ سے ان پر تنقید کی گئی کہ ان کی ٹیم میں بہت سے کھلاڑی پاکستانی ہیں۔انہوں نے اس وائرل ویڈیو کے اختتام میں نوجوان مداحوں سے کہا کہ کھیل کو سیاست سے پاک رکھیں، ان نفرتوں کو ختم کریں انہیں مزید نہ بڑھائیں، ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے بجائے ایک دوسرے کے ساتھ اچھے پڑوسی کی طرح رہیں۔
