پوزیشن یافتہ اور ممتاز طلبہ سمیت تمام شرکاء کو نقد انعامات، اسناد اور قیمتی تحائف سے نوازا گیا
سدھارتھ نگر،15 نومبر (حافظ محبوب عالم سلفی)۔
بتاریخ 14 نومبر 2026ء بروز سنیچر ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر کے زیر اہتمام دوسرا عظیم الشان انعامی مسابقۂ حفظِ قرآن کریم، مرکز آفاق لتحفيظ القرآن الكريم، مہدئیا، نوگڑھ، سدھارتھ نگر میں نہایت تزک و احتشام اور کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس مسابقے میں ضلع سدھارتھ نگر کے مختلف علاقوں، دیگر اضلاع اور پڑوسی ملک نیپال کے مجموعی طور پر 24 مدارس و دینی اداروں کے 103 طلبہ نے شرکت کی۔
اس مسابقے کے انعقاد کا بنیادی مقصد طلبہ کے حفظِ قرآن کو مزید پختہ بنانا، مسلسل مراجعت کا ذوق و شوق پیدا کرنا اور ان کے اندر محنت، خود اعتمادی اور مسابقت کا صحت مند جذبہ پروان چڑھانا تھا۔
طلبہ کی استعداد اور مقدارِ حفظ کے پیش نظر مسابقے کو تین زمروں میں تقسیم کیا گیا تھا:
زمرۂ اول: مکمل حفظِ قرآنِ کریم۔
زمرۂ دوم: حفظِ قرآنِ کریم (بیس پارے)
زمرۂ سوم: حفظِ قرآنِ کریم (دس پارے)
تمام زمروں کے لیے حکم صاحبان کا انتخاب بیرونِ ضلع سے کیا گیا تھا تاکہ مسابقے کے انعقاد میں غیر جانب داری، شفافیت اور منصفانہ فیصلوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
زمرۂ اول میں جن حضرات نے حکم کے فرائض انجام دیے ان کے اسماء یہ ہیں:
شیخ حافظ انعام اللہ مدنی، استاد جمعیۃ التوحید الخیریہ، کپل وستو، نیپال،
حافظ عبدالواحد عالیاوی، استاد شعبۂ تحفیظ، جامعہ سلفیہ، بنارس،
قاری محمد شارق عرفانی، استاد شعبۂ تحفیظ، جامعہ نصرۃ الاسلام، شنکر نگر، بلرام پور
زمرۂ دوم کے حکم صاحبان:
شیخ حافظ راشد حسن مبارک پوری، استاد جامعہ اسلامیہ فیض عام، مئو
شیخ حافظ عبید اللہ ریاضی، استاد جمعیۃ التوحید الخیریہ، بجوا، کپل وستو، نیپال
شیخ حافظ محمد عامر مدنی، استاد جامعہ اسلامیہ فیض عام، مئو،
زمرۂ سوم کے حکم صاحبان:
شیخ حافظ عبد السمیع مدنی، وکیل الجامعہ، جامعہ اسلامیہ، دریا باد، سنت کبیر نگر
شیخ حافظ فضیل احمد مدنی، مشرف مرکز تحفیظ القرآن الکریم، بھیسنہیا، روپندیہی، نیپال شیخ حافظ حمید حسن مبارک پوری، استاد جامعہ اسلامیہ انوار العلوم، املوا، یوپی
مسابقے کا باقاعدہ آغاز صبح سوا آٹھ بجے ہوا۔ تینوں زمروں کے مقابلے بیک وقت تین الگ الگ کمروں میں نہایت منظم، شفاف اور خوش گوار علمی ماحول میں شروع ہوئے اور نماز ظہر تک جاری رہے۔
تینوں زمروں میں مجموعی طور پر 105 طلبہ کے درخواست موصول ہوئے تھے، جن میں سے 103 طلبہ نے عملاً شرکت کی۔ زمرۂ اول میں 26 میں سے 25، زمرۂ دوم میں 29 میں سے 28، جب کہ زمرۂ سوم کے تمام 50 طلبہ شریک ہوئے۔
مسابقے کے دوران بہترین نظم و ضبط، شفافیت اور حسنِ انتظام کا مظاہرہ کیا گیا۔ نمازِ ظہر کے بعد تمام شرکائے مسابقہ، ان کے اساتذہ، نمائندہ مدارس کے ذمہ داران، معزز حکم صاحبان اور دیگر مہمانان گرامی کے لیے شاندار ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔
مرکز آفاق لتحفيظ القرآن، مہدئیا کے ڈائریکٹر برادر مکرم رفیع احمد ندوی کی جانب سے مسابقہ حفظ قرآن کریم میں شریک ہونے والے تمام طلبہ، اساتذۂ مدارس اور مہمانوں کے کھانے کا عمدہ انتظام تھا، اللہ انھیں دنیا و آخرت کی سعادتوں سے سرفراز کرے۔ آمین!
