نومبر 21, 2026
National قومی خبریںTop News

جن رہنماؤں نے دھیریندر شاستری سے رام کتھا کروائی، وہ سب الیکشن ہار گئے، دگ وجے سنگھ کا راجہ بھیا پر طنز

بھوپال،21 نومبر(ہماری دنیا نیوز)۔ کانگریس کے سینئر رہنما اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ نے معروف کتھا واچک پنڈت دھیرندر کرشن شاستری اور اتر پردیش کے کنڈا سے رکن اسمبلی رگھوراج پرتاپ سنگھ عرف راجہ بھیا پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن جن رہنماؤں نے دھیرندر شاستری سے رام کتھا کا انعقاد کرایا، وہ سبھی انتخابات ہار گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دگ وجے سنگھ ان دنوں اجین سے ایودھیا تک ’ستیہ سناتن سوا بھیمان یاترا‘ نکال رہے ہیں۔ اسی دوران انہوں نے دھیرندر شاستری کے راجہ بھیا کے گھر رام کتھا کے انعقاد پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ باگیشور دھام کے مہاراج راجہ بھیا کے گھر بھی رام کتھا سنانے گئے تھے، لیکن جن رہنماؤں نے بھی دھیرندر شاستری سے اپنے یہاں رام کتھا کروائی، وہ سبھی انتخاب ہار گئے۔

دگ وجے سنگھ نے طنزیہ انداز میں مزید کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی جتنی زیادہ رام کتھائیں منعقد کرائے گی، اتنا ہی کانگریس کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ ان کے اس بیان کے دوران ان کی اہلیہ امرتا سنگھ نے انہیں درمیان میں روکنے کی کوشش بھی کی، لیکن وہ اپنی بات کہتے رہے۔

راجہ بھیا کی رام کتھا پر سیاسی بحث تیز

واضح رہے کہ اتر پردیش کے پرتاپ گڑھ ضلع کے کنڈا میں رکن اسمبلی راجہ بھیا نے باگیشور دھام کے پیٹھادھیش پنڈت دھیرندر کرشن شاستری کی رام کتھا کا اہتمام کیا تھا۔ اس مذہبی پروگرام میں کئی سیاسی شخصیات نے شرکت کی تھی، جس کے بعد یہ معاملہ سیاسی حلقوں میں بھی موضوعِ بحث بن گیا۔

دگ وجے سنگھ نے شاعر، نغمہ نگار اور اسکرین رائٹر جاوید اختر کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے رام سے متعلق جاوید اختر کے بیان کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی بات سے پوری طرح اتفاق کرتے ہیں۔ دگ وجے سنگھ کے مطابق یہی سناتن دھرم ہے، جس کے پیغام کو عام کرنے کے لیے وہ یاترا نکال رہے ہیں۔ اپنے بیان کے بعد دگ وجے سنگھ نے صحافیوں سے دلچسپ انداز میں کہا کہ یہ بیان آپ لوگوں کے لیے سرخی بنانے کا کام کرے گا۔

ان کے اس بیان کے بعد اتر پردیش کی سیاست میں ایک بار پھر مذہبی تقریبات اور سیاسی سرگرمیوں کے تعلق پر بحث تیز ہونے کے امکانات ہیں۔ خاص طور پر 2027 کے اسمبلی انتخابات سے قبل راجہ بھیا کی رام کتھا اور اس پر دگ وجے سنگھ کے تبصرے کو سیاسی اعتبار سے اہم سمجھا جا رہا ہے۔

Related posts

اجمیر شریف میں 18ویں انٹرنیشنل صوفی رنگ فیسٹیول 2026 اختتام پذیر، ڈیڑھ لاکھ سے زائد زائرین نے روحانی فنون، موسیقی اور خطاطی کا مشاہدہ کیا

Hamari Duniya News

گجرات یکساں سول کوڈ: آئینی حدود سے تجاوز اور مذہبی آزادی پر حملہ

Hamari Duniya News

اتر پردیش میں دوبارہ SIR کا دعویٰ، اکھلیش یادو نے ووٹروں کو خبردار کردیا

Hamari Duniya News