نومبر 22, 2026
Sports کھیلTop News

ٹی20 ڈیبیو میچ جمشد عالم کا دھماکہ، پہلے ہی اوور میں چار گیندوں پر چار وکٹیں لے کر تاریخ رقم کی

 اندور، 22 نومبر(ہماری دنیا نیوز)۔

سید مشتاق علی ٹرافی میں ریلوے کے نوجوان فاسٹ بولر جمشد عالم نے سوراشٹر کے خلاف اپنے ٹی20 ڈیبیو میچ میں ایسا شاندار مظاہرہ کیا کہ کرکٹ شائقین حیران رہ گئے۔ انہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں مسلسل چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کرکے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔

مدھیہ پردیش کے اندور میں کھیلے گئے سید مشتاق علی ٹرافی کے مقابلے میں ریلوے اور سوراشٹر کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔ ریلوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 182 رن بنائے۔ اس کے جواب میں سوراشٹر کی ٹیم جب ہدف کا تعاقب کرنے میدان میں اتری تو جمشد عالم نے اپنی خطرناک بولنگ سے میچ کا رخ یکسر بدل دیا۔

پہلے ہی اوور میں چار گیندوں پر چار شکار

سوراشٹر کی اننگز کے چوتھے اوور میں جمشد عالم نے ایسا غیر معمولی کارنامہ انجام دیا جسے ٹی20 کرکٹ میں انتہائی کم دیکھنے کو ملتا ہے۔ انہوں نے مسلسل چار گیندوں پر حریف ٹیم کے چار بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا۔

ان کے شکار ہونے والے بلے بازوں میں ہر وک دیسائی، پریرک مانکڈ، رچت اہیر اور سمر گجر شامل تھے۔ اس اوور میں انہوں نے سوراشٹر کی بیٹنگ کو مکمل طور پر بکھیر دیا اور ٹیم کو شدید دباؤ میں ڈال دیا۔ 

کس طرح حاصل کیں چار وکٹیں؟

جمشد عالم نے پہلے ہر وک دیسائی کو کیچ آؤٹ کرایا، اس کے بعد پریرک مانکڈ کو بولڈ کرکے دوسری وکٹ حاصل کی۔ تیسری وکٹ رچت اہیر کی تھی، جنہیں وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا، جبکہ چوتھی گیند پر سمر گجر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

چار مسلسل گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کرنے کے بعد بھی جمشد عالم کا جوش کم نہیں ہوا۔ انہوں نے اگلے اوور میں سدھارتھ رانا کو بھی ایل بی ڈبلیو کرکے اپنی پانچ وکٹیں مکمل کرلیں۔ 

صرف نو گیندوں میں پانچ وکٹیں

جمشد عالم نے اپنے ابتدائی اسپیل میں محض نو گیندوں پر پانچ وکٹیں حاصل کرکے ایک اور غیر معمولی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ ٹی20 کرکٹ میں اس سے کم گیندوں پر پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ صرف دو مرتبہ انجام دیا گیا ہے۔

وہ مردوں کے ٹی20 کرکٹ میں ڈیبیو پر پانچ وکٹیں لینے والے ہندوستان کے چھٹے بولر بھی بن گئے ہیں۔

ریلوے نے 29 رن سے جیتا مقابلہ

ریلوے کی جانب سے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 182 رن بنانے کے بعد سوراشٹر کی ٹیم جمشد عالم کی تباہ کن بولنگ کے باعث مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ سوراشٹر کی ٹیم 20 اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 153 رن ہی بنا سکی اور ریلوے نے یہ مقابلہ 29 رن سے جیت لیا۔

جمشد عالم نے اپنے ڈیبیو میچ میں 5 وکٹیں حاصل کرکے ریلوے کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی اس کارکردگی نے نہ صرف ٹیم کو کامیابی دلائی بلکہ ملکی کرکٹ میں ان کے مستقبل کے امکانات کو بھی روشن کردیا ہے۔ 

ٹی20 کرکٹ میں چار گیندوں پر چار وکٹوں کا ریکارڈ

سید مشتاق علی ٹرافی کی تاریخ میں جمشد عالم مسلسل چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے بولر بن گئے ہیں۔ ان سے قبل ابھیمانیو متھن اور درشن نلکاندے یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

خاص بات یہ ہے کہ سابق دونوں بولروں نے یہ کارنامہ اننگز کے آخری اوور میں انجام دیا تھا، جب کہ جمشد عالم نے اپنے ڈیبیو میچ میں اننگز کے ابتدائی اوورز میں ہی چار مسلسل گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کرکے تاریخ رقم کردی۔ 

جمشد عالم اس سے قبل اترپردیش ٹی20 لیگ میں میرٹھ ماورکس کی نمائندگی کرچکے ہیں، جبکہ ریلوے کی جانب سے انڈر 23 کرکٹ میں بھی کھیل چکے ہیں۔ اپنے پہلے ہی ٹی20 میچ میں اس غیر معمولی کارکردگی کے بعد وہ کرکٹ حلقوں میں توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

Related posts

مدھیہ پردیش میں چھ سال میں غائب ہوگئیں 2,69,500 خواتین

Hamari Duniya News

بڑھتی حوثی جارحیت اور بلادِ حرمین کی حفاظت: شمیم احمد ندویؔ

Hamari Duniya News

مدھیہ پردیش ہائی کورٹ سے بڑی راحت، اے پی سی آر کی قانونی مداخلت پر کھنڈوا میں 38 مکانات کے انہدام پر لگی عبوری روک

Hamari Duniya News