نومبر 11, 2026
Health صحتTop News

کیا واقعی 10 سال میں کینسر کا خاتمہ ممکن ہے؟ اینتھروپک کے سربراہ کے دعوے نے چھیڑ دی نئی بحث

نئی دہلی، 11 نومبر (ہماری دنیا نیوز)۔ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے تیزی سے بڑھتے ہوئے استعمال نے طبی سائنس کے مستقبل کے حوالے سے نئی امیدیں پیدا کردی ہیں۔ اسی تناظر میں مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اینتھروپک (Anthropic) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاریو اموڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ دس سال سے بھی کم عرصے میں کینسر، الزائمر، دل کی بیماریوں اور ذہنی امراض جیسے سنگین مسائل پر قابو پانے میں نمایاں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔

ڈاریو اموڈی کے مطابق مصنوعی ذہانت طبی تحقیق کے طریقہ کار کو بنیادی طور پر تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے بیماریوں کی وجوہات کو سمجھنے، نئی ادویات تیار کرنے اور علاج کے مؤثر طریقے تلاش کرنے کے عمل میں غیر معمولی تیزی لائی جاسکتی ہے۔ ان کا خیال ہے کہ اے آئی ان طبی چیلنجز کے حل میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے جن پر سائنس دان کئی دہائیوں سے تحقیق کررہے ہیں۔

اموڈی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کو طب اور بایوٹیکنالوجی کے شعبوں میں استعمال کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر کوششیں جاری ہیں۔ تاہم ان امید افزا پیش گوئیوں کے باوجود طبی حلقوں میں اس بات پر اتفاق نہیں ہے کہ تمام بڑی بیماریوں پر اتنی مختصر مدت میں قابو پانا ممکن ہوگا۔

گوگل کے اے آئی سربراہ بھی ظاہر کر چکے ہیں امید

گوگل کے مصنوعی ذہانت سے وابستہ سربراہ ڈیماس ہسابیس اور ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک بھی اس ٹیکنالوجی کے ذریعے طبی سائنس میں انقلابی تبدیلیوں کی امید ظاہر کرچکے ہیں۔

ڈیماس ہسابیس کے مطابق مصنوعی ذہانت ادویات کی تیاری کے روایتی دس سالہ عمل کو چند ہفتوں تک محدود کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ انہوں نے گوگل کے تحقیقی نظام الفا فولڈ (AlphaFold) کو اس سلسلے میں ایک اہم مثال قرار دیا ہے، جس نے 20 کروڑ سے زائد پروٹین ساختوں کی پیش گوئی کرکے حیاتیاتی تحقیق کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔

یہ کامیابی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ مصنوعی ذہانت پیچیدہ حیاتیاتی معلومات کا تجزیہ کرکے سائنسی تحقیق کو نئی سمت دے سکتی ہے۔

دوا ساز کمپنی کے سربراہ نے پیش گوئیوں کو غیر حقیقی قرار دے دیا

دوسری جانب طبی ماہرین اور دوا ساز کمپنیوں کے بعض سربراہان ان دعوؤں کو حقیقت سے دور قرار دے رہے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ورٹیکس فارماسیوٹیکلز کے چیئرمین جیف لیڈن نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے مختصر مدت میں نئی ادویات تیار کرنے کی پیش گوئیوں پر سوال اٹھائے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی نے تقریباً 50 مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں کے نظاموں کا تجربہ کیا اور ان کے ذریعے 10 ہزار ادویاتی مرکبات کا جائزہ لیا، لیکن کوئی بھی نظام خودمختار طور پر ایسی مؤثر دوا تیار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا جسے براہ راست علاج کے لیے استعمال کیا جاسکے۔

ماہرین کے مطابق کمپیوٹر کے ذریعے کسی ممکنہ دوا یا کیمیائی مرکب کی شناخت کرنا تحقیق کا صرف ابتدائی مرحلہ ہے۔ اس کے بعد تجربہ گاہوں میں تحقیق، جانوروں پر آزمائش، انسانوں پر مختلف مراحل میں کلینیکل ٹرائلز اور متعلقہ سرکاری اداروں سے منظوری حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ادویات کی تیاری اور منظوری کا یہ پورا عمل عموماً 10 سے 12 سال تک جاری رہ سکتا ہے۔

طبی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ موجودہ مصنوعی ذہانت کے نظام انسانی جسم، بیماریوں اور ان کے پیچیدہ حیاتیاتی عوامل کو مکمل طور پر سمجھنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ اس لیے اے آئی کی مدد سے کسی دوا کی تیاری کا امکان پیدا ہونا اور اس دوا کا انسانوں کے لیے محفوظ اور مؤثر ثابت ہونا دو الگ الگ مراحل ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ماضی میں بھی کینسر سمیت کئی سنگین بیماریوں کے مکمل خاتمے کے بڑے دعوے کیے جاتے رہے ہیں، لیکن ان میں سے بیشتر مقررہ مدت میں حقیقت کا روپ نہیں دھار سکے۔ ایسے میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے چند برسوں میں تمام بڑی بیماریوں پر قابو پانے کی پیش گوئیوں کو سائنسی شواہد کی روشنی میں دیکھنا ضروری ہے۔

بلاشبہ مصنوعی ذہانت طبی تحقیق، بیماریوں کی تشخیص اور نئی ادویات کی تیاری میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، لیکن کینسر اور دیگر پیچیدہ بیماریوں کے مکمل خاتمے کے لیے ابھی مزید تحقیق اور طبی آزمائشوں کی ضرورت باقی ہے۔

Related posts

تیسری عالمی جنگ کا آغاز! امریکا اور اسرائیل کے اچانک پرایران پر حملے خامنہ ای کے کمپاونڈ کو بنایا گیا نشانہ،ایران کا جوابی حملے کا اعلان

Hamari Duniya News

نیتن یاہو کے وزیراعظم بننے کی راہ میں روڑا بنی’رام‘، عرب جماعتوں کا اتحاد بادشاہ گر بن کر ابھرا

Hamari Duniya News

مودی اور شاہ جب تک استعفیٰ نہیں دیتے چین سے سونے نہیں دوں گا:راہل گاندھی

Hamari Duniya News