نئی دہلی، 13 اکتوبر (ہماری دنیا نیوز)۔
ووٹر لسٹوں کے خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر)، مبینہ ووٹ چوری اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے پر انڈیا اتحاد نے اپنی تحریک جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ منگل، 13 اکتوبر 2026 کو کانگریس کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی رہائش گاہ پر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے کہا کہ ’یہ لڑائی ہمارے بارے میں نہیں، بلکہ ہندوستان کی عوام اور اس کے مستقبل کے بارے میں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے رہنما اور کارکن ملک میں جمہوری عمل کی بحالی کے لیے آخری دم تک جدوجہد کرتے رہیں گے۔ راہل گاندھی نے ایک دن قبل دہلی میں نکالے گئے ‘مارچ فار ڈیموکریسی‘ میں حصہ لینے والے شہریوں، نوجوانوں اور سماجی تنظیموں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اپوزیشن کی تحریک رکنے والی نہیں ہے۔
ایس آئی آر کے خلاف متحد اپوزیشن، ووٹ چوری کے معاملے پر جدوجہد جاری رکھنے کا عزم
راہل گاندھی نے کہا کہ تحریک آج، کل یا ایک سال بعد بھی جاری رہے گی، اپنے مقصد تک پہنچ کر رہیں گے۔

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو، این سی پی (شردچندر پوار) کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے، شیوسینا (یو بی ٹی) کے سنجے راوت اور دیگر اپوزیشن رہنما پریس کانفرنس میں شریک ہوئے۔ رہنماؤں نے انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) اور ووٹ چوری کے الزامات کے خلاف متحد ہو کر جدوجہد جاری رکھنے پر زور دیا۔
راہل گاندھی نے کہا کہ انڈیا اتحاد کی تحریک کا مقصد جمہوری عمل کو بحال کرنا ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ اور ملک کے عدالتی نظام کے احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی اپنی ذمہ داری ہے اور ادارے اپنا کردار ادا کریں یا نہ کریں، اپوزیشن کی سیاسی مزاحمت اور عوامی جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد کے رہنما جس اتحاد، توانائی اور عزم کے ساتھ آگے بڑھے ہیں، اسی جذبے کے ساتھ اپنی تحریک جاری رکھیں گے۔
کھڑگے اور سپریا سولے نے بھی تحریک جاری رکھنے کا اعلان کیا
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں انڈیا اتحاد کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور جمہوریت کے لیے عوام کی شرکت اہم رہی ہے۔ ان کے مطابق نوجوانوں اور عام شہریوں نے بڑی تعداد میں اس تحریک میں حصہ لیا ہے۔

این سی پی (شردچندر پوار) کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے آئین اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انڈیا اتحاد کی تمام جماعتیں متحد ہیں اور ان کی جدوجہد دہلی سے لے کر زمینی سطح تک جاری رہے گی۔
تیجسوی یادو نے انتخابی عمل پر سوال اٹھائے
آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے انتخابی عمل اور آئینی اداروں کے کردار پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر لڑے گی۔ انڈیا اتحاد کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ ووٹر لسٹوں کی نظرثانی اور مبینہ ووٹ چوری کے معاملے کو سیاسی طور پر اٹھانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
یہ پریس کانفرنس ایک دن قبل دہلی میں نکالے گئے ’’مارچ فار ڈیموکریسی‘‘ اور انتخابی بے ضابطگیوں سے متعلق سپریم کورٹ میں عرضی دائر کرنے کے بعد ہوئی۔ اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ بھی دہرایا۔
