ہزاروں مسلمانوں کے قتل، اجتماعی جنسی تشدد اور بچوں پر بہیمانہ مظالم کی تصدیق، عالمی عدالتِ انصاف نے 2017 کی فوجی کارروائیوں کو نسل کشی قرار دے دیا
دی ہیگ، 19 نومبر: روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے گئے مظالم کے معاملے میں عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) نے ایک تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے میانمار کو نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ میانمار کی فوجی کارروائیوں کے دوران روہنگیا مسلمانوں کے ہزاروں افراد کو قتل کیا گیا، بڑے پیمانے پر جنسی تشدد کیا گیا اور بچوں کو بھی انتہائی سفاکانہ مظالم کا نشانہ بنایا گیا۔
19 نومبر 2026 کو دی ہیگ میں سنائے گئے اس فیصلے میں عالمی عدالتِ انصاف نے قرار دیا کہ میانمار کی سیکیورٹی فورسز نے 2017 میں شمالی ریاست رخائن میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ایسی کارروائیاں کیں جن کا مقصد اس اقلیتی گروہ کے ایک بڑے حصے کو تباہ کرنا تھا۔ عدالت کے مطابق دستیاب شواہد سے نسل کشی کے ارادے کی تصدیق ہوتی ہے۔
عالمی عدالتِ انصاف کے صدر جج یوجی ایواسوا نے فیصلہ پڑھتے ہوئے کہا کہ میانمار کی سیکیورٹی فورسز نے ہزاروں روہنگیا شہریوں کو قتل کیا، بڑے پیمانے پر جنسی تشدد کا ارتکاب کیا، بچوں کے خلاف انتہائی سنگین تشدد کیا اور بنگلادیش کی جانب فرار ہونے والے روہنگیا سلمانوں کو بھی نشانہ بنایا۔
رپورٹس کے مطابق شواہد میں تقریباً 10 ہزار روہنگیا مسلمانوں کے قتل، اجتماعی زیادتیوں، مردوں اور لڑکوں کی اجتماعی ہلاکتوں اور سیکڑوں دیہات کو جلانے کے واقعات شامل ہیں۔
گیمبیا نے 2019 میں دائر کیا تھا مقدمہ
روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے معاملے میں افریقی ملک گیمبیا نے نومبر 2019 میں میانمار کے خلاف عالمی عدالتِ انصاف سے رجوع کیا تھا۔ گیمبیا نے الزام لگایا تھا کہ میانمار نے 1948 کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف منظم مظالم کیے ہیں۔ میانمار کی حکومت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے فوجی کارروائیوں کو مسلح گروہوں کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا تھا، تاہم عالمی عدالت نے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد میانمار کو نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیا۔ یہ مقدمہ تقریباً سات سال تک جاری رہا اور جنوری 2026 میں اس کی حتمی سماعتیں شروع ہوئی تھیں۔
فیصلہ حتمی، متاثرین کو معاوضہ دینے کا معاملہ بھی زیر غور
عالمی عدالتِ انصاف کا یہ فیصلہ حتمی اور ناقابلِ اپیل ہے۔ عدالت نے میانمار کو متاثرین کے لیے معاوضے اور نسل کشی کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی سمیت قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے کا پابند قرار دیا ہے۔ متاثرین کو ادا کیے جانے والے معاوضے کی تفصیلات بعد کے مراحل میں طے کی جائیں گی۔
عدالت نے روہنگیا مسلمانوں کی محفوظ، باوقار اور رضاکارانہ واپسی اور خاندانوں کے دوبارہ اتحاد کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔ تاہم فیصلے پر عمل درآمد کرانے کے لیے عدالت کے پاس براہِ راست نفاذ کا اختیار محدود ہے اور عدم تعمیل کی صورت میں معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل تک پہنچایا جاسکتا ہے۔
روہنگیا مسلمانوں کی جدوجہد کو تاریخی کامیابی
اس فیصلے کو روہنگیا مسلمانوں کے لیے انصاف کی جدوجہد میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ 2017 کی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں لاکھوں روہنگیا مسلمان اپنے گھر بار چھوڑ کر بنگلادیش منتقل ہونے پر مجبور ہوئے تھے، جہاں بڑی تعداد آج بھی پناہ گزین کیمپوں میں زندگی گزار رہی ہے۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی تاریخی اور مستند قانونی توثیق قرار دیا ہے۔
یہ فیصلہ عالمی سطح پر نسل کشی کے جرائم کے خلاف احتساب کی کوششوں میں بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ عالمی عدالتِ انصاف نے پہلی مرتبہ کسی ریاست کو نسل کشی کا مرتکب قرار دیا ہے۔
