نئی دہلی، 25 نومبر ( ہماری دنیا نیوز)۔
انڈین مسلمس فار سول رائٹس (آئی ایم سی آر) کے زیر اہتمام دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے نومنتخب عہدیداران، یونین کے ایگزیکٹو اور کورٹ ارکان، انتخابات میں رنر اپ امیدواروں کے علاوہ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبہ یونین کی بحالی کا مطالبہ کرنے والے طلبہ لیڈران اور میوات کالج میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے طلبہ کا استقبال کرتے ہوئے انہیں اعزاز سے نوازا گیا۔ تقریب کا بنیادی مقصد نئی نسل کے طلبہ لیڈران کی حوصلہ افزائی، ان کی جدوجہد کو تسلیم کرنا اور انہیں تعلیمی اداروں کی جمہوری روایات، طلبہ حقوق اور قومی سیاست میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے رہنمائی فراہم کرنا تھا۔
تقریب کے افتتاحی خطاب میں آئی ایم سی آر کے سکریٹری جنرل اور سابق جوائنٹ سکریٹری، وزارتِ پارلیمانی امور، محمد خالد خان نے تنظیم کا تعارف پیش کرتے ہوئے اس پروگرام کے انعقاد کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ قیادت کسی بھی معاشرے کے سیاسی اور سماجی مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی رہنمائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت تیزی سے بدل رہا ہے اور موجودہ حالات میں طلبہ لیڈران کو بھی غیر معمولی بصیرت، دانش مندی اور سیاسی سوجھ بوجھ کے ساتھ خود کو نئے حالات کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔ ان کے مطابق نئی نسل کے سامنے بدلتے ہوئے سیاسی و سماجی منظرنامے کو سمجھنے اور اس میں اپنی مؤثر جگہ بنانے کا ایک بڑا چیلنج ہے، جس کے لیے انہیں سنجیدہ تیاری اور وسیع تر قومی نقطۂ نظر اختیار کرنا ہوگا۔
پروگرام کے روحِ رواں، آئی ایم سی آر کے چیئرمین اور سابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ آٹھ سال کے طویل وقفے کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ کو اپنی اسٹوڈنٹس یونین ملی ہے، جو نہ صرف طلبہ کے جمہوری حقوق کی بحالی بلکہ یونیورسٹی کی تاریخی روایات کے تسلسل کے اعتبار سے بھی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے نومنتخب عہدیداران کو متوجہ کیا کہ ان پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مسلم یونیورسٹی کے وقار، اس کی علمی و تہذیبی شناخت اور جمہوری روایات کا تحفظ کرتے ہوئے قومی سیاست میں اپنی الگ اور مؤثر شناخت قائم کریں۔
محمد ادیب نے اپنے زمانۂ طالب علمی کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ لیڈران نہ صرف قومی سطح پر نمایاں کردار ادا کرتے تھے بلکہ بیرونِ ملک منعقد ہونے والے اسٹوڈنٹس لیڈرشپ سمٹ میں بھی شرکت کرکے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے تھے۔ تاہم، ان کے بقول، موجودہ دور میں طلبہ قیادت کی قومی سیاست اور طلبہ حقوق سے متعلق تحریکوں میں وہ فعالیت اور نمایاں کردار دکھائی نہیں دیتا جو ماضی میں اس کی پہچان ہوا کرتا تھا۔ انہوں نے طلبہ لیڈران پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو محض یونیورسٹی کے داخلی معاملات تک محدود نہ رکھیں بلکہ قومی سطح پر درپیش مسائل اور جمہوری جدوجہد میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔ محمد ادیب نے انہیں یقین دلایا کہ طلبہ کو جب بھی کسی تعاون یا رہنمائی کی ضرورت ہوگی، آئی ایم سی آر ان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔
میجر جنرل جاوید اقبال (ریٹائرڈ) نے اپنے خطاب میں زندگی کے مختلف تجربات اور مشاہدات طلبہ کے ساتھ شیئر کیے۔ انہوں نے جوشیلے انداز میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ سیاست اور عوامی زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے محض جوش کافی نہیں، بلکہ حکمت، تدبر، نظم و ضبط اور حالات کو سمجھنے کی صلاحیت بھی ضروری ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے مستقبل کے فیصلے جذبات کے بجائے دانش مندی اور دوراندیشی کے ساتھ کریں۔
سابق مرکزی وزیر محمد علی اشرف فاطمی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جو نوجوان طلبہ سیاست میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ممکن ہے کہ آنے والے وقت میں وہ پارلیمنٹ اور اسمبلیوں تک پہنچیں اور ملک کی سیاست میں اہم ذمہ داریاں سنبھالیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے تعلیمی ادارے کے وقار اور اس کی تاریخی روایات کو ہمیشہ پیش نظر رکھنا چاہیے۔ محمد علی اشرف فاطمی نے خاص طور پر سر سید احمد خان کے تعلیمی و اصلاحی مشن کو یاد رکھنے اور اس کے بنیادی مقاصد کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے نومنتخب صدر نعمان اشرف، نائب صدر نشرہ نعیم اور یونین کے سکریٹری نے بھی اظہارِ خیال کیا اور اپنے مستقبل کے عزائم اور طلبہ سے وابستہ توقعات کا اظہار کیا۔ دیگر مقررین میں سابق طلبہ یونین صدر پروفیسر بصیر احمد، ارجن ایوارڈ یافتہ اور سابق ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان ظفر اقبال اور سابق رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی شامل تھے، جنہوں نے طلبہ قیادت کی اہمیت، تعلیمی اداروں کی روایات اور نوجوانوں کی سماجی و سیاسی ذمہ داریوں پر اپنے خیالات پیش کیے۔
تقریب کے دوران دہلی کے سابق لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ، پروفیسر اختر الواسع، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر ایڈووکیٹ زیڈ کے فیضان اور ڈاکٹر محسن رضا کے پیغامات بھی طلبہ کو سنائے گئے۔ ان پیغامات کے ذریعے طلبہ کی نئی قیادت کی حوصلہ افزائی کی گئی اور ان سے تعلیمی و جمہوری روایات کو آگے بڑھانے کی توقع ظاہر کی گئی۔
تقریب میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ یونین کی بحالی کا مطالبہ کرنے والے طلبہ لیڈران اور میوات کالج میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے طلبہ نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں پیش آنے والے واقعات، طلبہ کو درپیش مسائل اور اپنی جدوجہد کی تفصیلات بیان کیں۔ ان کے بیانات نے تقریب کو محض اعزازی اجتماع کے بجائے ملک کے مختلف تعلیمی اداروں میں طلبہ حقوق، نمائندگی اور جمہوری سرگرمیوں سے وابستہ مسائل پر تبادلۂ خیال کا ایک اہم موقع بھی فراہم کیا۔
پروگرام کی نظامت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر اور آئی ایم سی آر کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر اعظم بیگ نے انجام دی۔ تقریب کا اختتام علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ترانے اور قومی ترانے کے ساتھ ہوا۔
