21.3 C
Delhi
October 7, 2025
Hamari Duniya
Breaking News علاقائی خبریں

ضلعی جمعیت اہلِ حدیث سدھارتھ نگر کے دفتر میں صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی عظمیٰ کے ناظم اعلیٰ کی آمد

جمشیدعالم سلفی
سدھارتھ نگر، 27 ستمبر: اربابِ جماعت وجمعیت کے لیے یہ انتہائی مسرت و شادمانی کا موقع تھا کہ ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے ناظم مولانا وصی اللہ مدنی کی پرخلوص دعوت پر صوبائی جمعیت اہلِ حدیث، ممبئی عظمی کے ناظم اعلیٰ جناب مولانا رشید سمیع سلفی اپنے والدِ محترم کے ہمراہ تشریف لائے۔ یہ ملاقات نہ صرف ایک بابرکت لمحہ تھی بلکہ جماعتی رشتۂ محبت اور باہمی تعاون کے جذبے کو مضبوط کرنے کا بہترین موقع بھی ثابت ہوئی۔
صوبائی جمعیت کے ناظم اعلیٰ کی آمد پر ضلعی جمعیت کے ذمہ داران نے انہیں خوش آمدید کہا اور دل کی گہرائیوں سے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر ناظم ضلعی جمعیت مولانا وصی اللہ مدنی کے علاوہ جماعت کے مخلص ومہمان نواز شخصیت، مولانا رفیع احمد ندوی (نائب ناظم ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر)، مولانا جمشید عالم سلفی (ناظم مقامی جمعیت اہلِ حدیث، حلقہ شہرت گڑھ)، مولانا محمد ہاشم سلفی (ناظم مقامی جمعیت اہلِ حدیث، حلقہ نوگڑھ) اور مولانا امیراللہ یوسفی (آفس سکریٹری ضلعی جمعیت) بھی موجود تھے۔ سبھی نے نہایت خلوص ومحبت کے ساتھ اپنے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اپنی مسرت وشادمانی کا بھرپور اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران جناب مولانا عبدالسلام سلفی کو مسلسل کئی میقات سے عہدۂ امارت کے لیے منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی گئی۔ اس موقع پر ان کی بے مثال قیادت اور مضبوط سرپرستی میں صوبائی جمعیت کی ہمہ جہت خدمات کو سراہا گیا۔ یقیناً ان کی قیادت میں صوبائی جمعیت نے جن دینی، علمی، تعلیمی اور رفاہی میدانوں میں کام کیا ہے، وہ سب قابلِ فخر اور لائقِ تحسین ہیں۔ خصوصاً:
کتاب وسنت کی اشاعت اور سلفی کتب کی طباعت
رفاہی وتعلیمی منصوبے اور عام مسلمانوں کے لیے فلاحی کام
عبقری علماء وخطباء کے علمی و اصلاحی خطابات
مساجد کی تعمیر ومرمت
حلقہ جاتی ومرکزی سطح پر دینی دروس اور دعوتی پروگراموں کا انعقاد وغیرہ
یہ تمام خدمات اس بات کا ثبوت ہیں کہ صوبائی جمعیت خالص دینی جذبے کے تحت دعوت واصلاح کا عظیم فریضہ انجام دے رہی ہے۔
صوبائی جمعیت کے ناظم اعلیٰ نے اپنی گفتگو میں ضلعی جمعیت کی دعوتی، علمی اور اصلاحی سرگرمیوں پر نہایت مسرت واطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مقامی اور ضلعی جمعیتوں کے ذمہ داران کی شبانہ روز محنتوں کو سراہتے ہوئے انہیں اپنی دعاؤں سے نوازا اور آئندہ کے لیے ہرممکن تعاون اور رہنمائی کا یقین دلایا۔ ان کے یہ الفاظ نہ صرف ضلعی جمعیت کے لیے حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنے بلکہ آئندہ مزید محنت اور اخلاص کے ساتھ کام کرنے کی تحریک بھی فراہم کی۔


ملاقات کے اختتام پر نمازِ ظہر کے بعد مہمانوں کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ خوشگوار ماحول میں کھانے کے بعد تمام شرکاء نے نہایت ادب واحترام کے ساتھ اپنے مہمانِ عزیز کو الوداع کہا۔ مولانا رشید سمیع سلفی کی متانت وسنجیدگی، سادگی، کشادہ ظرفی، مسلکی غیرت اور علمی وادبی شخصیت واقعی موجودہ دور کے مُتَعَالِمِین کے لیے ایک روشن مثال اور درسِ عبرت ہے۔
اسی دن حافظ اصغر مجیدی (مقیم حال ممبئی) اور جماعت کے بزرگ ومتحمس داعی جناب مولانا عبدالحمید (تندوا) بھی آفس تشریف لائے۔ ان کی آمد نے محفل کی رونق کو مزید بڑھا دیا اور ہم سب کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔ مختلف علمی ودینی موضوعات اور شخصیات پر نہایت بامعنی اور مفید گفتگو ہوئی۔ اگرچہ مجلس مختصر رہی، لیکن نہایت خوشگوار اور یادگار ثابت ہوئی۔
دعا گو ہیں کہ ہماری جماعت کے ان مایہ ناز سپوتوں اور بزرگوں کو حاسدین کے شرور وفتن اور باطل کے حملوں سے ہمیشہ محفوظ ومامون رکھے، اور ان کی دینی خدمات کو قبول فرما کر ان کے مراتب کو بلند فرمائے۔ آمین یا رب العالمین!

Related posts

ماں اور بیوی کے جھگڑے میں عالیشان گھر سے بے گھر ہوئے نواز الدین صدیقی

Hamari Duniya

سعودی عرب میں خشک سالی ، سعودی شاہ کی تمام شہریوں سے نماز استسقاءادا کرنے کی اپیل

Hamari Duniya

سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی بڑھیں گی مشکلیں، جنسی بدسلوکی کیس میں ملوث پائے گئے

Hamari Duniya