نئی دہلی، 15 جنوری: مسلم مرر نے مائناریٹی میڈیا فاؤنڈیشن کے اشتراک سے مسلمانوں کے درمیان پورے ملک میں سب سے با اثر 100 افراد کی فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں سیاست، مذہب، ادب، کاروبار، تعلیم، کھیل اور تفریح سمیت کئی سارے شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اور کوشش کی گئی ہے کہ مسلمانوں کے درمیان کے تمام فرقوں کے افراد اور تمام علاقوں کی ممتاز شخصیات کو شامل کیا جائے۔
ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلس (اے ایم پی) کے متحرک اور نوجوان صدر عامر ادریسی کو اس فہرست میں سماجی کارکن کے زمرے میں منتخب کیا گیا ہے۔ وہ اس باوقار اعزاز کو حاصل کرنے والے کم عمر افراد میں سے ایک ہیں۔ اس فہرست میں عظیم ہاشم پریم جی، مولانا ارشد مدنی، شیخ اے پی ابو بکر، سید محمد امین میاں قادری برکاتی، اسدالدین اویسی، اے آر رحمن، ڈاکٹر عبدالقدیر، مولانا محمود مدنی، سید سعادت اللہ حسینی اور مولانا سعد وغیرہ جیسی دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔
عامر ادریسی نے اس خبر پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”میں مسلم مرر اور مائنارٹی میڈیا فاؤنڈیشن کی جانب سے دیے گئے اس اعزاز کی قدر کرتا ہوں اور شکر گذار ہوں”۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسی مثالی اور معزز شخصیات کے ساتھ منتخب ہونا ایک بڑا اعزاز ہے اور میں کمیونٹی اور اپنے ملک و ملت کی فلاح و بہبود کے لیے بے لوث کام کرتا رہوں گا۔ (ان شاء اللہ)”
عامر ادریسی نے مزید بتایا کہ اس طرح کے سماجی کام کرنے کی ترغیب ان کو اپنی والدہ کی خصوصی تربیت کی وجہ سے حاصل ہوئی جنہوں نے بچپن ہی سے ان کو اس طرح کے سماجی، ملی کاموں سے جوڑے رکھا۔ واضح ہو کے ابھی چند مہینوں قبل عامر ادریسی کی والدہ کا انتقال ہوا ہے۔
ایک سادہ سے گھرانے سے تعلق رکھنے والے عامر ادریسی نے اپنی بنیادی تعلیم اردو میڈیم اسکول سے حاصل کی۔ اور ممبئی کے حاجی صابو صدیق کالج آف انجینئرنگ میں کمپیوٹر انجینئرنگ کی اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور 2002 میں اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا۔ سچر کمیٹی کی رپورٹ جس میں تعلیم اور معاشی زندگی میں مسلمانوں کی انتہائی پسماندگی کا ذکر کیا گیا تھا، اس کا ان پر بہت اثر ہوا۔ انھوں نے اپنی منافع بخش پیشہ ورانہ نوکری چھوڑ دی اور چند ہم خیال افراد کے ساتھ مل کر دسمبر 2007 میں مسلمانوں کو تعلیم یافتہ اور بااختیار بنانے کے لیے AMP تشکیل دی۔ تاریخ شاہد ہے کہ آج اے ایم پی، ملت اور سوسائٹی کے لیے کام کرنے والی سب سے بڑی مسلم تنظیموں میں سے ایک ہے۔ واضح ہو کے اے ایم پی ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو قومی سطح پر تعلیم روزگار اور معاشیات کے میدان میں اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔ یہ مسلم پیشہ ور افراد اور رضاکاروں کے لیے اپنے علم، ذہانت، تجربے اور مہارتوں کو نہ صرف مسلم کمیونٹی بلکہ بڑے پیمانے پر معاشرے کی مجموعی ترقی کے لیے خدمت انجام دینے کا پلیٹ فارم ہے۔
مسلم مرر اور مائناریٹیز میڈیا فاؤنڈیشن نے اس فہرست کی تیاری کے لیے افراد کا انتخاب جامعیت اور تنوع پر مبنی ہے، جو کشمیر سے کنیا کماری اور آسام سے گجرات تک کامیابی حاصل کرنے والوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس پروجیکٹ کا مقصد کارپوریٹ کے تحت جاری متعصب میڈیا ہاؤسز جو مسلمانوں کی منفی شبیہ مخصوص سیاسی ایجنڈے کے تحت پیش کررہے ہیں ان کا مقابلہ کرنا ہے۔ اس فہرست کو ترتیب دے کر، مسلم مرر ایک مثبت بیانیہ پیش کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ ملک کی ترقی اور معاشرے میں ہندوستانی مسلمانوں کی متحرک اور متنوع کوششوں کو بھی لوگوں کے سامنے لایا جا سکے۔
