نومبر 21, 2026
International بین الاقوامی خبریںTop News

شی جن پنگ خطاب کرتے رہے، ٹرمپ کو اچانک کیا ہوا؟ اپیک اجلاس کی لائیو نشریات میں دلچسپ منظر

شی جن پنگ

چینی صدر ایشیا پیسیفک خطے سے متعلق اپنی ترجیحات بیان کر رہے تھے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی نشست پر اونگھتے نظر آئے، روسی صدر پیوٹن کی نظریں کارروائی پر مرکوز رہیں

بیجنگ،19 نومبر: چین میں منعقدہ ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (اپیک) اجلاس کے دوران ایک ایسا منظر سامنے آیا جس نے عالمی میڈیا اور سوشل میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔ اجلاس میں چینی صدر شی جن پنگ خطاب کر رہے تھے، اسی دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی نشست پر بظاہر اونگھتے ہوئے دکھائی دیے۔ اجلاس کی براہِ راست نشریات میں سامنے آنے والے اس منظر پر مختلف حلقوں میں دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 80 سالہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت اپنی نشست پر نیند میں جھولتے دکھائی دیے جب چینی صدر شی جن پنگ ایشیا پیسیفک خطے کے حوالے سے چین کی ترجیحات، توقعات اور مستقبل کی حکمت عملی پر اظہارِ خیال کر رہے تھے۔

اجلاس کے دوران دیگر عالمی رہنماؤں کا انداز بھی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی نظریں مسلسل کارروائی پر مرکوز رہیں، جبکہ کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی اور ہانگ کانگ کے رہنما جان لی اہم نکات نوٹ کرتے دکھائی دیے۔ جاپان کی وزیرِاعظم سنائے تاکائچی بھی چینی صدر کے خطاب کے بعض حصوں کے دوران مسکراتی نظر آئیں۔

ٹرمپ اور شی جن پنگ کی اہم ملاقات

دوسری جانب اپیک اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان اہم ملاقات بھی ہوئی۔ اس موقع پر ٹرمپ نے اپنے چینی ہم منصب کی جانب سے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جس گرم جوشی کے ساتھ ہمارا استقبال کیا، اس کے لیے میں ممنون ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں کوئی بھی وہ کام نہیں کرسکتا جو ہم دونوں کرسکتے ہیں۔

ملاقات کے دوران ٹرمپ نے چین کے ساتھ تجارتی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی بورڈ دونوں ممالک کے تعلقات میں توازن پیدا کر رہا ہے اور انہوں نے باہمی تجارت کو منصفانہ بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محصولات کی تقسیم بھی منصفانہ طریقے سے کی گئی ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ چین سے امریکی کسانوں کے لیے مزید کام کرنے کی درخواست کریں گے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل کے معاملے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور شی جن پنگ دونوں اس راستے سے تیل کی ترسیل چاہتے ہیں۔

شی جن پنگ کا غیر معمولی استقبال بھی موضوعِ بحث

اس ملاقات سے قبل چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد پر ایک غیر معمولی سفارتی انداز اختیار کرتے ہوئے خود ایئرپورٹ کے رن وے پر ان کا استقبال کیا اور انہیں گلے لگایا۔

رپورٹس کے مطابق یہ شی جن پنگ کے دورِ صدارت میں پہلا موقع تھا جب انہوں نے کسی غیر ملکی رہنما کا ذاتی طور پر ایئرپورٹ کے رن وے پر پہنچ کر استقبال کیا۔

اپیک اجلاس کے دوران ایک جانب دونوں بڑی عالمی طاقتوں کے سربراہان کے درمیان گرم جوش سفارتی ملاقات اور تجارتی تعلقات پر گفتگو موضوعِ بحث رہی، تو دوسری جانب چینی صدر کے خطاب کے دوران ٹرمپ کے اونگھنے کے مناظر نے بھی عالمی سطح پر خاصی توجہ حاصل کی۔

Related posts

ہندوستان کو ملا نیا جگری دوست، دو طرفہ بات چیت کے بعد 11 اہم معاہدوں پر دستخط

Hamari Duniya News

لکھنؤ میں ’عالمی یونانی میڈیسن ڈے‘ کی عظیم الشان تقریب منعقد

Hamari Duniya News

گیانیش کمار کے خلاف کانگریس کا بڑا قدم، دہلی پولیس نے کیوں روک دیا پروگرام؟ امت شاہ اور مودی کی رہائش گاہ تک پہنچا معاملہ !

Hamari Duniya News