نومبر 9, 2026
International بین الاقوامی خبریںTop News

 5.7 شدت کا زلزلہ، 20 سے زائد افراد زخمی، دوکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے، ٹرین خدمات بھی متاثر

ٹوکیو، 08 نومبر۔ جاپان کے وسطی علاقوں میں اتوار کی علی الصباح 5.7 شدت کے زوردار زلزلے نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ زلزلے کے نتیجے میں آئچی اور شیزوکا پریفیکچرز میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، جبکہ کئی دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور عمارتوں میں موجود لوگ اپنی جان بچانے کے لیے باہر نکل آئے۔

حکام کے مطابق زلزلے کے بعد سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے۔ جاپان کے محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق اتوار کی رات 1 بج کر 4 منٹ پر مغربی شیزوکا پریفیکچر میں آیا۔ اس کا مرکز زمین سے تقریباً 40 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ زلزلے کے شدید جھٹکے پڑوسی آئچی پریفیکچر کے شہر چیتا میں بھی محسوس کیے گئے۔ کیوڈو نیوز کے مطابق آئچی اور شیزوکا میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جن میں کچھ لوگ زلزلے کے دوران عمارتوں سے باہر نکلتے وقت گرنے کے باعث زخمی ہوئے۔ زلزلے کے باعث کئی مقامات پر دکانوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، جبکہ دکانوں میں رکھی اشیا اور کتابیں شیلفوں سے نیچے گر گئیں۔ آئچی پریفیکچر کے شہر تویوہاشی میں ایک کار ڈیلرشپ کے شیشے ٹوٹنے کی اطلاعات ہیں، جب کہ ٹویوٹا شہر میں ایک کتابوں کی دکان میں کتابیں شیلفوں سے گر کر بکھر گئیں۔ زلزلے کے جھٹکے اطراف کے کئی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے بعد احتیاطی اقدامات کے تحت بعض مقامی ٹرین خدمات عارضی طور پر روک دی گئیں یا ان کی رفتار کم کردی گئی۔ توکائدو شنکانسن بلٹ ٹرین سروس کو بھی متاثرہ علاقوں میں حفاظتی جانچ کے لیے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب شیزوکا پریفیکچر میں واقع ہاماؤکا نیوکلیئر پاور پلانٹ کے آپریٹر نے بتایا کہ ابتدائی جانچ میں پلانٹ میں کسی غیر معمولی صورت حال کا پتہ نہیں چلا ہے۔ جاپان کے محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ آئندہ ایک ہفتے تک زلزلے کے ممکنہ جھٹکوں کے لیے چوکس رہیں۔ خاص طور پر اگلے دو سے تین روز کے دوران مزید طاقتور زلزلے آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

حکام نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو احتیاط برتنے اور ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر ضروری حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ بارش کی صورت میں زمین کھسکنے اور چٹانیں گرنے کے خطرے سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جاپان بحرالکاہل کے زلزلہ خیز خطے ’رِنگ آف فائر‘ میں واقع ہے، جہاں ارضیاتی پلیٹوں کی سرگرمیوں کے باعث اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔ اسی وجہ سے جاپان میں زلزلوں سے نمٹنے کے لیے ہنگامی انتظامات اور شہریوں کو پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی  جاتی ہے۔

Related posts

گجرات یکساں سول کوڈ: آئینی حدود سے تجاوز اور مذہبی آزادی پر حملہ

Hamari Duniya News

فیض سیفی کے انتقال پر سیفی خاندان سوگوار، نتن گڈکری سمیت متعدد شخصیات نے پیش کی تعزیت

Hamari Duniya News

جنتر منتر اب احتجاج کا مقام نہیں رہا، حکومت کے کانوں تک کیسے پہنچے گی عام لوگوں کی آواز

Hamari Duniya News