کھانے سے فراغت کے بعد اعلانِ نتائج اور تقسیمِ انعامات کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کی نظامت تین علمائے کرام نے مشترکہ طور پر انجام دی، جن میں مولانا محمد ہاشم سلفی، ناظم جمعیت اہل حدیث حلقہ نوگڑھ، مولانا سعود اختر سلفی، نائب ناظم ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر اور مولانا عبدالرشید سلفی، نائب ناظم جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ شامل تھے۔
تقریب کی صدارت صوبائی جمعیت اہل حدیث مشرقی یوپی کے ناظم مولانا شہاب الدین مدنی نے فرمائی، جب کہ پروگرام کا افتتاح مولانا جمشید عالم سلفی، ناظم جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ کے تمہیدی کلمات سے ہوا۔ بعد ازاں تینوں زمروں کے نتائج متعلقہ علمائے کرام نے سنائے۔
زمرۂ اول: مکمل حفظِ قرآنِ کریم
پوزیشن یافتہ طلبہ
پہلی پوزیشن: عبدالہادی نصیر الدین، جامعہ ابی ہریرہ، لال گوپال گنج، الہ آباد، یوپی
دوسری پوزیشن: عرباض احمد اعجاز احمد، جامعہ فرقانیہ، بھینس کنڈہ، کپل وستو، نیپال
تیسری پوزیشن: عبدالرحمن عتیق الرحمن، جامعہ اسلامیہ خیر العلوم، ڈومریاگنج
تین ممتاز طلبہ
ابو سفیان محمد مصطفیٰ، جامعہ الفاروق الاسلامیہ، امونا، اٹوا بازار
حبیب الرحمن ضیاء الرحمن، معہد عثمان بن عفان لتحفیظ القرآن، سلیم نگر، شانتی نگر، نیپال
شاہنواز احمد ریاض الدین، معہد الرشد مرکز تحفیظ القرآن، تتری بازار، نوگڑھ
زمرۂ دوم: حفظِ قرآنِ کریم (بیس پارے)
پوزیشن یافتہ طلبہ
پہلی پوزیشن: معاذ خان شاہ عالم، جامعہ الفاروق الاسلامیہ، امونا، اٹوا بازار۔
دوسری پوزیشن: محمد شاہد محمد شعیب، مرکز حذیفہ بن یمان، ککرہواں بازار، سدھارتھ نگر
تیسری پوزیشن: محمد حلیم محمد سلیم، مرکز حذیفہ بن یمان، ککرہواں بازار، سدھارتھ نگر
چار ممتاز طلبہ
عاشق علی شوکت علی، جامعہ الفاروق الاسلامیہ، امونا، اٹوا بازار
محمد یاسین محمد اسماعیل، مدرسہ ابی بن کعب، خیر العلوم، ڈومریاگنج
اسماعیل مبارک علی، دار الہدیٰ تحفیظ القرآن، آزاد نگر، بانسی، سدھارتھ نگر
شہباز احمد فیضان احمد، جامعہ اسلامیہ خیر العلوم، ڈومریاگنج
اس زمرے میں تین ممتاز طلبہ کے لیے خصوصی انعامات مقرر تھے، تاہم دو طلبہ کے نمبرات مساوی ہونے کی وجہ سے چار طلبہ کو ممتاز قرار دے کر انعام کا مستحق قرار دیا گیا۔
زمرۂ سوم: حفظِ قرآنِ کریم (دس پارے)
پوزیشن یافتہ طلبہ
پہلی پوزیشن: عمیر اشرف توحید عالم، جامعہ الفاروق الاسلامیہ، امونا، اٹوا بازار
دوسری پوزیشن: حمید بن محمد، جامعہ اسلامیہ خیر العلوم، ڈومریاگنج
تیسری پوزیشن: محمد ثاقب سفیر الدین، جمعیۃ التوحید الخیریہ، بجوا، کپل وستو، نیپال
چار ممتاز طلبہ
محمد سلیمان محمد شکیل، مرکز آفاق لتحفيظ القرآن الكريم، مہدئیا، نوگڑھ
محمد ارسلان ضمیر اللہ، مرکز آفاق لتحفيظ القرآن الكريم، مہدئیا، نوگڑھ
تنویر مظہر علی، جامعہ الفاروق الاسلامیہ، امونا، اٹوا بازار
ابو بکر اختر حسین، الفردوس اسلامک اکیڈمی، کٹیا، سدھارتھ نگر
اس زمرے میں بھی دو طلبہ کے نمبرات مساوی ہونے کے سبب چار طلبہ کو ممتاز قرار دے کر خصوصی انعامات کا مستحق بنایا گیا۔
مسابقے میں طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعامات کا معقول نظم کیا گیا تھا۔ تینوں زمروں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ اور ممتاز طلبہ کے علاوہ دیگر تمام شرکاء کو بھی ان کی شرکت اور محنت کے اعتراف میں تشجیعی انعامات سے نوازا گیا۔
زمرۂ اول: پہلی پوزیشن کے لیے 14 ہزار، دوسری کے لیے 12 ہزار اور تیسری پوزیشن کے لیے 10 ہزار روپے مقرر تھے، جب کہ ہر ممتاز طالب علم کو 1400 روپے اور دیگر ہر شریک طالب علم کو 1000 روپے تشجیعی انعام دیا گیا۔
