نومبر 11, 2026
Regional News علاقائی خبریںTop News

مجوزہ یکساں سول کوڈ کے خلاف ممبرا میں علماء و ائمۂ مساجد کی اہم مشاورتی نشست

یکساں سول کوڈ

یکساں سول کوڈ کسی بھی حال میں منظور نہیں، یہ مذہبی آزادی اور آئینِ ہند کی روح کے منافی ہے: حضرت معین میاں

عوام اپنی رائے اور احتجاج حکومت تک پہنچانے کے لیے رضا اکیڈمی کے پورٹل، کیو آر کوڈ اور دستخطی مہم میں بھرپور حصہ لیں: الحاج محمد سعید نوری

ممبرا،تھانہ:11/نومبر :مجوزہ یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کے نفاذ کے حوالے سے ملتِ اسلامیہ کی شرعی رہنمائی، دینی تشویشات اور آئینی و قانونی پہلوؤں پر غور و خوض کے لیے 10 نومبر بروز منگل بعد نمازِ مغرب دارالعلوم اشرفیہ غریب نواز، اشرف نگر، بمبئی کالونی، ممبرا میں علماء کرام، ائمۂ مساجد اور ملی و سماجی ذمہ داران کی ایک اہم مشاورتی نشست منعقد ہوئی، جس میں ممبرا، کوسہ، تھانہ اور اطراف کے علاقوں سے بڑی تعداد میں علماء و ائمہ نے شرکت کی۔
نشست کی صدارت آل رسول پیرِ طریقت، معینِ قوم و ملت حضرت علامہ سید شاہ معین الدین اشرف المعروف معین میاں الاشرفی الجیلانی، سجادہ نشین آستانہ عالیہ درگاہ کچھوچھہ مقدسہ و صدر آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء نے فرمائی، جبکہ قیادت اسیرِ مفتیٔ اعظم الحاج محمد سعید نوری ، بانی رضا اکیڈمی نے کی۔
اس موقع پر حضرت معین میاں نے مجوزہ یکساں سول کوڈ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ یکساں سول کوڈ کسی بھی حال میں منظور نہیں، کیونکہ یہ مسلمانوں کی مذہبی آزادی کے ساتھ آئینِ ہند کی روح کے بھی منافی ہے۔ ہندوستان مختلف مذاہب، تہذیبوں اور روایات کا ملک ہے، جہاں ہر مذہب کے ماننے والوں کو اپنے مذہبی اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے کا آئینی حق حاصل ہے۔ مسلمانوں کے عائلی اور شرعی معاملات ان کے دینی تشخص کا اہم حصہ ہیں، اس لیے ان معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت قابلِ قبول نہیں ہوسکتی۔
حضرت معین میاں نے حکومت کی جانب سے مجوزہ یکساں سول کوڈ کے تعلق سے عوامی تجاویز اور آراء پیش کرنے کے لیے 15 نومبر کی آخری تاریخ مقرر کیے جانے پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اتنے مختصر وقت میں عوام تک اس قانون کے تمام پہلوؤں کی معلومات پہنچانا اور پھر ان سے باقاعدہ رائے حاصل کرنا ممکن نہیں ہے۔ لہٰذا حکومت سے مطالبہ کیا جانا چاہیے کہ عوامی آراء پیش کرنے کی مدت میں توسیع کرتے ہوئے کم از کم 100 دن کا وقت دیا جائے، تاکہ ملک کے تمام شہری اس معاملے کو اچھی طرح سمجھ کر اپنی رائے پیش کرسکیں۔
انہوں نے علماء کرام، ائمۂ مساجد اور ملی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس اہم معاملے میں خاموش نہ رہیں بلکہ عوام میں بیداری پیدا کریں اور اتحاد و اتفاق کے ساتھ اپنا موقف جمہوری اور آئینی طریقے سے حکومت تک پہنچائیں۔
