چنڈی گڑھ ، 28 اپریل (ایچ ڈی نیوز)۔
ہریانہ پولیس نے ہریانہ کے نوح ضلع میں پھیل رہے سائبر کرائم کے خلاف ایک بڑی مہم چلاتے ہوئے تیزی سے کارروائی کی ہے۔ جمعرات کی رات دیر گئے ضلع کے 14 گاوں میں چھاپے مار کر پولیس اہلکاروں اور افسران کی پانچ سے زیادہ ٹیموں نے 125 سے زیادہ ہیکرز یا سائبر مجرموں کو حراست میں لیا ہے۔ ان کے پاس سے مختلف بینکوں کے کئی اے ٹی ایم ، اسمارٹ فون ، لیپ ٹاپ ، آدھار کارڈ اور اے ٹی ایم سویپ مشینوں کے ساتھ دیگر اشیاءبرآمد ہوئی ہیں۔ ان تمام مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے جمعہ کو بتایا کہ گزشتہ چند دنوں میں پولیس کو ضلع نوح کے مختلف علاقوں میں سائبر فراڈ سے متعلق معلومات موصول ہوئی ہیں۔ ایک کمرے میں بیٹھے کچھ لوگ دوسروں کے بینک اکاو¿نٹس خالی کر رہے تھے۔ ان پٹس کی بنیاد پر سائبر کرائم کے ہاٹ اسپاٹ ایریاز کی نشاندہی کی گئی۔ اس کے بعد سائبر ٹھگوں کے خلاف کارروائی کے لیے مختلف اضلاع سے تشکیل دی گئی 102 پولیس ٹیموں نے بیک وقت پنہانہ ، پنانگوا ، فیروز پور جھرکہ ، بیچور کے علاقے کے 14 شناخت شدہ دیہاتوں میں چھاپے مارے۔ اس کارروائی میں ایک ایس پی ، چھ ایڈیشنل ایس پیز ، ہریانہ پولیس کے 14 ڈی ایس پیز سمیت بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔
ہریانہ کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس پرشانت کمار اگروال کی ہدایات پر ڈی آئی جی ایس ٹی ایف سمردیپ سنگھ اور ایس پی نوح ورون سنگلا نے جامع کارروائی کرتے ہوئے اس پورے آپریشن کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا۔ ایس پی نوح ورون سنگلا نے بتایا کہ بھونڈی میں 4 اپریل سے 8 اپریل تک ہونے والے سائبر ٹریننگ پروگرام کے بعد پولیس کو ملنے والی خفیہ اطلاع کے بعد ہی نوح میں سائبر ٹھگوں کے خلاف کریک ڈاو¿ن کرنے کے لیے اس خصوصی آپریشن کا خاکہ تیار کیا گیا۔
جعلی سم ، اے ٹی ایم ، اسمارٹ فون ، لیپ ٹاپ بڑی مقدار میں برآمد
گرفتار ملزمان سے کل 66 اسمارٹ فون ، 65 جعلی سم ، 166 آدھار کارڈ ، 3 لیپ ٹاپ ، مختلف بینکوں کے 128 اے ٹی ایم کارڈ ، 2 اے ٹی ایم سوائپ مشین ، 1 اے ای پی ایس مشین ، 6 سکینر ، 5 پین کارڈ برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ملزمان سے سات دیسی ساختہ پستول ، دو کارتوس ، دو کاریں ، چار ٹریکٹر ٹرالیاں ، بائیس موٹر سائیکلیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے سائبر اور دیگر جرائم میں ملوث 69 ملزمان کو ٹارگٹ کیا اور چھاپے مارے۔
