لوک سبھا کی نشستیں 850 کرنے کی تجویز پر کانگریس لیڈر کا اعتراض، کہا: بی جے پی اپنے سیاسی فائدے کے لیے حد بندی کرانا چاہتی ہے
نئی دہلی، 28 نومبر (ہماری دنیا نیوز)۔ کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے حد بندی کے مجوزہ بل کو لے کر مرکزی حکومت پر سخت حملہ کیا ہے۔ ہفتہ کے روز نئی دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت خواتین کے ریزرویشن کو بہانہ بنا کر حد بندی کے ذریعے ملک کا سیاسی نقشہ اپنے مفاد کے مطابق تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد بڑھا کر 850 کرنے کی تجویز محض انتظامی فیصلہ نہیں، بلکہ اس کے پیچھے سیاسی مقصد کارفرما ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی اصل کوشش بی جے پی کو اقتدار میں برقرار رکھنے کے لیے انتخابی حلقوں کی نئی حد بندی کرنا ہے۔ راہل گاندھی کے مطابق، خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن پہلے ہی پارلیمنٹ سے منظور ہو چکا ہے، اس لیے اسے موجودہ لوک سبھا کی 543 نشستوں کے اندر بھی نافذ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے نئی حد بندی کو لازمی قرار دینا درست نہیں ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ ریاستیں ہندوستان کو متحد رکھتی ہیں اور حد بندی کے ذریعے ان کی سیاسی نمائندگی کو متاثر کرنا ملک کی بنیادی روح پر حملہ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس بل کے ذریعے ملک کے سیاسی ڈھانچے کو اپنی پارٹی کے انتخابی مفادات کے مطابق تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
کانگریس لیڈر نے خاص طور پر نوجوان ووٹروں اور جین زی سے اپیل کی کہ وہ 850 کے اعداد و شمار کو یاد رکھیں، کیونکہ ان کے مطابق لوک سبھا کی نشستوں میں اس حد تک اضافہ جمہوریت کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت حد بندی کے نام پر نئے طریقے تلاش کر رہی ہے، تاکہ انتخابی عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں پر اٹھنے والے سوالات سے توجہ ہٹائی جا سکے۔
راہل گاندھی نے آسام، بہار اور جموں و کشمیر میں ہونے والی حد بندی کی مثالیں دیتے ہوئے الزام لگایا کہ بی جے پی انتخابی حلقوں کی نئی تشکیل اپنے سیاسی فائدے کے مطابق کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس نے آٹھ ریاستوں میں انتخابی عمل سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کے ثبوت جمع کیے ہیں اور پارٹی جلد ہی الیکشن کمیشن سے متعلق حاصل کردہ معلومات بھی عام کرے گی۔
انہوں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر بھی سخت تنقید کی اور انہیں ’’ثابت شدہ مجرم‘‘ قرار دیا۔ راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کی جانب سے کرائے گئے سروے میں 80 فیصد ہندوستانیوں اور جین زی سے تعلق رکھنے والے 100 فیصد جواب دہندگان کا خیال تھا کہ انتخابات میں دھاندلی ہو رہی ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے ووٹر لسٹوں سے 14 کروڑ نام حذف کیے جانے کے معاملے پر بھی سوالات اٹھائے۔ یہ تمام الزامات راہل گاندھی نے اپنی پریس کانفرنس میں عائد کیے ہیں۔
اپوزیشن اتحاد نے بھی پیش کیا اپنا موقف
راہل گاندھی کی پریس کانفرنس سے قبل کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر انڈیا اتحاد کے رہنماؤں کی میٹنگ ہوئی، جس میں مجوزہ حد بندی بل کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ میٹنگ میں راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، ترنمول کانگریس کے ابھیشیک بنرجی، سماج وادی پارٹی کے رام جی لال سمن، آر جے ڈی کے منوج جھا اور دیگر اپوزیشن رہنما شریک ہوئے۔
میٹنگ کے بعد اپوزیشن نے حد بندی کے معاملے پر تین اہم مطالبات پیش کیے۔ ان کے مطابق لوک سبھا کی موجودہ 543 نشستوں کی تعداد برقرار رکھی جائے، خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن موجودہ نشستوں کی بنیاد پر نافذ کیا جائے اور اگلے 25 برسوں تک مختلف ریاستوں کے درمیان لوک سبھا نشستوں کی موجودہ تقسیم میں کوئی تبدیلی نہ کی جائے۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس 30 نومبر سے شروع ہو رہا ہے۔ مرکزی حکومت اس دوران آئین کی 132ویں ترمیم کا بل پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے تحت لوک سبھا کی زیادہ سے زیادہ نشستوں کی تعداد 850 کرنے اور خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن نافذ کرنے کی تجویز ہے۔ اپوزیشن کا اعتراض خواتین کے ریزرویشن پر نہیں بلکہ اسے حد بندی سے جوڑنے اور اس کے ممکنہ سیاسی و آئینی اثرات پر ہے۔
