لائبریری طلبہ کے لیے علم و تعلیم کا مرکز بنے گی اورہمارا مقصد پوری اسمبلی حلقہ میں 20 لائبریریاں قائم کرنا ہے : رکن اسمبلی چودھری زبیر احمد
نئی دہلی:14نومبر (ہماری دنیا نیوز)سیلم پور اسمبلی حلقہ کے سی پی جے بلاک میں واقع بستی وکاس کیندر میں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام لائبریری کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر سیلم اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی چودھری زبیر احمد، سابق رکن اسمبلی چودھری متین احمد، کونسلر شگفتہ چودھری زبیر، عام آدمی پارٹی کےسینئر لیڈر حاجی افضال اور کونسلر حجن شکیلہ سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔
اس موقع پر لائبریری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے سابق رکن اسمبلی چودھری متین احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں تعلیم اور علم کا اہم کردار ہوتا ہے۔ لائبریری صرف کتابیں پڑھنے کی جگہ نہیں ہوتی، بلکہ یہ بچوں، نوجوانوں اور طلبہ کی ذہنی و فکری نشوونما کا ایک اہم مرکز ہوتی ہے۔ خاص طور پر ایسے علاقوں میں جہاں تمام طلبہ کے پاس گھر میں پڑھائی کے لیے مناسب جگہ، کتابیں اور تعلیمی وسائل دستیاب نہیں ہوتے، وہاں عوامی لائبریری ان کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

رکن اسمبلی چودھری زبیر احمد نے کہا کہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام لائبریری کے آغاز سے علاقے کے طلبہ کو پُرسکون ماحول میں پڑھائی کرنے، مختلف موضوعات کی کتابیں پڑھنے، عمومی معلومات میں اضافہ کرنے اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے کا موقع ملے گا۔ اس کے علاوہ بچوں میں مطالعے کا شوق پیدا ہوگا، نوجوانوں کو اپنے مقاصد طے کرنے میں مدد ملے گی اور ان میں سائنسی سوچ، تخلیقی صلاحیتوں اور خود اعتمادی کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پوری اسمبلی حلقہ میں 20 لائبریریاں قائم کرنا ہے۔ کونسلر شگفتہ چودھری زبیر نے کہا کہ لائبریری کا قیام علاقے کی تعلیمی ترقی کی سمت میں ایک قابل ستائش قدم ہے۔ اس سے طلبہ کو موبائل اور دیگر غیر ضروری سرگرمیوں سے وقت نکال کر کتابوں سے جڑنے کی ترغیب ملے گی۔ ساتھ ہی معاشی طور پر کمزور خاندانوں کے بچوں کو بھی بغیر زیادہ خرچ کیے علم اور مطالعے کی سہولتیں حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
اس موقع پر عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈرحاجی افضال اورکونسلر حجن شکیلہ نے اس پہل کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے نام سے قائم کی گئی یہ لائبریری علاقے کے بچوں اور نوجوانوں کے لیے تعلیم، علم اور بیداری کا مرکز بنے گی اور آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ جھگیوں میں رہنے والے 11 باصلاحیت بچوں کو توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔

پروگرام کی نظامت سید ناصر جاوید نے کی ۔اس موقع پر موجود اہم شخصیات میں ڈاکٹر مرزا فہیم بیگ، فہمیہ بیگم، بازما بانو، غزالہ فضل، شفا مرزا، انو بی، جمیل ملک، رئیس سلمانی، رئیس انصاری، ضرار احمد، شاداب حسن، مبشر حسین، افسر خان، جاوید برقی، اختر خان، مقیم انصاری، عادل سلمانی، عرفان ادریسی، عطا الرحمٰن، ذیشان خان، راؤ نوید، صابر بھائی، ڈاکٹر محمود عالم اور ندیم قریشی کے نام قابل ذکر ہیں۔
