نومبر 11, 2026
Regional News علاقائی خبریںTop News

ضلعی جمعیت اہل حدیث بلرام پور کی جانب سے شاندار تقریبِ اعترافِ خدمات ایوارڈ 2026 کا کامیاب انعقاد

تین نشستوں پر مشتمل پروگرام میں اساتذہ کی تربیت، مسابقۂ حفظِ قرآن اور علمی، تدریسی، سماجی و رفاہی خدمات انجام دینے والی 28 شخصیات کی حوصلہ افزائی کی گئی
بلرام پور،11 نومبر(محمد ظفر عبدالرؤف محمدی): ضلعی جمعیت اہل حدیث بلرام پور کے زیرِ اہتمام 11 نومبر بروز بدھ تین نشستوں پر مشتمل ایک عظیم الشان پروگرام منعقد ہوا، جس میں اساتذۂ کرام کے لیے تربیتی کیمپ، حفاظِ قرآن کے مابین انعامی مسابقہ اور علمی، تدریسی، رفاہی و سماجی خدمات انجام دینے والی ممتاز شخصیات کے اعزاز میں تقریبِ اعترافِ خدمات ایوارڈ 2026 کا اہتمام کیا گیا۔ یہ پروگرام اپنی نوعیت، نظم و نسق اور علمی و دعوتی افادیت کے اعتبار سے نہایت کامیاب اور یادگار ثابت ہوا۔
پہلی نشست: ٹیچر ٹریننگ کیمپ
پروگرام کی پہلی نشست اساتذۂ کرام کے لیے خصوصی تربیتی کیمپ پر مشتمل تھی۔ اس نشست کی صدارت معروف عالمِ دین فضیلۃ الشیخ صلاح الدین مقبول احمد مدنی حفظہ اللہ کو کرنی تھی، تاہم ان کی عدم موجودگی میں یہ ذمہ داری استاد الاساتذہ شیخ ابوالعاص وحیدی حفظہ اللہ نے انجام دی، جب کہ نظامت کے فرائض شیخ عطاء الرحمن سعیدی مدنی نے بحسن و خوبی ادا کیے۔
نشست کا آغاز فضیلۃ الشیخ زبیر احمد عبدالمعبود مدنی، ناظمِ اعلیٰ ضلعی جمعیت اہل حدیث بلرام پور کے خطاب سے ہوا۔ انہوں نے ایک کامیاب معلم کی بنیادی صفات، اخلاق و کردار، اخلاص و محنت، طلبہ کے ساتھ حسنِ سلوک اور تدریسی ذمہ داریوں پر جامع گفتگو کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ معلم کا منصب محض کتاب پڑھانے تک محدود نہیں، بلکہ وہ نسلوں کی تعمیر، ذہن سازی اور کردار سازی کا اہم فریضہ بھی انجام دیتا ہے۔ اپنے استقبالیہ کلمات میں انہوں نے جمعیت کے اغراض و مقاصد، موجودہ حالات، جمعیت کی سرگرمیوں اور کارکردگی کا تعارف پیش کیا اور مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا۔
اس کے بعد شیخ حبیب الرحمن سلفی حفظہ اللہ نے ناظرۂ قرآن کریم کی تدریس کے آداب اور اس کے مؤثر طریقۂ کار پر روشنی ڈالی۔ شیخ ثناء اللہ سلفی نے مکاتب کے تعلیمی انحطاط، اس کے اسباب اور اساتذۂ کرام کے مقام و مرتبے پر مدلل گفتگو کی۔ شیخ اشتیاق احمد رئیس احمد مدنی نے اپنے تجربات و مشاہدات کی روشنی میں موجودہ حالات، علم کی اہمیت اور اس کے فروغ کے حوالے سے پُراثر خطاب کیا، جب کہ عصری علوم کی تدریس کے مؤثر طریقوں پر ماسٹر سکندر صاحب نے تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔


