نومبر 12, 2026
Regional News علاقائی خبریںTop News

لکھنؤ میں ’’جشنِ زبیر انصاری‘‘ کا انعقاد، 25 کتابوں کی اشاعت پر شاعر کو مبارک باد

ادب لوگوں کو جوڑتا ہے اور سیاست توڑتی ہے: سرور نیپالی؛ ادبی و شعری خدمات کے اعتراف میں زبیر انصاری کو متعدد اعزازات سے نوازا گیا

لکھنؤ، 12 نومبر (ہماری دنیا نیوز): عالم کلاسز اور آل انڈیا مائنارٹیز فیڈریشن کے مشترکہ تعاون سے زود گو شاعر ڈاکٹر زبیر انصاری ایڈوکیٹ کی یومِ پیدائش اور ان کی 25 کتابوں کی اشاعت کی خوشی میں ہوٹل میزبان انٹرنیشنل، لاٹو ش روڈ، لکھنؤ میں ’’جشنِ زبیر انصاری‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ادبی تقریب میں لکھنؤ سمیت اطراف و اکناف سے بڑی تعداد میں شعراء، ادباء اور اہلِ ذوق نے شرکت کرکے شاعر کو ان کی ادبی خدمات اور کتابوں کی اشاعت پر مبارک باد پیش کی۔

تقریب کی صدارت ممتاز ادیب و صحافی احمد ابراہیم علوی نے کی، جبکہ ڈاکٹر سلطان شاکر ہاشمی اور اکرم انصاری مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ مہمانانِ اعزازی میں معروف صحافی و شاعر اور انجمن ارتقاء اردو ادب نیپال کے صدر مولانا زاہد آزاد جھنڈانگری، پرویز ملک زادہ اور معروف نیپالی شاعر سرور نیپالی شامل تھے۔ تقریب میں ہندوستان اور نیپال سے تعلق رکھنے والی ادبی شخصیات کی شرکت نے باہمی تہذیبی و ادبی ہم آہنگی کی خوب صورت مثال پیش کی۔

سرور نیپالی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادب لوگوں کو جوڑتا ہے، جبکہ سیاست توڑنے کا کام کرتی ہے۔ ان کے اشعار کو سامعین نے بے حد پسند کیا۔ مولانا زاہد آزاد جھنڈانگری نے اپنے خطاب میں کہا کہ سوشل میڈیا کے اس ترقی یافتہ دور میں مطالعہ اور تحریر کا رجحان کم ہوتا جا رہا ہے، لیکن ڈاکٹر زبیر انصاری نے جس کثرت سے کتابیں تصنیف کی ہیں، وہ ان کا منفرد ادبی کارنامہ ہے۔ آج کے دور میں اتنا لکھنا یقیناً غیر معمولی بات ہے۔

صدارتی خطاب میں احمد ابراہیم علوی نے کہا کہ جب شہرت اور مقبولیت کسی قلم کار کے قدم چومنے لگے اور لوگ اسے عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھنے لگیں تو اسے مزید احتیاط اور ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ کتابوں کی تعداد اور اشاعت سے زیادہ ان کے معیار پر توجہ دینا ضروری ہے۔

پروگرام کے ناظم شاعر و ادیب رضوان احمد فاروقی نے کہا کہ ڈاکٹر زبیر انصاری نے شاعری میں نئی راہیں تلاش کی ہیں اور نئے موضوعات کی ایک کہکشاں سجائی ہے۔ ان کی نگاہ تیزی سے بدلتے ہوئے حالات اور منظرنامے پر رہتی ہے۔ ڈاکٹر سلطان شاکر ہاشمی نے کہا کہ زبیر انصاری نے ’’اتوار‘‘ کو اپنی شاعری کا موضوع بناکر ایک نیا تجربہ کیا ہے، جس سے فکر کے نئے دروازے کھلے ہیں اور نئے لکھنے والوں کو بھی ایک نئی سمت ملی ہے۔ انہوں نے شاعر سے مزید بہتر تخلیقی کام کی امید ظاہر کی۔

