سرحدی علاقوں کی مساجد و درگاہوں کے معاملے میں جمعیۃ علماء ہند کی قانونی جدوجہد کامیاب، حکومت کی یقین دہانی، شوکاز نوٹس پر فیصلہ ہونے سے پہلے انہدامی کارروائی نہیں ہوگی
نئی دہلی، 7 نومبر: راجستھان ہائی کورٹ کی جودھپور ڈویژن بنچ نے سرحدی علاقوں میں مساجد اور دیگر تعمیرات کے انہدام سے متعلق پانچ اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی انہدامی کارروائی سے قبل قانونی ضابطوں کی پابندی اور متاثرہ فریق کو اپنا موقف پیش کرنے کا مناسب موقع دینا ضروری ہے۔ عدالت میں ریاستی حکومت نے بھی یقین دہانی کرائی کہ شوکاز نوٹس پر فیصلہ ہونے سے پہلے کوئی انہدامی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
6 نومبر 2026 کو جسٹس وِنیت کمار ماتھر اور جسٹس چندر شیکھر شرما پر مشتمل ڈویژن بنچ نے مقدمہ غفور بنام ریاستِ راجستھان و دیگر میں یہ حکم صادر کیا۔ متاثرہ فریقوں کی جانب سے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر وکلاء کی ٹیم نے مقدمات کی پیروی کی، جس میں ایڈوکیٹ ہریش کمار پروہت اور ایڈوکیٹ اقبال خاں شامل تھے۔ ایڈوکیٹ طاہر حکیم اور لیگل سیل کے کنوینر پروفیسر نثار احمد انصاری نے قانونی معاونت فراہم کی۔
سماعت کے دوران اپیل کنندگان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ریاستی حکام شوکاز نوٹس کا جواب موصول ہونے اور اس پر غور کیے بغیر بلڈوزر کارروائی کررہے ہیں، جب کہ متاثرہ فریقوں کو اپنا موقف پیش کرنے کا مناسب موقع بھی نہیں دیا گیا۔
عدالت نے اپیل کنندگان کو تفصیلی جواب داخل کرنے کے لیے دو ہفتوں کی مہلت دی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ جواب داخل ہونے کے بعد مجاز اتھارٹی متاثرہ فریق کو سماعت کا مناسب موقع فراہم کرے اور تمام متعلقہ دستاویزات پر غور کرتے ہوئے قانون کے مطابق وجوہات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرے۔
اسی روز ڈویژن بنچ نے چار دیگر اپیلوں کو بھی اسی فیصلے کی روشنی میں نمٹا دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ان مقدمات کے معاملات غفور بنام ریاستِ راجستھان میں دیے گئے فیصلے کے دائرے میں آتے ہیں۔
ان اپیلوں میں مسجد آدرش نگری، بھوجریا، ضلع باڑمیر کے متولی سلیمان خان کی اپیل نمبر 1358/2026، منوہر مسجد، گاؤں منوہر، ضلع باڑمیر کے متولی عبدالرازق کی اپیل نمبر 1360/2026، بھری والا، پوکھرن، ضلع جیسلمیر کے حسن حسین کی اپیل نمبر 1365/2026 اور گاؤں ملانہ، ضلع باڑمیر کے مصطفیٰ خان کی اپیل نمبر 1368/2026 شامل ہیں۔
کیا ہے پورا معاملہ؟
راجستھان کے سرحدی علاقوں میں مساجد اور درگاہوں کے خلاف انہدامی کارروائی کا سلسلہ 18 جون 2026 کو شروع ہوا تھا۔ جمعیۃ علماء راجستھان کے مطابق اس دوران مجموعی طور پر 14 مساجد اور مزارات کو منہدم کیا گیا، جب کہ متاثرہ فریقوں کو اپنا موقف پیش کرنے کا مناسب موقع نہیں دیا گیا۔
کارروائی کی اطلاع ملتے ہی جمعیۃ علماء راجستھان کے جنرل سکریٹری مولانا عبدالواحد کھتری نے متاثرین کو قانونی مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ ابتدا میں راجستھان ہائی کورٹ میں 40 سے زائد عرضیاں داخل کی گئیں، تاہم 13 جولائی 2026 کو یہ عرضیاں خارج کردی گئیں۔
اس کے بعد جمعیۃ علماء نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، جہاں سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے مقدمات کی پیروی کی اور 15 روزہ عبوری حکمِ امتناع حاصل کیا۔ بعد ازاں سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق راجستھان ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ کے سامنے اپیلیں دائر کی گئیں۔
جمعیۃ علماء ہند کے وفود نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا
انہدامی کارروائی کے دوران جمعیۃ علماء ہند کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے صدر جمعیۃ علماء یوپی مفتی محمد عفان منصورپوری کی قیادت میں راجستھان کا دورہ کیا تھا، تاہم وفد کو متاثرہ علاقوں میں جانے سے روک دیا گیا تھا۔
گزشتہ 16 اکتوبر کو جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی، جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش کے صدر حاجی محمد ہارون، مولانا مفتی ذاکر حسین قاسمی، ناظم تنظیم جمعیۃ علماء ہند شمال، اور مولانا عظیم اللہ صدیقی، سکریٹری جمعیۃ علماء ہند، پر مشتمل وفد نے متاثرہ مقامات کا دورہ کیا۔

وفد نے مالاسر اور میرپورا سمیت مختلف علاقوں میں منہدم مساجد کا معائنہ کیا۔ جمعیۃ کے مطابق ان مساجد کی حالت دیکھ کر وفد کے اراکین کی آنکھیں اشکبار ہوگئیں۔ وفد نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ دور دراز پہاڑی علاقوں کی چھوٹی چھوٹی بستیوں میں واقع ان مساجد کو منہدم کرنے کی کوئی واضح سماجی یا سیاسی وجہ سمجھ میں نہیں آتی۔
بیان کے مطابق ان بستیوں میں لوگوں کے مکانات کچی تعمیرات پر مشتمل تھے، لیکن مقامی افراد نے ریتیلی زمین پر بڑی محنت سے اللہ کے خوبصورت اور پختہ گھر تعمیر کیے تھے۔
جمعیۃ علماء راجستھان کے ذمہ داران کا اظہارِ اطمینان
ہائی کورٹ کے فیصلے پر جمعیۃ علماء راجستھان کے ذمہ داران نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ہندو مسلم اتحاد اور بھائی چارہ برقرار رہے گا اور حکومت قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔
اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے نائب صدر امیر شریعت قاری محمد امین پوکھرن، جمعیۃ علماء راجستھان کے صدر مولانا حبیب اللہ قاسمی، جنرل سکریٹری مولانا عبدالواحد کھتری، نائب صدور مولانا محمد نعمان قاسمی، مولانا محمد یونس قاسمی اور حافظ منظور علی خان، سکریٹریز مولانا محمد ایوب قاسمی اور مولانا محمد ارشد قاسمی، ناظم تنظیم مولانا محمد الیاس قاسمی اور مولانا محمد ابراہیم غفوری سمیت صوبائی و ضلعی ذمہ داران نے اپنے ردعمل میں کہا کہ انصاف کی جدوجہد جاری رہے گی۔
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی قیادت میں جاری اس قانونی جدوجہد کو متاثرہ فریقوں کے حقوق کے تحفظ کی سمت میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
