نومبر 27, 2026
Regional News علاقائی خبریںTop News

مستان بابا مفت سلائی سینٹر کا شاندار افتتاح، ڈاکٹر محمد ابراہیمی کا تعلیم اور ہنر سے مستقبل روشن بنانے پر زور

بارہ چکیا (مشرقی چمپارن)، 27 نومبر(ہماری دنیا نیوز)۔ چکیا نگر پریشد کے علاقے میں واقع مدرسہ ضیاء العلوم کوآواں شریف میں مستان بابا مفت سلائی سینٹر کا شاندار افتتاح ابراہیم گروپ آف کمپنی کے چیئرمین اور معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر محمد ابراہیمی نے کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے سول کورٹ موتیہاری کے سینئر ایڈوکیٹ (اے پی پی) محمد معین الحق ابراہیمی بھی موجود رہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد ابراہیمی نے کہا کہ وہ ملک کے نوجوانوں کو ہنرمند دیکھنا چاہتے ہیں اور ان کی اولین ترجیح قوم کی بیٹیوں کو ہنر مند بنانا ہے، تاکہ وہ اپنے لیے روزگار کا ذریعہ پیدا کرکے خود کفیل بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جب خواتین خود مختار ہوں گی تو معاشرہ بھی مضبوط اور خود مختار ہوگا، جس سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کے تحت دیہی علاقوں میں مفت سلائی سینٹر قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں لڑکیوں کو سلائی کی تربیت فراہم کرکے انہیں روزگار کے قابل بنایا جائے گا۔ مستقبل میں کمپیوٹر سینٹر بھی قائم کرنے کا منصوبہ ہے، تاکہ بچوں کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے جوڑ کر ان کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کی جا سکے۔

مہمان خصوصی محمد معین الحق ابراہیمی ایڈوکیٹ نے کہا کہ آج ان کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو رہا ہے اور ان کے بچے ان کے خوابوں کو عملی شکل دے رہے ہیں، جو ان کے لیے سب سے بڑی کامیابی اور خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے اس سفر میں تعاون کرنے والے احباب اور بہی خواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ سب کی دعاؤں کے شکر گزار ہیں۔

مدرسہ ضیاء العلوم کے سکریٹری اشتیاق عالم نے مہمانوں کا گلدستے اور شال پیش کرکے استقبال کیا، جبکہ کامریڈ مشتاق عالم نے انظار صاحب کو شال پیش کرکے اعزاز سے نوازا۔ استقبالیہ خطاب میں کامریڈ اشتیاق عالم نے مہمانوں کی سماجی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ابراہیمی گروپ آف کمپنی کے چیئرمین کی جانب سے دیہی علاقوں کی لڑکیوں کو ہنرمند بنانے کے لیے مفت سلائی سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں اس سینٹر کو وسعت دی جائے گی اور اس کی مزید شاخیں قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

تقریب کی نظامت سینئر لیڈر اور سماجی کارکن فروغ عالم جامی نے کی۔ انہوں نے مستان بابا کی سوانح حیات اور مدرسہ ضیاء العلوم کوآواں کی تعلیمی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مستان بابا نے ہی اس مدرسے کی بنیاد رکھی تھی۔ یہاں سے تعلیم حاصل کرنے والے افراد نے مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کرکے دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

اس موقع پر سابق ضلع پریشد پرویز عالم چنّو نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں عبدالقیوم انصاری، حاجی صابر علی، وسیم اختر، نظیر احمد، نواب علی، خالد اقبال، ظفر احسن، محمد انظار، مولانا نور محمد مصباحی، مولانا ریاض شمسی، حافظ ناصر اور مولانا مخدوم علی سمیت متعدد معزز شخصیات موجود تھیں۔

Related posts

۔77ویں یوم جمہوریہ پر طبّی کانگریس کا 143 واں مفت یونانی میڈیکل کیمپ منعقد

Hamari Duniya News

مدرسہ اسلامیہ دھرہر جمونیا پورنیہ کا پہلا عظیم الشان اجلاس عام اختتام پذیر، علما نے تعلیم و تربیت اور اتباعِ سنت پر دیا زور

Hamari Duniya News

کیرانہ : وارڈ ممبر و خواتین پر قاتلانہ حملہ، چیئرمین نامزد، پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا

Hamari Duniya News