بانی رضا اکیڈمی الحاج محمد سعید نوری نے اپنی تفصیلی گفتگو میں مجوزہ یکساں سول کوڈ کے خلاف رضا اکیڈمی کی جانب سے جاری عوامی بیداری مہم اور عملی اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کا احتجاج اور ان کی آراء حکومت تک پہنچانے کے لیے رضا اکیڈمی کی جانب سے ایک خصوصی آن لائن پورٹل تیار کیا گیا ہے، جس کے لیے کیو آر کوڈ بھی جاری کیا گیا ہے۔ اس کی مدد سے عام شہری اپنے موبائل فون کے ذریعے آسانی کے ساتھ پورٹل تک پہنچ کر مجوزہ یکساں سول کوڈ کے خلاف اپنی رائے اور اعتراضات درج کرا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء اور رضا اکیڈمی کی جانب سے حکومت کے سوالات کے جواب میں ایک باقاعدہ جوابی مسودہ (Draft) بھی تیار کیا گیا ہے، جس میں ان نکات کی نشاندہی کی گئی ہے جن پر عوام اپنی عدمِ تائید درج کراسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ عوامی بیداری پیدا کرنے اور اجتماعی طور پر اپنے موقف کا اظہار کرنے کے لیے دستخطی مہم بھی چلائی جارہی ہے۔
الحاج محمد سعید نوری نے مسلمانوں سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مہم کو سنجیدگی سے لیں، رضا اکیڈمی کی جانب سے جاری کردہ کیو آر کوڈ اسکین کرکے پورٹل کے ذریعے اپنی رائے اور احتجاج حکومت تک ضرور پہنچائیں اور دستخطی مہم میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، تاکہ ملت کا موقف جمہوری، قانونی اور آئینی دائرے میں مؤثر انداز سے پیش کیا جاسکے۔
مشاورتی نشست میں علماء کرام اور ائمۂ مساجد نے بھی مجوزہ یکساں سول کوڈ کے مختلف پہلوؤں پر اپنی آراء، تجاویز اور تحفظات پیش کیے۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ نکاح، طلاق، وراثت، وصیت اور دیگر عائلی معاملات مسلمانوں کے شرعی احکام سے وابستہ ہیں، اس لیے ان معاملات کے حوالے سے ملت کے اجتماعی موقف کو پوری سنجیدگی کے ساتھ پیش کرنے کی ضرورت ہے۔
اس اہم نشست میں حضرت علامہ مفتی ابراہیم آسی، مفتی توکیل احمد شمسی، مولانا محفوظ الرحمن علیمی، مولانا اعجاز کشمیری، مولانا عباس رضوی، مولانا ظفر رضوی، مولانا قاری سجاد مصباحی، مولانا عبد الرحیم اشرفی، مولانا ارشد مصباحی، مولانا نثار دیناجپوری، مولانا نزرالاسلام، حافظ رونق عالم، حافظ سکندر، مولانا حسن منظر، مولانا الیاس قادری، مولانا سعید الرحمن نوری، مولانا مطیع الرحمن، مولانا مظہر البار، حافظ مقیم، حافظ مختار عالم، ڈاکٹر اسلم خان اشرفی، عبدالغفار سپاری والا اشرفی اور معین الحق خان اشرفی سمیت خیر خواہی فاؤنڈیشن اور غلامانِ اہلِ بیت فاؤنڈیشن کے اراکین اور دیگر ملی و سماجی شخصیات موجود تھیں۔
نشست کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ملت کے دینی، شرعی اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے علماء کرام، ائمۂ مساجد اور ملی تنظیمیں باہمی اتحاد و اتفاق کے ساتھ اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کرتی رہیں گی۔ شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مجوزہ یکساں سول کوڈ کے حوالے سے عوامی بیداری مہم کو مزید وسیع کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو حکومت کے سامنے اپنی آراء اور اعتراضات درج کرانے کی ترغیب دی جائے۔
اس طرح ممبرا کی یہ مشاورتی نشست مجوزہ یکساں سول کوڈ کے حوالے سے علماء و ائمہ کی اجتماعی مشاورت، عوامی بیداری اور آئینی و جمہوری طریقے سے اپنا موقف پیش کرنے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

Related posts

مایاوتی نے بھتیجے آکاش آنند کو بی ایس پی سے پھر نکالا، خاندان کو پارٹی سے زیادہ ترجیح دینے کا الزام

Hamari Duniya News

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے امریکی صدر ٹرمپ کو کیوں کہا احمق،ٹرمپ نے ایسا کیا کہہ دیا کہ بھڑک اٹھے فرانسیسی صدر؟

Hamari Duniya News

جالنہ میں’21ویں صدی کا خواتین ادب‘ پر ایک روزہ قومی کانفرنس کا شاندار انعقاد

Hamari Duniya News