دوسری نشست: حفاظِ قرآن کا انعامی مسابقہ
پروگرام کی دوسری نشست میں ضلع بلرام پور کے حفاظِ قرآن کے مابین انعامی مسابقے کا انعقاد کیا گیا، جسے حفظ کے اعتبار سے تین زمروں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ مسابقے میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو نقد انعامات، اسناد، بیگ اور قیمتی کتابوں سے نوازا گیا۔
زمرہ اوّل: مکمل قرآن کریم
پہلی پوزیشن: شقران دانش بن ابوالکلام 8,000 روپے نقد، بیگ اور کتابیں۔
دوسری پوزیشن۔ ابوالفیض عبید الرحمن 6,000 روپے نقد، بیگ اور کتابیں
تیسری پوزیشن:حامد شبیر بن شبیر احمد 4,000 روپے نقد، بیگ، سند اور کتابیں۔
زمرہ دوم: بیس پارے
پہلی پوزیشن۔ محمد زید بن ریاض احمد 7,000 روپے نقد، سند، بیگ اور کتابیں۔
دوسری پوزیشن: عبدالخالق بن محمد اسماعیل 5,000 روپے نقد، سند، بیگ اور کتابیں
تیسری پوزیشن عاقب فیروز 3,000 روپے نقد، سند، بیگ اور کتابیں۔
زمرہ سوم: دس پارے
پہلی پوزیشن محمد فیضان بن محمد اجمل 5,000 روپے نقد اور دیگر انعامات ۔
دوسری پوزیشن محمد عدنان بن محمد ہاشم اور غفران بن سمیع اللہ
دونوں کو 3,000، 3,000 روپے نقد اور دیگر انعامات۔
تیسری پوزیشن۔ سید کمال بن نور الہدیٰ اور محمد ارسلان بن اشتیاق احمد دونوں کو 2,000، 2,000 روپے نقد اور دیگر انعامات سے نوازا گیا۔
اس مسابقے کا مقصد حفاظِ کرام کی حوصلہ افزائی، حفظِ قرآن کے ذوق کو پروان چڑھانا اور نئی نسل کو کتابِ الٰہی سے مضبوط تعلق قائم رکھنے کی ترغیب دینا تھا۔
تیسری نشست: تقریبِ اعترافِ خدمات ایوارڈ 2026
نمازِ ظہر اور طعام کے وقفے کے بعد پروگرام کی تیسری اور اہم ترین نشست، تقریبِ اعترافِ خدمات ایوارڈ 2026، منعقد ہوئی۔ واضح رہے کہ ضلعی جمعیت اہل حدیث بلرام پور کی جانب سے یہ تیسری تقریبِ اعترافِ خدمات تھی۔ اس موقع پر ضلع بلرام پور میں علمی، تدریسی، دعوتی، رفاہی اور سماجی میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اعزازات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر درج ذیل معزز شخصیات کو ایوارڈ، سندِ اعزاز، صدری، بیگ اور دیگر تحائف پیش کیے گئے۔
ڈاکٹر وسیم محمدی مدنی، شیخ ثناء اللہ سلفی، شیخ شبیر احمد نذیر احمد مدنی، شیخ اشتیاق احمد رئیس مدنی، زبیر احمد عبدالمعبود مدنی، حافظ عبدالمالک، حبیب اللہ سلفی، پرویز عالم عبدالحلیم مدنی، عبدالرحمن سلفی، منہاج الدین مدنی، قسیم احمد سلفی، ذبیح اللہ حقیق اللہ مدنی، عبدالقیوم ندوی، عبداللطیف سلفی، انعام اللہ سلفی، ایڈوکیٹ شفیق اختر خان، ڈاکٹر محمد عامر خان، حافظ محمد اکرام ندوی، عبدالعزیز سلفی، اسرار الحق عبید اللہ مدنی، عبدالتواب عمری، نور الحسن داؤد حسن مدنی
الحاج محمد رفیق، صلاح الدین ضیاء اللہ محمدی مدنی، عبدالسلام شاہ محمد خان محمدی، عزیز الدین مقبول احمد سنابلی، کلیم احمد حقیق اللہ سلفی، نذیر احمد شمس الضحیٰ ندوی، محمد افضل محمد اجمل سلفی۔ اس موقع پر موجود معزز مہمانانِ گرامی کو بھی اسناد اور تحائف پیش کرکے ان کی تشریف آوری پر اظہارِ تشکر کیا گیا۔


پروگرام میں شہر تلسی پور اور اس کے قرب و جوار سے تعلق رکھنے والے معزز علما، دانش وروں، سماجی شخصیات اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکائے پروگرام نے اس علمی، تربیتی اور حوصلہ افزا اجتماع کو سراہتے ہوئے جمعیت کی اس کاوش کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ پروگرام کے کنوینرعقیل احمد خان کی شبانہ روز محنت، حسنِ انتظام اور مخلصانہ جدوجہد نے اس پروگرام کو نہ صرف کامیابی سے ہم کنار کیا، بلکہ اسے ایک یادگار اور تاریخ ساز اجتماع کی شکل دے دی۔
آخر میں صدرِ محترم کی ہدایت کے مطابق پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔ اس طرح ضلعی جمعیت اہل حدیث بلرام پور کی یہ تین نشستوں پر مشتمل تقریب علمی و دعوتی سرگرمیوں کے فروغ، حفاظِ قرآن کی حوصلہ افزائی اور خدمتِ خلق میں مصروف شخصیات کی قدردانی کا ایک قابلِ قدر نمونہ بن کر اختتام پذیر ہوئی۔

Related posts

یو جی سی کے نئے متنازعہ قوانین پر سپریم کورٹ نے لگائی پابندی، ایس سی ایس ٹی اور دلتوں میں ناراضگی

Hamari Duniya News

کانگریس کے دور میں بینک بنتے تھے، مودی حکومت کے دور میں فروخت ہو رہے ہیں: راہل گاندھی

Hamari Duniya News

اردو صحافت چمک دمک کے بجائے قومی شعور کی بیداری کا آئینہ دار ہے: لئیق رضوی

Hamari Duniya News