نومبر 3, 2026
Sports کھیلTop News

ہائیلو اوپن کا خطاب جیت کر پی وی سندھو کی عالمی بیڈمنٹن رینکنگ میں بڑی چھلانگ

نئی دہلی، 3 نومبر (ہماری دنیا نیوز)۔ ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے جرمنی میں منعقدہ ہائیلو اوپن 2026 کا خطاب جیتنے کے بعد عالمی بیڈمنٹن رینکنگ میں دو درجے کی چھلانگ لگاتے ہوئے چھٹی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ سندھو نے رواں سیزن میں اپنا دوسرا بڑا خطاب بھی اپنے نام کرلیا۔

خواتین کے سنگلز مقابلے کے فائنل میں پی وی سندھو نے ڈنمارک کی کھلاڑی لائن ہجمارک کجرسفیلڈ کو مسلسل دو گیمز میں 12-21 اور 14-21 سے شکست دے کر ٹرافی پر قبضہ کیا۔ اس سے قبل وہ رواں سال جاپان اوپن کا خطاب بھی جیت چکی ہیں۔

ہائیلو اوپن کے سپر 500 خطاب سے سندھو کو 9200 رینکنگ پوائنٹس حاصل ہوئے، جس کے نتیجے میں بی ڈبلیو ایف کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں وہ دو مقامات کی ترقی کے ساتھ چھٹے نمبر پر پہنچ گئیں۔ قابل ذکر ہے کہ ایک ہفتہ قبل فرانسیسی اوپن میں فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے بعد بھی ان کی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی تھی اور وہ تین درجے ترقی کرکے آٹھویں مقام پر پہنچی تھیں۔ تاہم فائنل میں انہیں عالمی نمبر ایک کھلاڑی این سی ینگ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پی وی سندھو اس سے قبل اکتوبر 2022 میں عالمی رینکنگ میں پانچویں مقام تک پہنچ چکی ہیں۔ تازہ کامیابی نے ایک مرتبہ پھر انہیں عالمی بیڈمنٹن کی صف اول کی کھلاڑیوں میں شامل کردیا ہے۔

خواتین کے سنگلز میں دیگر ہندوستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بھی تبدیلی ہوئی ہے۔ تنوی شرما ایک مقام کی ترقی کے ساتھ 21ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں، جبکہ انناتی ہوڈا دو درجے نیچے آکر 23ویں مقام پر آگئی ہیں۔

دوسری جانب مردوں کے سنگلز مقابلوں میں ہندوستانی کھلاڑی لکشیہ سین نے بھی ہائیلو اوپن میں خطاب جیتنے کے بعد عالمی رینکنگ میں ایک مقام کی بہتری حاصل کی ہے۔ وہ اب 13ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ہائیلو اوپن میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی کامیابیوں کو عالمی بیڈمنٹن میں ہندوستان کی مضبوط ہوتی موجودگی کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

Related posts

سینئر صحافی سلیم سہروردی کا انتقال ، بنارس ایک عظیم ادیب و صحافی سے محروم

Hamari Duniya News

کارپوریٹ اور خانگی تعلیمی اداروں کی جانب سے فیس میں بے تحاشہ اضافہ،  حکومت کی خاموشی پر کےکویتا کا استفسار، قانون سازی کا پرزور مطالبہ

Hamari Duniya News

 ٹرمپ کے ’ غزہ بورڈ آف پیس‘ میں سعودی عرب اور قطر کی شمولیت کا اعلان

Hamari Duniya News