نومبر 11, 2026
Regional News علاقائی خبریںTop News

عالمی یوم اردو پر دبستانِ اہلِ قلم کے زیر اہتمام شعری نشست، زاہد آزاد جھنڈا نگری اور پروفیسر ارشاد بیاروی اعزاز سے سرفراز

عالمی یوم اردو

لکھنؤ میں منعقدہ تقریب میں علامہ اقبال کی ادبی، فکری اور ملی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، شعرائے کرام نے اپنا کلام بھی پیش کیا

لکھنؤ، 10 نومبر۔ دبستانِ اہلِ قلم لکھنؤ کے زیر اہتمام عالمی یوم اردو کے موقع پر عبد السمیع وفا بنارسی کی رہائش گاہ واقع فردوس کالونی میں ایک شعری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ نشست کی صدارت پروفیسر ارشاد بیاروی نے کی، جبکہ انجمن ارتقاء اردو کے صدر زاہد آزاد جھنڈا نگری نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں معزز شخصیات کو ان کی ادبی و علمی خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔

پروگرام کی نظامت دبستانِ اہلِ قلم کے جنرل سکریٹری معید رہبر لکھنوی نے انجام دی، جبکہ منتظم ڈاکٹر رضوان الرضا نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا استقبال کیا۔ تقریب کا آغاز حافظ عبد السمیع وفا بنارسی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد سینئر شاعر شکیل گیاوی نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعت کا نذرانہ پیش کیا۔

صدارتی خطاب میں پروفیسر ارشاد بیاروی نے عالمی یوم اردو کے حوالے سے علامہ محمد اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کی شخصیت انسان دوستی، بلند فکری اور ملی شعور کی ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم کے بعد انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور مزید تعلیم کے لیے یورپ گئے، جہاں کیمبرج اور میونخ میں علمی سفر جاری رکھا۔ اقبال بیک وقت شاعر، فلسفی، استاد اور قانون داں تھے۔ ان کی شاعری میں انسانیت، خودی، بیداری اور ملت کا درد نمایاں طور پر نظر آتا ہے۔

مہمان خصوصی زاہد آزاد جھنڈا نگری نے اپنے خطاب میں علامہ اقبال کو مردِ مومن، مردِ قلم اور مردِ انقلاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقبال کی زندگی سادگی، مطالعے اور غور و فکر سے عبارت تھی۔ وہ دولت اور شہرت کے بجائے اپنے علمی و فکری مشن کو اہمیت دیتے تھے۔ ان کی شاعری محض الفاظ کا مجموعہ نہیں بلکہ مسلمانوں کو خودی، خودداری، اتحاد اور بیداری کا پیغام دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقبال کی شاعری میں عشقِ رسول ﷺ، ملت کا درد اور انسانیت سے محبت بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کی تخلیقات آج بھی نوجوان نسل کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ بانگِ درا، بالِ جبریل، ضربِ کلیم، اسرارِ خودی، رموزِ بے خودی اور جاوید نامہ جیسی تصانیف ان کے غیر معمولی ادبی و فکری مقام کی گواہ ہیں۔ اقبال کا فلسفۂ خودی انسان کو اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے اور بلند مقاصد کے حصول کی ترغیب دیتا ہے۔

اس موقع پر شعرائے کرام نے اپنے منتخب کلام کے ذریعے اردو زبان و ادب سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔

زاہد آزاد جھنڈا نگری نے کہا:

معجزہ مجھ کو دکھاتا ہے یہ دن رات قلم
اک نئے طرز میں کہتا ہے ہر اک بات قلم

ڈاکٹر رضوان الرضا نے اردو زبان کی تہذیبی وسعت کو اپنے اشعار میں یوں بیان کیا:

ہند عرب ایران کی بھی تہذیب دکھائی دیتی ہے
عربی ہندی اور فارسی لہجہ اردو دنیا میں

شکیل گیاوی نے اردو زبان کی عظمت پر کہا:

صدیوں سے ہے صد رنگ جہانِ اردو
تہذیب کا محور ہے لسانِ اردو
پاؤگے اسے قوس و قزح کی مانند
تم بول کے دیکھو تو زبانِ اردو

معید رہبر لکھنوی نے اپنے اشعار میں اردو سے محبت کا اظہار کیا:

اردو کے لیے شوق یہ پالا ہم نے
افکار کو الفاظ میں ڈھالا ہم نے
تہذیب کے پھولوں کو حسیں رنگ دیا
گلزارِ سخن جب بھی سنبھالا ہم نے

میزبان عبد السمیع وفا بنارسی نے اپنا کلام پیش کرتے ہوئے کہا:

سکونِ زندگی کے واسطے اک آشیانہ ہو
تصور تھا حقیقت میں بدلتے ہم نے دیکھا ہے

تقریب میں عبد الباری، فیضان، بلال، عاصم، عارف سمیت دیگر اہلِ ذوق اور شعرائے کرام نے شرکت کی۔ آخر میں میزبان عبد السمیع وفا بنارسی نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں علامہ اقبال کی فکر و شاعری کے ساتھ اردو زبان کی تہذیبی اہمیت اور اس کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

Related posts

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں صفائی مہم 6.0 شروع، طلبہ کو ماحولیاتی تحفظ کی ذمہ داری کا احساس دلایا گیا

Hamari Duniya News

ایران کی حمایت میں میدان میں کود پڑا متحدہ عرب امارات

Hamari Duniya News

اب 10 روپے والا آئس کریم بھی بیچے گی ریلائنس، بامبے کریمری برانڈ کیا لانچ

Hamari Duniya News