نومبر 12, 2026
International بین الاقوامی خبریںTop News

اینویڈیا کے سی ای او نے تمام عہدوں سے دیا استعفیٰ، چین سے مبینہ جاسوسی اور ذاتی زندگی سے متعلق تنازعات بنی اصل وجہ

نئی دہلی، 12 نومبر (ہماری دنیا نیوز): دنیا کی معروف امریکی چِپ ساز کمپنی اینویڈیا (NVIDIA) میں اچانک قیادت کی تبدیلی نے ٹیکنالوجی اور عالمی کاروباری حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ کمپنی کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ نے صدر، سی ای او اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی رکنیت سمیت اپنے تمام عہدوں سے فوری طور پر استعفیٰ دے دیا ہے۔ کمپنی کے بورڈ نے چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) کولیٹ کریس کو عبوری سی ای او مقرر کیا ہے، جبکہ مستقل جانشین کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

اینویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اعلان کے مطابق کولیٹ کریس عبوری سی ای او کی ذمہ داری سنبھالنے کے ساتھ سی ایف او کا عہدہ بھی برقرار رکھیں گی۔ بورڈ نے ہاروی سی جونز کو کمپنی کا پہلا چیئرمین بھی مقرر کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ مستقل سی ای او کے انتخاب کے لیے اندرونی اور بیرونی دونوں امیدواروں پر غور کیا جائے گا۔

استعفیٰ کی وجہ کیا بنی؟

جینسن ہوانگ کے استعفے سے قبل ان کی ذاتی زندگی اور مبینہ غیر ملکی انٹیلی جنس روابط سے متعلق رپورٹس نے کمپنی کو شدید دباؤ میں ڈال دیا تھا۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہوانگ کے ایک چینی کاروباری خاتون ایلس ہوانگ سے قریبی تعلقات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ ایلس ہوانگ سنگاپور کی کمپنی میگاسپیڈ انٹرنیشنل کی سابق ایگزیکٹو رہ چکی ہیں اور امریکی حکام کو شبہ ہے کہ ان کے چین کی انٹیلی جنس سے روابط تھے۔

اس معاملے نے اس وقت مزید سنگینی اختیار کرلی جب امریکی میڈیا میں اینویڈیا کی ایک خاتون ملازمہ کے ساتھ بھی ہوانگ کے مبینہ تعلقات کی خبر سامنے آئی۔ بتایا گیا کہ وہ ملازمہ کمپنی میں ان کے ماتحت کام کرتی تھیں۔ ان خبروں کے بعد کمپنی کے بورڈ نے 8 نومبر کو آزادانہ تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اینویڈیا نے تحقیقات کے اعلان کے وقت کہا تھا کہ بورڈ کے پاس فی الحال ایسا کوئی ثبوت نہیں ہے جس سے یہ ظاہر ہو کہ کمپنی کے راز یا امریکی قومی سلامتی سے متعلق معلومات متاثر ہوئی ہیں۔ تحقیقات کے لیے آزاد ڈائریکٹرز کی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس کی معاونت بیرونی قانونی ماہرین کررہے تھے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جینسن ہوانگ پر کسی مجرمانہ سرگرمی کا الزام عائد نہیں کیا گیا تھا اور ایلس ہوانگ سے متعلق جاسوسی کے دعووں کی آزادانہ تصدیق بھی نہیں ہوسکی تھی۔

حصص کی قیمت میں بھاری گراوٹ

جینسن ہوانگ کے استعفے کی خبر سامنے آتے ہی امریکی اسٹاک مارکیٹ میں اینویڈیا کے حصص دباؤ میں آگئے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جمعرات کو مارکیٹ کھلنے پر کمپنی کے حصص میں تقریباً 14 فیصد تک گراوٹ ریکارڈ کی گئی، تاہم بعد میں نقصان کم ہوا اور صبح کے وسط تک حصص تقریباً 4.2 فیصد نیچے تھے۔ اس پیش رفت نے مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کی تشویش بڑھا دی۔

چین نے جاسوسی کے بیانیے کو مسترد کردیا

دوسری جانب چین نے جینسن ہوانگ سے متعلق جاسوسی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے امریکہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے 12 نومبر کو بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکہ نام نہاد جاسوسی کا بیانیہ گھڑنا بند کرے اور اسے چین پر ٹیکنالوجی سے متعلق پابندیاں عائد کرنے کا بہانہ نہ بنائے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی سائنسی اور تکنیکی ترقی کی بنیاد آزادانہ اختراع اور عالمی تعاون ہے۔ چین امریکہ کے ساتھ دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان طے پانے والے اتفاقِ رائے پر عمل درآمد کے لیے بھی تیار ہے۔

33 سالہ قیادت کا اختتام

جینسن ہوانگ نے 1993 میں اینویڈیا کی مشترکہ بنیاد رکھی تھی اور گزشتہ 33 برسوں کے دوران کمپنی کو مصنوعی ذہانت، گرافکس پروسیسنگ یونٹس اور جدید کمپیوٹنگ چِپس کے شعبے کی نمایاں عالمی کمپنیوں میں شامل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے پاس کمپنی کے تقریباً 3.6 فیصد حصص ہیں۔

کمپنی کے بورڈ نے ہوانگ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قائم کردہ بنیاد پر اینویڈیا اپنی ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔ عبوری سی ای او کولیٹ کریس نے بھی ملازمین کے نام اپنے پیغام میں کمپنی کی ترقی، صارفین اور شراکت داروں کے ساتھ وعدوں کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق قیادت کی تبدیلی کے باوجود کاروباری سرگرمیوں، صارفین سے کیے گئے وعدوں اور نئی ٹیکنالوجی کی تیاری کے منصوبوں میں تعطل متوقع نہیں ہے۔

اینویڈیا کی قیادت میں یہ اچانک تبدیلی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کے لیے اس کے چِپس کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے۔ اب سب کی نگاہیں اس بات پر ہیں کہ کمپنی کا نیا مستقل سربراہ کون ہوگا اور جینسن ہوانگ کے بغیر اینویڈیا اپنی عالمی کاروباری حکمتِ عملی اور ٹیکنالوجی کی ترقی کا سفر کس طرح آگے بڑھاتی ہے۔

Related posts

خواتین ریزرویشن بل اور حدبندی بل پیش کرنے کیلئے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلائے گی حکومت: مرکزی وزیر کرن رجیجو کا اعلان

Hamari Duniya News

امریکہ و اسرائیل کی ایران کے خلاف کھلی جارحیت کی شدید مذمت، اقوام متحدہ فوری جنگ بندی اور مداخلت کو یقینی بنائے: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ

Hamari Duniya News

ریلائنس فاؤنڈیشن کے ہنر مندانہ اقدامات سے 1.8 لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملا

Hamari Duniya News