نومبر 24, 2026
Regional News علاقائی خبریںTop News

ضلع کے ہر بلاک میں قائم ہوں گے اسکول، غریبوں کے مفت علاج کا بھی ہوگا انتظام: انجمن مولانا آزاد

ڈاکٹر خالد انور متفقہ طور پر انجمن مولانا آزاد کے صدر منتخب، تعلیمی، سماجی اور طبی خدمات کے فروغ کے لیے پانچ سالہ جامع لائحۂ عمل تیار کرنے کا فیصلہ

موتیہاری، 24 نومبر (ہماری دنیا نیوز): بہار کے ضلع مشرقی چمپارن میں تعلیمی، سماجی اور معاشی پسماندگی کو دور کرنے اور اقلیتی طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم پہل کی گئی ہے۔ ضلع کے تمام بلاکوں میں غریب، بے سہارا اور یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے اسکول قائم کیے جائیں گے، جبکہ غریب اور محروم خاندانوں کے مریضوں کے مفت علاج، کم قیمت پر ادویات اور طبی جانچ کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جسے متفقہ طور پر انجمن مولانا آزاد کا نام دیا گیا ہے۔

گزشتہ 22 نومبر کو منعقدہ پیغام آزاد کانفرنس کا جائزہ لینے اور اس میں پیش کی گئی تجاویز کو عملی شکل دینے کے لیے پیر کی شام رحمان ماڈل اسکول کیمپس میں واقع دفتر میں استقبالیہ کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ کی صدارت خازن ڈاکٹر عبدالخبیر نے کی۔

میٹنگ میں تفصیلی تبادلۂ خیال کے بعد انجمن مولانا آزاد کے عہدیداران کا اتفاق رائے سے انتخاب عمل میں آیا۔ جے ڈی یو کے ایم ایل سی اور اقلیتی فلاح و بہبود کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر خالد انور کو انجمن کا صدر منتخب کیا گیا، جبکہ ڈاکٹر تبریز عزیز کو جنرل سکریٹری، ڈاکٹر عبدالخبیر کو خازن، ڈاکٹر عقیل احمد کو سکریٹری اور محمد امان اللہ کو جوائنٹ سکریٹری کی ذمہ داری سونپی گئی۔

ضلع کے تمام بلاکوں میں قائم ہوں گے اسکول

میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ انجمن مولانا آزاد کی تنظیمی کمیٹی کو اگلی میٹنگ میں توسیع دی جائے گی اور ضلع کے تمام بلاکوں میں الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ انجمن کی جانب سے نو پرافٹ، نو لاس کی بنیاد پر اسکول قائم کیے جائیں گے، جہاں غریب، بے سہارا اور یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت کا معقول انتظام ہوگا۔

اسکولوں کے قیام کے لیے ضلع کے تمام بلاکوں سے 31 جنوری 2027 تک تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ ایسے افراد جو اپنے علاقے میں اسکول قائم کرنے کے خواہش مند ہیں، وہ اپنی تجاویز انجمن کے سامنے پیش کر سکتے ہیں۔

استقبالیہ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر تبریز عزیز نے بتایا کہ فروری 2027 کے آخر تک ضلع میں کم از کم دو اسکولوں کی سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسکولوں کے قیام کے لیے حسن شاہد کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ادارے کی رجسٹریشن، اسکولوں کے الحاق اور بائی لاز تیار کرنے کی ذمہ داری ڈاکٹر عقیل احمد کو سونپی گئی ہے۔

غریب مریضوں کا مفت علاج، طلبہ کو ملے گی اسکالرشپ

میٹنگ میں تعلیمی منصوبوں کے ساتھ طبی خدمات کو بھی ترجیح دی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ غریب اور ذہین طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کی جائے گی، تاکہ مالی دشواریوں کی وجہ سے ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ اسی طرح غریب اور محروم خاندانوں کے مریضوں کے مفت علاج کے ساتھ کم قیمت پر ادویات اور طبی جانچ کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ اس کام کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کے لیے ڈاکٹر عبدالخبیر کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ ڈاکٹروں کی فہرست تیار کریں اور ان سے بات چیت کرکے طبی خدمات کے لیے مناسب انتظامات کریں۔

مظلوموں کو قانونی مدد فراہم کرے گی انجمن

میٹنگ میں قانونی امداد کے لیے لیگل سیل قائم کرنے کی تجویز پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ طے پایا کہ انجمن مولانا آزاد، جمعیۃ علماء ہند مشرقی چمپارن کے اشتراک سے مظلوم اور متاثرہ افراد سے ملاقات کرے گی اور انہیں قانونی و عدالتی تعاون فراہم کرنے کی کوشش کرے گی، تاکہ ضرورت مند افراد کو انصاف حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

بطخ میاں انصاری میوزیم کو فعال بنانے کا فیصلہ

اس موقع پر مجاہد آزادی بطخ میاں انصاری کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے آئندہ 4 دسمبر کو ان کی برسی کے موقع پر بطخ میاں انصاری میوزیم میں ایک پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ساتھ ہی میوزیم کو منظم اور فعال بنانے کے لیے بطخ میاں انصاری میوزیم کمیٹی کے صدر رضاؤالرحمن انصاری کی قیادت میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اس میں ڈاکٹر خورشید عزیز اور جے ڈی یو رہنما شکیل انصاری کو رکن بنایا گیا ہے۔

پانچ سالہ جامع منصوبہ تیار کیا جائے گا: ڈاکٹر خالد انور

انجمن مولانا آزاد کے نو منتخب صدر اور جے ڈی یو ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ انجمن اسلام ممبئی کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی کی رہنمائی میں انجمن مولانا آزاد چمپارن میں تعلیم کے فروغ، سماجی ترقی اور مظلوموں کو انصاف دلانے کے لیے منظم انداز میں کام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ سال کے لیے ایک جامع اور مضبوط لائحۂ عمل تیار کیا جائے گا اور اس پر مرحلہ وار عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انجمن کا مقصد صرف ایک تنظیم قائم کرنا نہیں، بلکہ تعلیم، صحت، سماجی بہبود اور قانونی امداد کے میدان میں عملی خدمات انجام دینا ہے، تاکہ معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کو فائدہ پہنچ سکے۔

میٹنگ میں ڈاکٹر پرویز عزیز، ڈاکٹر مبین ہاشمی، ڈاکٹر عقیل احمد، ڈاکٹر خورشید عزیز، نجی اللہ خان، ابوٹا کے سکریٹری محمد امان اللہ، سہیل ساحل، محمد اکرم راہی، شکیل انصاری، حسن شاہد، ظہیرالدین انصاری، صحافی انصارالحق، محمد آفتاب زبیر، انجینئر ریاض الحق، محمد صادق سمیت متعدد معزز شخصیات موجود تھیں۔

Related posts

قطر نے خط لکھ کر اقوام متحدہ سے ایران کی شکایت کی

Hamari Duniya News

کانگریس سے سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت کے درمیان سماج وادی پارٹی نے امیدواروں کا اعلان کردیا

Hamari Duniya News

جیو بلیک راک انوسٹمنٹ ایڈوائزرز نےلانچ کی’پرسنلائزڈ انویسٹمنٹ ایڈوائس‘

Hamari Duniya News