کیرانہ، 23 جولائی (عظمت اللّٰہ خان): بینائی سے محروم شاہ پور کے رہائشی محمد معاذ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ اگر ارادے بلند ہوں تو کوئی بھی کمی منزل کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ معاذ نے ملک کی معروف درسگاہ دہلی یونیورسٹی کے انڈرگریجویٹ داخلہ امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے داخلہ حاصل کر لیا ہے۔
قبل ازیں بھی محمد معاذ نے سی بی ایس ای بارہویں کے امتحان میں نمایاں نمبرات حاصل کر کے اپنے تعلیمی سفر میں ایک روشن باب رقم کیا تھا۔ اس کے بعد وہ مسلسل مختلف جامعات کے داخلہ امتحانات کی تیاری میں مصروف رہا، جن میں جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی اور نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے امتحانات شامل ہیں۔ ان اداروں میں بھی اس کا مظاہرہ قابلِ ستائش رہا ہے اور داخلہ کے عمل جاری ہیں۔
محمد معاذ کا خواب آئی اے ایس افسر بننا ہے، تاکہ وہ دیگر معذور بچوں کی تعلیم کے لیے مؤثر کام کر سکے اور تعلیمی میدان میں ایک مثبت انقلاب لا سکے۔ اسے اپنی جدوجہد میں حوصلہ افزائی ڈاکٹر کرن چودھری (ڈی آئی او، شاملی)، ڈاکٹر تلک سنگھ (اینستھیٹسٹ، ضلعی اسپتال شاملی) اور انکور دعا (چیف ایڈیٹر، مظفر نگر بلیٹن) جیسے بااثر شخصیات سے ملی، جنہوں نے وقتاً فوقتاً معاذ کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی۔
محمد معاذ کی اس کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ علم اور حوصلے کی طاقت سے ہر ناممکن کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ وہ نہ صرف اپنے لیے نئی منزلوں کی طرف رواں دواں ہے بلکہ سماج کے لیے بھی ایک تحریک بن چکا ہے۔