ڈاکٹر سنجے مشرا شوق نے دلچسپ قصے، لطیفے اور چٹکلے سناتے ہوئے استاد اور شاگرد کے رشتے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ زبیر انصاری کو بزم آرائی، سخن سازی اور شاعر نوازی کا ہنر حاصل ہے اور وہ اپنے تعلقات کو نبھانا خوب جانتے ہیں۔

پرویز ملک زادہ نے کہا کہ جوشِ عقیدت میں کسی شخصیت کو اس قدر بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کرنا چاہیے کہ وہ ذوق و غالب سے بھی بڑا دکھائی دینے لگے اور اساتذہ کی روح شرمندہ ہو۔ تاہم انہوں نے ڈاکٹر زبیر انصاری کی غربا نوازی اور اقربا پروری کی کھل کر تعریف کی۔ مومن انصار سبھا کے صدر اکرم انصاری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زبیر انصاری کے اعزاز میں آئندہ ہونے والے ہر پروگرام میں مومن انصار سبھا کا ہر فرد ان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

اس موقع پر مسرور شاہ جہاں پوری اور ڈاکٹر خلیق الرحمٰن خلیق نے بھی دلچسپ گفتگو کی۔ مسرور شاہ جہاں پوری نے کہا کہ زبیر انصاری اپنے نام کی طرح بہادر اور دلیر ہیں، جبکہ ڈاکٹر خلیق الرحمٰن خلیق نے انہیں ایک ماسٹر پیس قرار دیا۔ حیدر علوی نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں زبیر انصاری کی جن خوبیوں کا ذکر کیا گیا، ان سے وہ خود بھی اب تک واقف نہیں تھے۔ شہاب الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ ہر طبقے کے لوگ زبیر انصاری کے شیدائی اور مداح ہیں، جبکہ خوشتر رحمانی نے شعری و ادبی محفلوں میں ان کے اہم کردار کو سراہا۔

تقریب کے دوران ڈاکٹر زبیر انصاری کو عباد شیخ اور ڈاکٹر رئیس خان کی جانب سے ’’آشنائے سخن ایوارڈ‘‘ پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ احمد ابراہیم علوی، ڈاکٹر سلطان شاکر ہاشمی، خوشتر رحمانی، ڈاکٹر جہاں آرا سلیم، سرور نیپالی سمیت مختلف شخصیات اور تنظیموں کی جانب سے انہیں اعزازات، اسناد اور تحائف سے نوازا گیا۔ اس موقع پر دہلی، خیرآباد، سیتاپور اور دیگر اضلاع سے بھی اہلِ ادب نے شرکت کی۔

تقریب میں منظوم کلام پیش کرنے والوں میں ضیا تقوی، شیدا صدیقی، طارق سخا، عرفان لکھنوی، نصیر احمد نصیر، سریواستوا باہم، عباد شیخ، وسیم جہانگیر آبادی، قمر سیتاپوری، عبداللہ ساحر، شہاب الدین ایڈوکیٹ، فرحان قیصر، ثروت جمال، یحییٰ سندیلوی، اشعر علیگ، عارف علی انصاری، رئیس انصاری، رافع خان، ڈاکٹر ثروت تقی، پپلو لکھنوی، جاوید احمد اور قسیم تابش اسما کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ بعد ازاں مشاعرے کا باقاعدہ آغاز ہوا، جس میں شعراء نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ محفل رات گئے تک شعری ذوق و شوق اور داد و تحسین سے گونجتی رہی۔

Related posts

گیانیش کمار کے خلاف کانگریس کا بڑا قدم، دہلی پولیس نے کیوں روک دیا پروگرام؟ امت شاہ اور مودی کی رہائش گاہ تک پہنچا معاملہ !

Hamari Duniya News

انہدام سے قبل قانون کی پابندی اور متاثرین کو سماعت کا مکمل موقع دینا ضروری: راجستھان ہائی کورٹ

Hamari Duniya News

’’لڑکیوں کی آواز اب دبائی نہیں جا سکتی، اب لڑکیاں بولیں گی اور ملک سنے گا‘‘: راہل گاندھی

Hamari Duniya News