نئی دہلی، 3 اکتوبر(ہماری دنیا نیوز)۔دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے نانگلوئی اسمبلی حلقہ کے جوالاپوری کالونی میں مکان منہدم ہونے کے مقام کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندان سے ملاقات کرکے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس حادثے میں ایک 50 سالہ شخص کی موت ہوگئی، جبکہ ان کا نوجوان بیٹا شدید زخمی ہوگیا۔
دیویندر یادو نے کہا کہ 1977 میں تعمیر کیا گیا مکان خستہ حالی کے باعث منہدم ہوا، جس کے نتیجے میں ایک شخص کی جان چلی گئی اور ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور تشویش ناک ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندان کے زخمی نوجوان کو سرکاری ملازمت دی جائے اور مکان دوبارہ تعمیر کرنے کے لیے مناسب مالی مدد فراہم کی جائے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حادثے کے بعد سرکاری نظام کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھتے ہیں۔ ان کے مطابق مقامی لوگوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر ملبے میں دبے افراد کو نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔ دیویندر یادو نے کہا کہ حکومت بڑے بڑے دعوے اور اعلانات کرتی ہے، لیکن جب کسی علاقے میں حادثہ پیش آتا ہے یا حالات خراب ہوتے ہیں تو پورا انتظامی نظام غائب نظر آتا ہے۔

دہلی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریکھا گپتا کی ’ٹرپل انجن‘ حکومت صرف اعلانات اور دعووں تک محدود نظر آتی ہے، جبکہ زمینی سطح پر عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جوالاپوری سمیت دہلی کے ان تمام علاقوں میں فوری سروے کرایا جائے جہاں بڑی تعداد میں خستہ حال مکانات موجود ہیں۔
دیویندر یادو نے کہا کہ جوالاپوری میں کئی دہائیوں سے رہنے والے غریب خاندانوں کے متعدد مکانات خستہ حال ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کے باعث بہت سے غریب خاندان اپنے گھروں کی مرمت تک نہیں کرا سکتے۔ ایسے حالات میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کمزور اور ضرورت مند خاندانوں کی مدد کرے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی میں ایسے ہزاروں مکانات موجود ہیں جو انتہائی خستہ حالت میں کھڑے ہیں۔ اگر بروقت ان کی نشاندہی کرکے مرمت یا دوبارہ تعمیر کے لیے مالی امداد فراہم کی جائے تو مستقبل میں ہونے والے ایسے حادثات کو روکا جاسکتا ہے اور قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جاسکتا ہے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ غریب اور ضرورت مند لوگوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ پارٹی متاثرہ خاندان کے دکھ اور مشکل کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زخمی نوجوان کو سرکاری ملازمت، خاندان کو مناسب مالی امداد اور مکان کی تعمیر کے لیے فوری مدد فراہم کی جائے۔
اس موقع پر پردیش کانگریس کے جنرل سکریٹری تنظیم اور سابق رکن اسمبلی انیل بھاردواج، سابق اے آئی سی سی سکریٹری و نانگلوئی اسمبلی کے سابق امیدوار روہت چودھری، ضلع صدر ورون ڈھاکا، سابق ضلع صدر و سابق رکن اسمبلی سریندر کمار، جنرل سکریٹری ڈاکٹر پی۔کے۔ مشرا، میونسپل کونسلر مندیپ شوقین، سابق کونسلر پرتھوی سنگھ راٹھور اور انوپ شوقین سمیت متعدد کانگریسی رہنما موجود تھے۔
