کھٹمنڈو(ایچ ڈی نیوز)۔ نیپال میں پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی کے ابتدائی رجحانات میں نیپالی کانگریس کا اتحاد اکثریت کی جانب بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔ حکمراں اتحاد یا تو جیت گیا ہے یا اس کے امیدوار تقریباً 70 نشستوں پر آگے چل رہے ہیں۔
نیپال کی مرکزی اپوزیشن جماعت سی پی این- یو ایم ایل (کمیونسٹ پارٹی آف نیپال-یونیفائیڈ مارکسسٹ-لیننسٹ) نے اب تک دو سیٹیں جیتی ہیں اور وہ مزید 40 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔ این سی کی زیر قیادت اتحاد میں سی پی این- ماؤوادی سینٹر اور سی پی این- یونائیٹیڈ سوشلسٹ پارٹیاں شامل ہیں۔ نیپال کے سات صوبوں کی ایوان نمائندگان اور قانون ساز اسمبلیوں کے لیے اتوار کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ ووٹوں کی گنتی پیر سے شروع ہو گئی ہے۔ پارلیمنٹ کے 275 ارکان میں سے 165 کا انتخاب براہ راست ووٹنگ کے ذریعے کیا جائے گا جبکہ باقی 110 کا انتخاب متناسب انتخابی نظام کے ذریعے کیا جائے گا۔اسی طرح صوبائی اسمبلیوں کے کل 550 ارکان میں سے 330 کا براہ راست اور 220 کا انتخاب متناسب طور پر کیا جائے گا۔