کرشنانگر،31 مارچ: جامعہ السراج العلوم السلفیہ جھنڈا نگر کے ناظمِ اعلیٰ، مولانا شمیم احمد الندوی نے عید الفطر کے مبارک موقع پر پوری امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس دن کو اللہ کی رحمتوں اور برکتوں کی سوغات قرار دیا ہے۔
اپنے جذباتی پیغام میں انہوں نے کہا: “عید الفطر صرف خوشی کا دن نہیں، بلکہ قربانی، صبر، عبادت اور تقویٰ کا حسین انعام ہے۔ رمضان المبارک کی برکتوں کے بعد یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ حقیقی خوشی دوسروں میں خوشیاں بانٹنے سے حاصل ہوتی ہے۔” انہوں نے امت کو اخوت اور ہمدردی کا درس دیتے ہوئے فرمایا کہ یہ دن ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم اپنے خوشیوں بھرے لمحات میں ان لوگوں کو بھی یاد رکھیں، جو محرومیوں اور آزمائشوں میں مبتلا ہیں۔ مسکینوں، یتیموں، بیواؤں اور بے سہارا افراد کی دلجوئی کریں، ان کی مدد کو اپنا شعار بنائیں، اور اپنے رب کی نعمتوں کا شکر بجا لائیں۔
فلسطین اور دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے خصوصی دعا
مولانا شمیم احمد الندوی نے اپنے پیغام میں فلسطین سمیت دنیا کے تمام مظلوموں، جنگ زدہ علاقوں کے بے گناہ افراد، اور مشکلات میں گھرے انسانوں کے لیے خصوصی دعا کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں ہمیں اپنے ان بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو آزمائشوں کا شکار ہیں، جن کے گھروں میں ویرانی اور دلوں میں مایوسی بسی ہوئی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ فلسطین، شام، کشمیر، یمن، اور دنیا کے ہر مظلوم کے دکھوں کو دور فرمائے، ظالموں کے ظلم سے نجات عطا کرے، اور امتِ مسلمہ کو اتحاد و یگانگت کی لڑی میں پرو دے۔
آخر میں، مولانا شمیم احمد الندوی نے پوری امت کے لیے یہ پُرتاثیر دعا کی:
“یا اللہ! یہ عید ہمارے لیے رحمت و برکت کا پیغام بنے، ہمارے دلوں میں محبت، خلوص اور اتحاد پیدا کرے، امتِ مسلمہ کو امن و استحکام عطا فرما، اور دنیا کے تمام مظلوموں کو سکھ و چین نصیب فرما۔ آمین!”
