نئی دہلی ، 13 مارچ (ایچ ڈی نیوز)۔
کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ مرکزی حکومت تحقیقاتی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ یہ حکومت اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لیے قومی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کا غلط استعمال کر رہی ہے۔
پیر کو بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے میں حصہ لینے سے پہلے کھڑگے نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ وہ آج پارلیمنٹ میں بے روزگاری ، مہنگائی اور ای ڈی ، سی بی آئی کے چھاپوں کے مسائل اٹھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرناٹک میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں کی بدعنوانی مسلسل بے نقاب ہو رہی ہے۔ وہاں کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا بلکہ اپوزیشن لیڈروں کے 25 سے 30 سال پرانے کیسز کھول کر ارکان کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔
غور طلب ہے کہ بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے سے پہلے کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ ہاو¿س کمپلیکس میں میٹنگ کی۔ اجلاس کی صدارت کانگریس پارلیمانی پارٹی (سی پی پی) کی صدر سونیا گاندھی نے کی۔ اس دوران پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ موجود تھے۔اپوزیشن لیڈروں نے پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہونے سے پہلے راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے کے ساتھ بھی میٹنگ کی۔ تاہم کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن کے شور شرابے کے بعد پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دی گئی۔
