کانگریس نے دہلی میں حکومت بننے پرتعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو 1 سال کی اپرنٹس شپ اور 8500 روپے ہر ماہ دینے کی گارنٹی دی
ریاستی صدر دفتر میں پریس کانفرنس کرکے سینئر رہنماوں نے منصوبہ کو لانچ کیا
تہاڑ جیل پکار رہا ہے ’پھر آئیں گے کیجریوال‘:دیویندر یادو
نئی دہلی، 12 جنوری (محمدخان)۔
دہلی میں الیکشن کی گہما گہمی جاری ہے۔کانگریس ووٹروں کے دلوں میں جگہ بنانے کے لئے ہردوسرے یا تیسرے دن ایک ایک گارنٹی لانچ کررہی ہے۔ آج کانگریس نے اپنی تیسری گارنٹی یوا اڑان یوجنا‘ کولانچ کیا ہے۔جس میں کانگریس اگر دہلی میں حکومت بناتی ہے تووہ دہلی کے بے روزگار نوجوانوں کو ایک سال کی اپرنٹس شپ دینے کا اور ایک سال تک ہر ماہ 8500روپے دینے کا وعدہ کیا ہے۔ دہلی پردیش صدر دفتر میں آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری سچن پائلٹ، کانگریس کے صدر دیویندر یادو، دہلی کے انچارج قاضی نظام الدین،معاون انچارج دانش ابرار، این ایس یو آئی کے صدر ورون چودہری نے’یوا اڑان یوجنا‘ کا اعلان کیا۔پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری سچن پائلٹ نے اتوار کو پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ پائلٹ نے کہا کہ روزگار پیدا کرنا کسی بھی حکومت کی پہلی ترجیح ہونی چاہئے، لیکن مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے بے روزگاروں کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج دہلی میں سیاست صرف الزامات اور جوابی الزامات کی ہے، لیکن اب لوگ ایک بہتر آپشن چاہتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ آنے والے انتخابات میں عوام کانگریس کو منتخب کرکے حکومت بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہاں پر پہلے جب کانگریس کی حکومت تھی تو خوب ترقیاتی کام ہوئے۔ گزشتہ کچھ سالوں میں یہاں صرف کیچڑ اچھالنے کا کام ہورہا ہے۔ کانگریس کے زمانے میں ملک کے تمام میٹروکے مقابلے میں دہلی زیادہ ترقی یافتہ تھی۔دہلی میں بی جے پی کے 7ممبران پارلیمنٹ اور عام آدمی پارٹی کی حکومت کوئی کام نہیں کرپائی۔
دہلی کے ریاستی صدر دیویندر یادو نے کہا کہ راج محل اور شیش محل سے ہٹ کر نوجوانوں کو روزگار دینے کی ہماری پہل ہے۔ دہلی کے لئے اس سے پہلے کانگریس نے پیاری دیدی یوجنا کے تحت2500روپے ماہانہ اور 25لاکھ روپے کے صحت بیمہ یوجنا کی گارنٹی دے چکی ہے۔کانگریس صدردیویندر یادو نے عام آدمی پارٹی کے نعرے پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ تہاڑ جیل پکار رہا ہے کہ پھر آئیں گے کیجریوال، تہاڑ جیل کی دیواروں پر لکھا ہے، پھر آئیں گے کیجریوال، یہی وجہ ہے کہ بدعنوانی کے معاملے میں پورا کابینہ جیل جاچکا ہے۔
https://www.facebook.com/watch/?v=8571450892958678
کیجریوال نے دہلی کو بدعنوانی کا ماڈل دیا ہے، ترقی کا ماڈل نہیں دیا۔شیلا دکشت کے وقت دہلی کو عالمی پیمارنہ کا شہر بنانے کا کام ہوتا تھا۔
