موتیہاری ،20 نومبر(ہماری دنیا نیوز)۔
موتیہاری ضلع اسکول کے میدان 22 نومبر کو منعقد ہونے والی پیغامِ آزاد کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے جمعہ کے روز آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین اور ضلع انتظامیہ کے افسران کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے صدر ایس ڈی او ارون کمار، صدر ایس ڈی پی او دلیپ کمار اور نگر تھانہ انچارج سمیت کئی افسران موجود تھے۔
میٹنگ میں کانفرنس میں شرکت کے لیے آنے والے لوگوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کے انتظامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پپرا، چکیا، مہسی، کوٹوا اور کیسر یا وغیرہ علاقوں سے آنے والی بڑی گاڑیوں کی پارکنگ گاندھی میدان میں ہوگی، جبکہ بنجریا، سگولی، رام گڑھوا، رکسول، آدا پور اور چھوڑادانوں وغیرہ علاقوں سے آنے والی بڑی گاڑیوں کو ایم ایس کالج گراؤنڈ میں ٹھہرایا جائے گا۔
چھوٹی گاڑیوں کے لیے نر سنگھ بابا مٹھ احاطہ منتخب کیا گیا ہے، جبکہ وی آئی پی گاڑیوں کی پارکنگ ضلع اسکول میں ہی ہوگی۔کانفرنس میں شامل ہونے والے لوگوں کی سہولت کے لئے پپرا اور سگولی ٹول پلازا کو ہدایت دی گئی ہے کہ پروگرام میں آنے والی گاڑیوں سے ٹول ٹیکس نہیں لیا جائے۔
واضح رہے کہ پروگرام میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت ہو رہی ہے ۔اس لیے ٹریفک نظام اور حفاظتی بندوبست کے پختہ انتظامات کیے جا رہے ہیں ۔ اس موقع پر ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ یہ ایک تاریخی کانفرنس ہوگی ۔ملک اور دنیا کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے مہاتما گاندھی،مولانا ابوالکلام آزاد سمیت ملک کے سبھی مجاہدین آزادی کے خیالات سے نءی جنریشن کو واقف کرانا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس کو لے کر عوام پرجوش ہے،مہاتما گاندھی اور مولانا ابوالکلام آزاد کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد پروگرام میں شامل ہو گی ۔اس دوران ڈاکٹر خالد انور کے علاوہ ڈاکٹر پرویز عزیز،بی جے پی لیڈر عبد الرحمن،ضلع اوقاف کمیٹی کے چیرمین سید مبین احمد،ڈاکٹر خورشید عزیز،ڈاکٹر عبد الخبیر،ڈاکٹر عقیل احمد،اکرم راہی،حفظ الرحمن،ڈاکٹر محمد ابراہیم وغیرہ موجود تھے ۔
