نئی دہلی،13مارچ(ایچ ڈی نیوز)۔
Satish-Kaushik-Death
بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور ہدایت کار ستیش کوشک کی ہولی کے ایک دن بعد دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی ۔ اب ان کے مینیجر نے موت سے قبل اداکار کی زندگی کے آخری لمحات کے بارے میں انکشاف کیا ہے۔
ستیش کوشک کے مینیجر سنتوش رائے نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ اس دن ’رات کو 12 بجکر 5 منٹ پر ستیش کوشک نے اچانک بہت زور سے میرا نام پکارنا شروع کردیا، میں دوڑتا ہوا آیا اور ان سے پوچھا کہ کیا ہوا ہے آپ اتنی زور زور سے مجھے آوازیں کیوں لگا رہے ہیں جبکہ اگر کوئی ضروری کام تھا تو آپ مجھے کال کرکے بھی بلا سکتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ میری بات سننے کے بعد انہوں نے مجھے بتایا کہ انہیں سانس لینے میں بہت تکلیف ہورہی ہے اس لیے وہ جلد ہی ڈاکٹر سے اپنا چیک اَپ کروانا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جیسے ہی ہم لوگ انہیں ڈاکٹر سے چیک اَپ کروانے کے لیے لے کر اسپتال جانے لگے توان کے سینے میں درد بڑھنے لگا، انہوں نے مجھے کہا کہ جلدی چلو اسپتال اور پھر انہوں نے اپنا سرمیرے کندھے پر رکھا اور کہا کہ ’مجھے بچا لو سنتوش میں مرنا نہیں چاہتا‘۔سنتوش رائے نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ ہم آٹھ منٹ میں اسپتال پہنچ گئے کیونکہ شاید ہولی کی وجہ سے سڑکیں خالی تھیں لیکن جب تک ہم اسپتال پہنچے وہ بے ہوش ہو چکے تھے۔
