راولپنڈی، 13 نومبر: پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں ایک ایسا منفرد مگر ناخوشگوار ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جس کی مثال ٹیسٹ کرکٹ کی تقریباً ڈیڑھ سو سالہ تاریخ میں بہت کم ملتی ہے۔ وہ ایک ہی ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں سنچری کے قریب پہنچ کر آؤٹ ہونے والے دنیا کے پانچویں بلے باز بن گئے ہیں۔
سعود شکیل نے راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 93 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، تاہم وہ سنچری مکمل کرنے سے قبل پویلین لوٹ گئے۔ دوسری اننگز میں بھی ان کی قسمت نے ساتھ نہیں دیا اور وہ 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح وہ دونوں اننگز میں نروس نائنٹیز (90 سے 99 رنز کے درمیان) کا شکار ہوئے اور مجموعی طور پر 190 رنز بنانے کے باوجود سنچری سے محروم رہے۔
ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ چھٹا موقع ہے جب کوئی بلے باز ایک ہی میچ کی دونوں اننگز میں 90 سے 99 رنز کے درمیان آؤٹ ہوا ہے۔ اس سے قبل یہ کارنامہ چار کھلاڑی انجام دے چکے ہیں، تاہم ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم بلے باز گورڈن گرینج واحد کھلاڑی ہیں جنہیں اپنے کریئر میں دو مرتبہ اس صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔
سعود شکیل سے قبل آخری مرتبہ سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے اگست 2009 میں اس ناخوشگوار ریکارڈ کا حصہ بنے تھے۔ انہوں نے کولمبو میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 92 اور دوسری اننگز میں 96 رنز بنائے تھے، لیکن دونوں مرتبہ سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔
ویسٹ انڈیز کے گورڈن گرینج کے ساتھ پہلی مرتبہ مارچ 1977 میں پاکستان کے خلاف جارج ٹاؤن ٹیسٹ میں ایسا ہوا تھا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 91 اور دوسری اننگز میں 96 رنز بنائے تھے۔ اس کے بعد فروری 1980 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں بھی گرینج دونوں اننگز میں سنچری سے محروم رہے۔ اس میچ میں انہوں نے بالترتیب 91 اور 97 رنز اسکور کیے تھے۔
انگلینڈ کے سابق بلے باز فرینک وولی بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ انہوں نے جون 1921 میں لارڈز کے تاریخی میدان پر آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 95 اور دوسری اننگز میں 93 رنز بنائے تھے۔
اس منفرد ریکارڈ کا پہلا واقعہ جنوری 1902 میں پیش آیا تھا، جب آسٹریلیا کے کلیم ہل ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف دونوں اننگز میں سنچری بنانے سے محروم رہ گئے تھے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 98 اور دوسری اننگز میں 97 رنز اسکور کیے تھے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کلیم ہل کے مجموعی 195 رنز آج بھی ایک ہی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار ہونے والے بلے بازوں میں سب سے بڑا مجموعہ ہے، جبکہ سعود شکیل نے 190 رنز بنا کر اس فہرست میں دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے۔
یوں سعود شکیل نے اپنی شاندار بیٹنگ سے جہاں دونوں اننگز میں ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کیا، وہیں محض چند رنز کے فرق سے دو سنچریاں مکمل نہ کر پانے کے باعث ٹیسٹ کرکٹ کے ایک نایاب ریکارڈ میں بھی اپنا نام درج کرا لیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہو گیا، راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز دوسری اننگز میں پاکستا ن نے آٹھ وکٹ پر 284 رنز بنائے۔ جبکہ سری لنکا کی ٹیم کو دوسری اننگ میں ایک بال بھی کھیلنے کا موقع نہیں ملا اور میچ کو ڈرا کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
