10 ریاستوں میں 29 مراکز کی کارکردگی نمایاں، 2027 میں مزید 11 مراکز قائم کرنے کا منصوبہ
نئی دہلی،17 نومبر(ہماری دنیا نیوز)۔
ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن، نئی دہلی کی پہل اور وژن 2026 کے تحت ملک بھر میں سرگرم ناگرک وکاس کیندر (NVK) نے اپنی سالانہ رپورٹ 2025-26 جاری کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اپریل 2025 سے مارچ 2026 کے دوران ملک کی 10 ریاستوں میں قائم 29 مراکز کے ذریعے مجموعی طور پر 17,818 افراد کو سرکاری فلاحی اسکیموں سے مستفید ہونے میں مدد فراہم کی گئی۔ اس مدت میں ناگرک وکاس کیندر نے آٹھ مختلف شعبوں سے متعلق 136 مرکزی اور ریاستی سرکاری اسکیموں کے تحت 5,924 درخواستیں جمع کرائیں، جن کی مجموعی مالیت 44.68 کروڑ روپے ہے۔
ناگرک وکاس کیندر کا بنیادی مقصد ایسے مستحق خاندانوں کو سرکاری فلاحی اسکیموں سے جوڑنا ہے جو معلومات کی کمی، ضروری دستاویزات کی عدم دستیابی یا مناسب رہنمائی نہ ملنے کے باعث اپنے جائز حقوق اور سرکاری سہولیات سے محروم رہ جاتے ہیں۔
ناگرک وکاس کیندر کے نیشنل کو آرڈینیٹر کاشف عبداللہ نے بتایا ” اس مقصد کے تحت NVK کے کارکنان اور رضاکار مختلف علاقوں میں بیداری کیمپ منعقد کرنے کے ساتھ گھر گھر سروے کرتے ہیں، مستحق خاندانوں کی شناخت کرتے ہیں، ان کے ضروری کاغذات تیار کرواتے ہیں اور سرکاری اسکیموں کے لیے درخواستیں جمع کرانے میں رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ ادارے کی کوشش صرف درخواست جمع کرانے تک محدود نہیں رہتی بلکہ متعلقہ سرکاری محکموں سے مسلسل رابطہ برقرار رکھتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جاتی ہے کہ اسکیم کا فائدہ حقیقی مستحقین تک پہنچے۔
سالانہ رپورٹ کے مطابق اس دوران ناگرک وکاس کیندر نے 13,867 دستاویزی درخواستوں پر کام کیا، جن میں سے 12,076 دستاویزات جاری ہوئیں۔ اس طرح کامیابی کی شرح 87.1 فیصد رہی۔ ان دستاویزات میں آدھار کارڈ، راشن کارڈ، آمدنی، ذات اور سکونت کے سرٹیفکیٹ شامل ہیں۔ سب سے زیادہ 2,348 درخواستیں سکونت کے سرٹیفکیٹ کے لیے جمع کرائی گئیں۔ رپورٹ میں تعلیم کو سب سے بڑا شعبہ قرار دیا گیا ہے، جہاں وظائف اور اسکولوں میں داخلے کے لیے 1,652 درخواستیں جمع کرائی گئیں۔
پنشن اسکیموں کے حوالے سے بھی قابل ذکر نتائج سامنے آئے۔ 31 مارچ 2026 تک پنشن کے لیے درخواست کی گئی مجموعی رقم کا 88 فیصد مستحق خاندانوں تک پہنچنے کی تصدیق ہوچکی تھی۔ اس تاریخ تک مجموعی طور پر 3.06 کروڑ روپے کے فوائد مستحقین کو حاصل ہوچکے تھے، جبکہ رہائش، روزگار اور پنشن سے متعلق متعدد درخواستیں ابھی زیرِ عمل تھیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ درخواستوں کی مجموعی مالیت میں سب سے بڑا حصہ پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (PM-JAY) کے تحت صحت بیمہ کور کا ہے، جس سے مستفید خاندان ضرورت پڑنے پر علاج کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔
ناگرک وکاس کیندر نے اپنی آئندہ توسیعی حکمت عملی کا اعلان کرتے ہوئے 2027 میں سات ریاستوں میں 11 نئے مراکز قائم کرنے کا منصوبہ پیش کیا ہے۔ اس توسیع کے بعد ملک میں NVK مراکز کی تعداد 29 سے بڑھ کر 40 ہوجائے گی۔ نئے مراکز کے قیام پر پہلے سال تقریباً 50 لاکھ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ ہے۔
یہ منصوبہ 2036 تک ملک بھر میں کم از کم 100 ناگرک وکاس کیندر قائم کرنے کے طویل مدتی ہدف کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
کاشف عبداللہ نے مزید بتایا کی "ہماری کوشش ہے کہ کوئی بھی مستحق خاندان محض معلومات یا دستاویزات کی کمی کی وجہ سے اس سرکاری اسکیم کے فائدے سے محروم نہ رہے جو اس کے لیے بنائی گئی ہے۔ سرکاری فلاحی اسکیموں کی اصل کامیابی اسی وقت ہے جب ان کا فائدہ کاغذوں اور سرکاری اعداد و شمار سے نکل کر حقیقی مستحق خاندانوں تک پہنچے۔ ناگرک وکاس کیندر اسی مقصد کے تحت کام کر رہا ہے۔ ہم درخواست جمع کرانے کے بعد بھی خاندانوں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں اور اس وقت تک کوشش جاری رکھتے ہیں جب تک انہیں ان کا جائز حق نہ مل جائے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ برسوں میں نئے مراکز کے قیام اور موجودہ نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانے کے ذریعے زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں تک پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔
