نئی دہلی ، 23 فروری۔ چیمپئنز ٹرافی کے دبئی میں کھیلے جانے والے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 10 وکٹوں کے نقصان پر 241 رن بنائے تھے۔ بھارت نے جیست کے لئے ضروری 242 رن چار وکٹوں کے نقصان پر42.3 اوور میں ہی بنا لیے۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے شاندار آغاز کیا اور ویراٹ کوہلی کی زبردست بیٹنگ کی بدولت 42 اعشاریہ 3 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔ ویراٹ کوہلی نے پاکستان کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف ون ڈے کرکٹ میں 14 ہزار رنز مکمل کیے بلکہ اپنی 51 ویں سنچری بھی بنائی۔
بھارتی بلے باز وراٹ کوہلی نے 111 بال پر 100 رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جب کہ شیریس ایئر نے 67 گیندوں ہر 56 رن بنائے۔ شبھمن گل نے 46 جب کہ روہت شرما 20 رن بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے بالنگ کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے دو، ابرار احمد اور خوش دل شاہ نے ایک ایک وکٹ لئے۔
قبل ازیں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 242 رن کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور آخری اوور میں اس کے تمام کھلاڑی 241 رن پرڈھیر ہو گئے۔ پاکستان کی جانب سے سعود شکیل 62 رن بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے جب کہ کپتان محمد رضوان نے 46 رن کی اننگز کھیلی۔ خوش دل شاہ نے دو چھکوں کی مدد سے 38 رن بنائے جب کہ بابر اعظم 23 رن ہی بنا سکے۔ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے تین جب کہ ہاردک پانڈیا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہرشت رانا، اکشر پٹیل اور ویندر جڈیجہ نے ایک ایک وکٹ لئے۔
