نومبر 22, 2026
International بین الاقوامی خبریںTop NewsUAE متحدہ عرب امارات

دو مسلم ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر، سفیر کو 72 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم اور اپنے سفیر کو بھی واپس بلا لیا؟

ابوظبی سے اپنا سفیر بھی واپس بلا لیا، صومالی حکومت کا خودمختاری کی خلاف ورزی اور اندرونی معاملات میں مداخلت کا الزام؛ اماراتی عہدیدار نے صومالی صدر کے مؤقف پر جوابی ردعمل ظاہر کردیا

موغادیشو، 19 نومبر: صومالیہ اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی کشیدگی شدت اختیار کرگئی ہے۔ صومالی حکومت نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو 72 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے، جبکہ ابوظبی میں تعینات اپنے سفیر کو بھی مشاورت کے لیے واپس بلا لیا ہے۔ موغادیشو نے یہ فیصلہ متحدہ عرب امارات پر ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے بعد کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز اور دیگر بین الاقوامی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ جمعرات کو وزیر اعظم حمزہ عبدی برے کی صدارت میں کابینہ کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔ صومالی وزیر اطلاعات عبدی فتح قاسم محمود نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو 72 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کی ہدایت دی ہے اور صومالی وزارت خارجہ کو ابوظبی سے اپنے سفیر کی واپسی کا حکم دیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے سرکاری خبر رساں ادارے پر نشر ہونے والے بیان میں کہا کہ صومالیہ کے خلاف اماراتی اقدامات میں تعاون کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے صومالی عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کی خودمختاری، سلامتی، علاقائی سالمیت اور اتحاد کے تحفظ کے لیے متحد ہوجائیں۔

امارات پر اندرونی معاملات میں مداخلت کا الزام

صومالی صدر حسن شیخ محمود نے اس سے قبل متحدہ عرب امارات پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ صومالیہ کی وفاقی حکومت کے خلاف بعض علاقائی انتظامیہ کو سیاسی اور مالی مدد فراہم کررہا ہے۔ صومالی حکومت کا دعویٰ ہے کہ ابوظبی نے وفاقی حکومت کی منظوری کے بغیر صومالیہ کی بعض علاقائی انتظامیہ کے ساتھ بندرگاہوں سے متعلق معاہدے کیے اور ایسے فوجی اڈوں اور فورسز کے قیام میں تعاون کیا جو قومی فوجی کمان کے ماتحت نہیں ہیں۔

صومالی صدر نے بالخصوص بربرہ، بوصاصو اور کسمايو کی بندرگاہوں سے متعلق معاہدوں پر اعتراض کیا ہے۔ موغادیشو کا مؤقف ہے کہ ایسے اقدامات ملک کی وحدت اور وفاقی حکومت کے اختیار کو کمزور کرتے ہیں۔

جنوری میں بھی معاہدے منسوخ کرچکا ہے صومالیہ

صومالیہ اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات میں کشیدگی گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہے۔ صومالی حکومت نے رواں سال جنوری میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ بندرگاہوں، دفاع، سلامتی اور دیگر شعبوں میں ہونے والے معاہدے منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ اماراتی فوجی اور مال بردار طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بھی بند کردی تھیں۔ تاہم صومالیہ کے بعض خود مختار علاقائی انتظامی علاقوں نے وفاقی حکومت کے اس فیصلے کو تسلیم نہیں کیا تھا۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے سفیر کو ملک چھوڑنے کے حکم پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم اماراتی صدر کے سفارتی مشیر انور قرقاش نے سوشل میڈیا پر صومالی صدر کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان پر ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دینے کا الزام لگایا ہے۔

واضح رہے کہ سفیر کو ملک چھوڑنے اور اپنے سفیر کو واپس بلانے کے اس فیصلے کو دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے مکمل خاتمے کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، تاہم اس پیش رفت سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید تناؤ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

Related posts

جیو سمیت 10 ممالک کی 15ممتاز ٹیک کمپنیوں نے قائم کیا’ ٹرسٹڈ ٹیک ایلائنس‘، میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں اعلان

Hamari Duniya News

اترپردیش میں مسلمانوں کو جوڑنے کیلئے کانگریس نے بنایا خاص پلان، حسیب خان کو ملی بڑی ذمہ داری

Hamari Duniya News

بہتر تعلیمی فروغ سے ہی سماج کی ترقی ہوگی: ڈاکٹر خالد انور

Hamari Duniya News