مولانا ابوالکلام آزاد کی تعلیمی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں: ڈاکٹر سید حسن اختر
مولانا آزاد کے تعلیمی اقوال پر مشتمل پوسٹر کا اجرا؛ معزز شخصیات کی شرکت
بیڑ،11 نومبر: قومی یومِ تعلیم کے موقع پر نور ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ انتظام الہدیٰ اردو ہائی اسکول بیڑ میں یومِ تعلیم کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ہندوستان کے پہلے وزیرِ تعلیم اور عظیم مفکر مولانا ابوالکلام آزاد کی تعلیمی خدمات، ان کے افکار اور تعلیمی نظریات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ پروگرام کی خاص بات مولانا ابوالکلام آزاد کے مختلف تعلیمی اقوال پر مشتمل خوبصورت پوسٹر کا اجرا تھا، جو مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکادمی کے چیئرمین ڈاکٹر سید حسن اختر کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر سید فرید احمد نہری، اسکول کے صدر مدرس ڈاکٹر سراج خان آرزو، عبدالرازق سر، غلام ثاقب، شیخ رفیق، شیخ الطاف (الطاف بک ڈپو)، لقمان خان، شیخ مسعود، یونس خان، سید ریحان سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
تقریب کا آغاز شاعر و ادیب غلام ثاقب کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں تمہیدی کلمات پیش کرتے ہوئے اسکول کے صدر مدرس ڈاکٹر سراج خان آرزو نے مولانا ابوالکلام آزاد کی شخصیت، ان کے علمی و فکری مقام اور ملک کے پہلے وزیرِ تعلیم کی حیثیت سے انجام دی گئی تعلیمی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد نے آزاد ہندوستان میں تعلیمی نظام کی بنیادوں کو مضبوط بنانے، اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور علمی و سائنسی ترقی کے لیے جو اقدامات کیے، وہ ملک کی تعلیمی تاریخ کا ایک اہم باب ہیں۔ ان کے تعلیمی نظریات آج بھی نئی نسل کی رہنمائی کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
پروگرام میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شریک مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکادمی کے چیئرمین ڈاکٹر سید حسن اختر نے اپنے خطاب میں مولانا ابوالکلام آزاد کے پیغام اور ان کے تعلیمی افکار کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد نے تعلیم کو محض حصولِ علم کا ذریعہ نہیں بلکہ انسان کی فکری، اخلاقی اور سماجی تربیت کا بنیادی وسیلہ قرار دیا تھا۔ ان کی نظر میں تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو معاشرے کو ترقی، شعور اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔
ڈاکٹر حسن اختر نے مولانا آزاد کے تعلیمی و تربیتی نظریات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو ان کی فکر، جدوجہد اور علمی خدمات سے واقف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مولانا آزاد کے افکار کو صرف تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے تعلیمی اداروں اور طلبہ کی عملی زندگی کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔ اس موقع پر مولانا ابوالکلام آزاد کے تعلیمی اقوال پر مبنی پوسٹر کا اجرا بھی عمل میں آیا، جس کا مقصد طلبہ میں تعلیم کی اہمیت، علم دوستی اور مثبت فکری رجحانات کو فروغ دینا ہے۔
تقریب کے صدر پروفیسر فرید احمد نہری نے مولانا آزاد کی تعلیمی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض غلام ثاقب نے بحسن و خوبی انجام دیے، جبکہ انہوں نے ہی اظہارِ تشکر بھی پیش کیا۔ قومی یومِ تعلیم کے موقع پر اسکول کی جانب سے طلبہ اور شرکاء کو مولانا ابوالکلام آزاد کے تعلیمی مشن، ان کے افکار اور ملک کی تعمیر و ترقی میں تعلیم کی بنیادی اہمیت سے روشناس کرانے کی ایک بامقصد کوشش کی گئی۔
