لکھنؤ:15جولائی(ایچ ڈی نیوز)اتر پردیش کے مدرسہ بورڈ سے منسلک مدارس کے لیے سرکار نے نیا فرمان جاری کیا ہے وہیں مسلم نوجوانوں کو روز گار سے جوڈنے کی ایک نئی پہل شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔کہا گیا ہے کہ بے روزگار مسلم نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے اب ریاست کے امداد یافتہ اور تسلیم شدہ مدارس میں جاب میلے منعقد کیے جائیں گے۔ ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود دانش آزاد انصاری نے بتایا کہ مدارس میں روزگار میلوں کا انعقاد یوم آزادی کے موقع پر 15 اگست سے ہوگا۔ دانش آزاد نے کل نئی دہلی میں مرکزی اقلیتی بہبود کے وزیر کرن رجوجو سے ملاقات کی تھی۔ دونوں کے درمیان اتر پردیش میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے چل رہی مختلف اسکیموں کی موجودہ پیش رفت اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوا۔ دانش آزاد نے کہا کہ ریاست کے سبسڈی یافتہ اور تسلیم شدہ مدارس میں زیر تعلیم مسلم طلبہ کو ان کی تعلیمی اور تکنیکی قابلیت کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