1.1 C
New York
فروری 10, 2026
Delhi دہلیRegional News علاقائی خبریں

 رمضان المبارک کو تزکیہ، اصلاحِ نفس اور روحانی تربیت کا مہینہ بنانا چاہیے، علماء وحفاظ کرام کا خصوصی پروگرام 

مجلس علمائ
نئی دہلی،09فروری۔ مجلس العلماءدہلی اور الحکمہ فاؤنڈیشن نئی دہلی کے اشتراک سے مورخہ 08 فروری 2026، بروز اتوار، الشفا اسپتال کے کانفرنس ہال میں حفاظِ کرام کا ایک خصوصی پروگرام حکیم ضیاءالدین احمد ندوی صاحب چیئرمین الحکمہ فاؤنڈیشن دہلی کی صدارت میں منعقد کیا گیا، جس میں علماءو حفاظِ کرام سمیت 70 افراد نے شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز ڈاکٹر رئیس اعظم مظاہری صاحب کی پُرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد صدر مجلس العلماءدہلی مولانا ارشد سراج الدین مکی صاحب نے اپنے افتتاحی کلمات میں پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور مجلس العلماءدہلی کا تعارف پیش کیا۔مفتی شاہد سرور قاسمی صاحب امام و خطیب مسجد ابوبکر، ذاکر نگر نئی دہلی نے ”ماہِ رمضان اور تزکیہ نفس“ کے عنوان پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ رمضان المبارک کو ہمیں تزکیہ، اصلاحِ نفس اور روحانی تربیت کا مہینہ بنانا چاہیے۔
اس موقع پر ڈاکٹر احمد منہاج الدین صاحب ڈائریکٹر، الشفا اسپتال نے ”روزے کی طبی افادیت اور حفاظ کی صحت کے مسائل“ پر مدلل گفتگو کی اور بتایا کہ روزہ جسمانی، ذہنی اور روحانی صحت کے لیے نہایت مفید ہے، خصوصاً حفاظِ کرام کو اپنی صحت پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔بعد ازاں ڈاکٹر فراز الاسلام صاحب فزیشن، الشفا اسپتال نے ”رمضان میں متوازن غذا“ کے موضوع پر قرآن و سنت کی روشنی میں نہایت مفید گفتگو کی۔ آپ نے فرمایا کہ متوازن غذا کا اہتمام صرف رمضان ہی میں نہیں بلکہ ہمیشہ ہونا چاہیے۔ اس موقع پر آپ نے صحت مند غذاو?ں کی فہرست پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے بھی پیش کی۔صحت کے موضوع پر منعقدہ اوپن سیشن میں حکیم ضیاءالدین احمد ندوی صاحب، ڈاکٹر احمد منہاج الدین صاحب، ڈاکٹر فراز الاسلام صاحب، ڈاکٹر فیصل اقبال فلاحی صاحب، ڈاکٹر عرفان خان صاحب (نیچروپیتھی)، فزیوتھراپسٹ ڈاکٹر معین عالم صاحب اور ڈاکٹر عذیر بقائی صاحب (منیجنگ ڈائریکٹر، بقائی دوا خانہ) نے شرکاءکی رہنمائی کی۔اس دوران تراویح میں آواز بیٹھ جانے، تیزابیت، کھانے کے اوقات، شوگر کے مریضوں کے روزے رکھنے جیسے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے گئے اور مفید طبی مشورے بھی پیش کیے گئے۔ڈاکٹر عرفان خان صاحب نے نیچروپیتھی کے ذریعے علاج کی اہمیت واضح کی، جب کہ فزیوتھراپسٹ ڈاکٹر معین عالم صاحب نے عملی طور پر ورزشیں کرکے کمر اور پیٹھ کے درد سے بچاو¿ کے طریقے بتائے، نیز علماءو حفاظ کے لیے اپنی کلینک میں خصوصی تعاون کی پیشکش بھی کی۔حکیم ضیاءالدین احمد ندوی صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ دہلی میں یہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد نشست ہے، جس کے انعقاد پر منتظمین مبارک باد کے مستحق ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ روزہ مقصود بالذات ہے اور اس کا سب سے اہم پہلو تقویٰ کا حصول ہے۔ آپ نے قرآن فہمی پرزور دیا، نیزکمزور ومستحقین کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید بھی فرمائی۔ علماءو حفاظ کے مقام و مرتبہ کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپ امت کی قیادت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں، لہٰذا اصلاحِ امت کی ذمہ داری کو بھرپور طریقے سے ادا کریں۔
آخر میں جناب طیب احمد بیگ صاحب امیر مقامی، ابو الفضل انکلیو نارتھ، جماعت اسلامی ہند دہلی نے اظہارِ تشکر پیش کیا، جب کہ مولانا سلمان قاسمی صاحب امام مسجد الحبیب، شاہین باغ کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔پروگرام کے اختتام پر بقائی دوا خانہ، لمرا ریمیڈیز اور ڈرگس لیبارٹریز میرٹھ کی جانب سے مشترکہ طور پر ادویات پر مشتمل تحفہ کِٹ شرکاءمیں تقسیم کی گئی۔ نظامت کے فرائض محمد احمد اللہ قاسمی جنرل سکریٹری، مجلس العلماءدہلی اور نعیم رضا صاحب، کوآرڈینٹر ہیلتھ کیئر کمیٹی الحکمہ فاؤنڈیشن نے بحسن و خوبی انجام دیے۔

Related posts

سینٹرل پارک میں ’’اردو اساتذہ کا جشن‘‘ ادب اور ثقافت کا شاندار مظاہرہ

Hamari Duniya News

مدرسہ امام شاطبی تحفیظ القرآن میں روح پرور تقریب، حفاظِ قرآن کی عزت افزائی

Hamari Duniya News

کوٹدوار میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے محافظوں کے خلاف پولیس کارروائی انتہائی تشویشناک: پروفیسر سلیم انجینئر

Hamari Duniya News