نومبر 11, 2026
International بین الاقوامی خبریںTop News

ایران میں اسکول پر امریکی حملے کا معاملہ، پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی کوشش کس نے ناکام بنا دی؟

ٹرمپ نے ہیگسیتھ کا دفاع کرتے ہوئے تحریک لانے والے ریپبلکن رکن کو نشانہ بنایا

واشنگٹن، 11 نومبر (ہماری دنیا نیوز)۔ امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی کوشش ایوان نمائندگان میں ناکام ہوگئی۔ امریکی ایوان نمائندگان نے مواخذے کی تحریک کو 204 کے مقابلے میں 211 ووٹوں سے مسترد کردیا۔ یہ تحریک صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنی ریپبلکن پارٹی کے رکن کانگریس تھامس میسی نے پیش کی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹ ہیگسیتھ پر ایران کے شہر میناب میں ایک اسکول پر امریکی حملے کے دوران بچوں اور دیگر بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں کے حوالے سے سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے۔ مواخذے کی تحریک میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسکول کو مسلسل تین ٹاما ہاک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 120 بچے، 26 اساتذہ، 7 والدین، ایک بس ڈرائیور اور چھ ماہ کی حاملہ خاتون ٹیچر ہلاک ہوئیں۔

تحریک میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیر جنگ نے امریکی آئین کی خلاف ورزی کی اور اپنے سرکاری عہدے کا غلط استعمال کیا۔ اسی بنیاد پر ان کے خلاف مواخذے اور عہدے سے برطرفی کی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم ایوان نمائندگان میں مطلوبہ حمایت حاصل نہ ہونے کے باعث یہ کوشش کامیاب نہیں ہوسکی۔

دوسری جانب پیٹ ہیگسیتھ نے پینٹاگون میں پریس بریفنگ کے دوران مواخذے کی کوشش کو محض ایک سیاسی تماشا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی تاریخ میں فوجی آپریشن کے دوران کسی وزیر جنگ کو اس طرح معزول نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اپنے خلاف مواخذے کی کوشش پر تنقید کرتے ہوئے اسے غیر سنجیدہ قرار دیا۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے وزیر جنگ کا بھرپور دفاع کیا۔ انہوں نے مواخذے کا مطالبہ کرنے والے ریپبلکن رکن کانگریس تھامس میسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ناکام اور بیمار ذہنیت کا حامل شخص قرار دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ پیٹ ہیگسیتھ نے دو جنگوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور وینزویلا و ایران میں امریکی فوجی کارروائیوں کو بھی کامیابی کے ساتھ سنبھالا ہے۔ صدر نے اپنے وزیر جنگ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے خلاف مواخذے کی کوشش پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

اس طرح ریپبلکن پارٹی کے اندر سے ہی اٹھنے والی مواخذے کی تحریک ایوان نمائندگان میں ناکام ہوگئی اور پیٹ ہیگسیتھ فی الحال اپنے عہدے پر برقرار ہیں۔

Related posts

ایک مائیکرو بک سافٹ ویئر کا شاندار افتتاح

Hamari Duniya News

Supreme Court :سپریم کورٹ نے چھتیس گڑھ میں درختوں کی کٹائی پر پابندی لگائی، ریاستی حکومت کو نوٹس جاری

Hamari Duniya News

سر سید احمد خان نے تعلیم اور ہندو مسلم اتحاد کا پیغام دیا: کانگریس دفتر میں پارٹی رہنماؤں کا خراجِ عقیدت

Hamari Duniya News