نئی دہلی، 26اپریل(ہماری دنیا بیورو) : کمزور طبقوں، چھوٹے کاروباریوں اور خاص طور پر مسلمانوں کو سماجی، تعلیمی اور معاشی طور پر اوپر اٹھانے کی مشترکہ ذمہ داریوں پر زور دیتے ہوئے سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹو سوسائٹی لمٹیڈ کے چیرمین ایم شمس الضحی نے کہا کہ چھوٹے کاروباری اور محروم طبقوں کو سماج میں مناسب مقام دلانا سہیوگ کی اولین ترجیح ہے۔ سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹو سوسائٹی لمٹیڈ کی طرف سے آج یہاں جسولہ وہار کے زین ان ہوٹل میں میڈیا اہلکاروں کے ساتھ خصوصی میٹنگ میں کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کمزور طبقوں کو اوپراٹھانا اور معاشی استحصال سے بچانا کسی فرد واحد کی نہیں ہم سب کی مشترکہ ذمہ دای ہے۔ انہوں نے کہاکہ چھوٹی چھوٹی رقم جو گھروں میں پڑی رہتی ہے اس کا صحیح استعمال کرکے ہم چھوٹے موٹے دوکانداروں، ریڑھی پٹری والے اور چھوٹے موٹے کاروبار کرنے والوں کی مدد کرسکتے ہیں۔ ہماری آپ کی رقم ضائع نہیں جائے گی اوربلکہ جب بھی ضرورت ہوگی آپ اسے نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوروپے بہت ہی معمولی رقم ہے لیکن جب یہی سو رروپے جمع ہوکر ایک لاکھ کی رقم بن جاتے ہیں اور یہ بڑی رقم بن جاتی ہے اور اس سے کسی کا بھی بھلا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والے لوگوں کے لیے سہیوک کوآپریٹیو سوسائٹی ایک بہترین پلیٹ فارم ہے جو بلا سود (بغیر انٹریسٹ) پچاس ہزار روپے سے لے کر دو لاکھ روپے تک بغیر سود لئے قرض دیتی ہے ۔ لیکن اس سوسائٹی کو چلانے کے لئے ایک آفس اور چند عملہ کی ضرورت ہوتی ہے جس کی وجہ سے ادارہ تقریباً دس فیصد سروس چارج کرتا ہے۔ حالانکہ ان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے ادارہ آگے بڑھے گا ہم یہ سروس چارج بہت کم کردیں گے۔
مسٹر شمس الضحی نے کہا کہ سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹو سوسائٹی لمٹیڈ نے اب تک چھوٹے موٹے کاروباریوں کو ایک کروڑ سے زائد کا قرض دیا ہے۔ یہ قرض خالص بلاسودی نظام پر مبنی ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ آئیے ہم معاشرہ کے پسماندہ طبقات کو اوپر اٹھانے میں ان کی مددکریں۔ہماری تھوڑی سی کوشش کسی لئے بڑی کامیابی کا خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔
سہولت کے سی ای اور اسامہ خاں نے کہاکہ سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹو سوسائٹی لمٹیڈ کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کوآپریٹو سوسائٹی اور بینکنگ نظام کے بارے میں میڈیا اہلکاروں کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی سب سے بڑی آبادی غیر منظم سیکٹر سے وابستہ ہے جسے بینک سے قرض مشکل سے ملتا ہے۔ ایسے میں کوآپریٹو ان کیلئے بڑا سہارا ہوتا ہے جہاں وہ اپنی ضروریات کے لئے قرض حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں استحصالی نظام کی جڑیں بہت گہری ہیں جس کے استحصال سے کمزور طبقہ کو بچانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہاں اسحتصال اور سود کا کوئی تصور نہیں ہے اور شرعیہ کونسل سے بھی اس ضمن میں ہدایت حاصل کی جاتی ہے۔
سہیوگ فاونڈیشن کی چیرپرسن محترمہ نصرت نے کہاکہ فاونڈیشن سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹو سوسائٹی لمٹیڈکو سہارا دینے کے ساتھ ساتھ اس کے لئے ایک میکانزم تیار کرے گا۔ انہوں نے اجتماعی ذمہ داریوں کی یاد دلاتے ہوئے کہاکہ ہم تھوڑی تھوڑی کوششوں میں معاشرے میں بڑی تبدیلی لاسکتے ہیں۔ انہوں نے صحافیوں سے اپیل کی کہ معاشرہ کو استحصالی نظام سے بچانے کے لئے سہیوک کا ساتھ دیں اور لوگوں کو اس کے تئیں بیدار کرنے کی سعی کریں۔
سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹو سوسائٹی لمٹیڈ کے ڈائرکٹر سید تحسین احمد نے سہیوگ کو سماجی بہبود کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ اگر اس میں کوئی مالی نقصان بھی ہوتا ہے کہ تو کوئی حرج نہیں ہے کیوں کہ تھوڑے سے نقصان سے اگر زیادہ لوگوں کا بھلا کرپاتے ہیں تو یہ بڑی بات ہے۔ واضح رہے کہ سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹو سوسائٹی لمٹیڈ کی اس وقت تین شاخیں ہیں۔ تمام مقررین نے صحافیوں کے تیکھے سوالوں کے بہت ہی خوش اسلوبی کے ساتھ جواب دیئے اور جوبھی شکوک وشبہات عوام کے درمیان پائے جاتے ہیں اس کومکمل طور پر ختم کرنے کی کوشش کی۔
پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور ڈیجٹل میڈیا کے اہم صحافیوں کے علاوہ کانگریس کے لیڈر ہدایت اللہ اور دیگر حضرات شریک تھے۔ نظامت کے فرائض معروف صحافی شعیب رضا فاطمی نے انجام دئے۔
