نومبر 21, 2026
International بین الاقوامی خبریںSaudi Arabia سعودی عربTop News

مکہ کلاک ٹاور میں ایسا کیا ہے کہ دنیا دنگ رہ گئی؟ مزید دو عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیے

کلاک ٹاور

مکہ مکرمہ کے مشہور کلاک ٹاور نے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں مزید دو اعزازات حاصل کرلیے۔ زمین سے 426.875 میٹر کی بلندی پر قائم میوزیم اور 560.875 میٹر بلند کھلے مشاہداتی پلیٹ فارم کو دنیا میں اپنی نوعیت کے بلند ترین مقامات ہونے کا اعزاز دیا گیا ہے۔

مکہ مکرمہ: مکہ کلاک ٹاور نے عالمی سطح پر اپنی ایک اور نمایاں شناخت قائم کرتے ہوئے مزید دو گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیے ہیں۔ مکہ مکرمہ کے رائل کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ کلاک ٹاور کو دنیا کا بلند ترین میوزیم اور دنیا کا بلند ترین کھلا مشاہداتی پلیٹ فارم ہونے کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق یہ دونوں ریکارڈ 5 جنوری کو قائم کیے گئے۔ ان میں کلاک ٹاور میوزیم زمین سے 426.875 میٹر کی بلندی پر واقع ہے، جبکہ اس کا کھلا مشاہداتی پلیٹ فارم 560.875 میٹر کی بلندی پر قائم ہے۔ اس پلیٹ فارم سے مسجد الحرام اور مکہ مکرمہ کے اطراف کا وسیع اور دلکش منظر دیکھا جاسکتا ہے۔

2019 میں عوام کے لیے کھولا گیا تھا میوزیم

مکہ کلاک ٹاور میوزیم کا افتتاح مئی 2019 میں عوام کے لیے کیا گیا تھا۔ یہ میوزیم ٹاور کی بالائی چار منزلوں پر مشتمل ہے، جہاں فلکیات، وقت کی پیمائش، مکہ مکرمہ کی تاریخ اور کلاک ٹاور کی تعمیر میں استعمال ہونے والی جدید انجینئرنگ سے متعلق معلومات اور تاریخی نوادرات نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔

میوزیم میں آنے والے افراد کو فلکیاتی آلات کی تاریخ اور ان کی ترقی کے مختلف مراحل سے واقف ہونے کا موقع ملتا ہے۔ اس کے علاوہ اسلامی کیلنڈر کے نئے مہینے کے آغاز کے لیے چاند کی رویت میں فلکیاتی آلات کے استعمال سے متعلق بھی معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق کسی میوزیم کی تعریف ایسی جگہ کے طور پر کی گئی ہے جہاں عوامی تعلیم اور ثقافتی آگاہی کے مقصد سے مختلف اشیاء اور مجموعوں کو محفوظ کرکے نمائش کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔ میوزیم کی بلندی کا تعین زمین سے انتہائی باریک پیمائش کے ذریعے کیا گیا ہے۔

601 میٹر بلند ہے مکہ کلاک ٹاور

مکہ کلاک ٹاور سعودی عرب کی نمایاں تعمیراتی شناختوں میں شمار ہوتا ہے۔ 601 میٹر بلند یہ عمارت 2012 میں مکمل ہوئی تھی اور مسجد الحرام کے قریب واقع ابراج البیت کمپلیکس کا حصہ ہے۔ سات بلند عمارتوں پر مشتمل اس کمپلیکس کی تعمیر سعودی بن لادن گروپ نے کی تھی۔

کلاک ٹاور کے بالائی حصے میں 71 میٹر بلند مینار نما ساخت موجود ہے، جس کے ساتھ عمارت کی مجموعی بلندی 601 میٹر تک پہنچ جاتی ہے۔

ٹاور کے چاروں رخ پر بڑی گھڑیاں نصب ہیں، جن میں سے ہر ایک کا قطر 43 میٹر ہے۔ ان گھڑیوں کا حجم لندن کے معروف الزبتھ ٹاور کی گھڑیوں کے مقابلے میں تقریباً چھ گنا زیادہ ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے 28 نومبر 2011 کو مکہ کلاک ٹاور کی دیوقامت گھڑی کو بھی عالمی ریکارڈ کے طور پر تسلیم کیا تھا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کی تعداد پانچ سے تجاوز کرگئی

میوزیم اور کھلے مشاہداتی پلیٹ فارم کے تازہ اعزازات کے بعد مکہ کلاک ٹاور کے نام گنیز ورلڈ ریکارڈز کی تعداد کم از کم پانچ ہوگئی ہے۔ ان میں دنیا کا بلند ترین کلاک ٹاور، سب سے بڑی گھڑی اور بلند ترین مقام پر نصب گھڑی جیسے اعزازات بھی شامل ہیں۔

مکہ مکرمہ کے رائل کمیشن کے مطابق یہ عالمی اعزازات شہر کے تاریخی اور نمایاں مقامات کی ترقی، ان کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور شہریوں، زائرین اور عازمین حج و عمرہ کے لیے سہولتوں کو بہتر بنانے کی کوششوں کا اعتراف ہیں۔

مکہ کلاک ٹاور کے یہ نئے عالمی اعزازات نہ صرف سعودی عرب کی تعمیراتی اور انجینئرنگ صلاحیتوں کا اظہار ہیں بلکہ مکہ مکرمہ کو جدید سیاحتی، تعلیمی اور ثقافتی سہولتوں سے آراستہ کرنے کی کوششوں کو بھی نمایاں کرتے ہیں۔

Related posts

کیا ہے ایپسٹین فائل؟ جس میں ہے وزیراعظم نریندر مودی کا نام، ہنگامہ برپا

Hamari Duniya News

ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے سے متعلق مذاکرات کامیابی کے ساتھ مکمل

Hamari Duniya News

’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے سیٹ پر شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئے امیتابھ بچن، مداح تشویش میں مبتلا

Hamari Duniya News