زمرۂ دوم: پہلی پوزیشن کے لیے 12 ہزار، دوسری کے لیے 10 ہزار اور تیسری پوزیشن کے لیے 8 ہزار روپے دیے گئے۔ ہر ممتاز طالب علم کو 1300 روپے اور دیگر ہر شریک طالب علم کو 800 روپے تشجیعی انعام دیا گیا۔
زمرۂ سوم: پہلی پوزیشن کے لیے 10 ہزار، دوسری کے لیے 8 ہزار اور تیسری پوزیشن کے لیے 6 ہزار روپے دیے گئے۔ ہر ممتاز طالب علم کو 1100 روپے اور دیگر ہر شریک طالب علم کو 600 روپے تشجیعی انعام دیا گیا۔
نقد انعامات کے علاوہ تمام شرکائے مسابقہ کو قیمتی بیگ، قلم، دیدہ زیب اعزازی سند، مصحف قرآنِ کریم اور قیمتی دینی کتابوں کے تحائف سے بھی نوازا گیا۔ اس طرح ہر مشارک طالب علم کی قدر افزائی کی گئی۔
تقریبِ تقسیمِ انعامات میں متعدد علمائے کرام نے اپنے قیمتی تاثرات اور نصیحت آموز کلمات پیش کیے۔ مولانا شہاب الدین مدنی، مولانا محمد ابراہیم مدنی اور شیخ عبدالرحیم امینی نے مسابقے کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اس طرح کی علمی و تربیتی سرگرمیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے ناظم عمومی مولانا وصی اللہ مدنی نے اپنے افتتاحی و استقبالیہ کلمات میں تمام مشارکین، معاونین، حکم صاحبان اور منتظمین کا والہانہ استقبال کیا اور پروگرام کے کامیاب انعقاد پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا۔
ناظم عمومی نے ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے زیر اہتمام مسابقۂ حفظ قرآن کریم کے انعقاد و انتظام کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی حفاظت کے مختلف ذرائع ہیں، جن میں سے ایک اہم ذریعہ اس کا سینوں میں محفوظ ہونا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس امت کو ایسے سعادت مند افراد عطا فرمائے ہیں جو قرآن کریم کو اپنے سینوں میں محفوظ کرتے ہیں، اس کی تلاوت کرتے ہیں اور نسل در نسل اس عظیم امانت کو آگے منتقل کرتے چلے آتے ہیں۔
آپ نے ضلعی جمعیت کی دیگر دعوتی، تعلیمی اور جماعتی سرگرمیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت کے ذمہ داران دینی و تعلیمی میدان میں مزید مؤثر اور نتیجہ خیز سرگرمیاں انجام دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔ اگر اللہ تعالیٰ کی توفیق شاملِ حال رہی اور احبابِ جماعت کی مخلصانہ دعائیں اور تعاون حاصل رہا تو ان شاء اللہ آئندہ سال طلبہ و طالبات کے مابین ایک عظیم الشان مسابقۂ حفظِ حدیث کا انعقاد بھی کیا جائے گا، تاکہ نئی نسل میں احادیثِ نبویہ سے شغف، ان کے حفظ و فہم اور ان پر عمل کا جذبہ پروان چڑھے۔
اپنے اختتامی کلمات سے قبل انہوں نے تمام مشارکین، حکم صاحبان، ذمہ دارانِ جماعت و جمعیت، معاونین اور محسنین کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان تمام حضرات کی سرپرستی، خصوصی توجہ، مخلصانہ کاوشوں اور بھرپور تعاون ہی کے نتیجے میں یہ عظیم قرآنی پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
تینوں زمروں کے صدر اور حکم صاحبان نے بھی اپنے تاثرات پیش کیے اور طلبہ کی محنت، حفظ کی مضبوطی اور مسابقے کے نظم و نسق کے حوالے سے اظہارِ خیال کیا۔
حافظ عبد السمیع مدنی نے اس کامیاب مسابقے کے انعقاد پر جمعیت کے ذمہ داران کو مبارک باد پیش کی اور مدارس کے ذمہ داران کو خصوصی طور پر متوجہ کیا کہ وہ اپنے اداروں کے شعبۂ تحفیظ میں مزید بہتری پیدا کرنے کی کوشش کریں، تاکہ طلبہ کا حفظ مضبوط اور پختہ ہو۔
اسی طرح شیخ راشد حسن مبارک پوری نے اپنے تاثراتی کلمات میں طلبہ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ مسابقے میں شرکت ہی ایک بڑی کامیابی ہے۔ پوزیشن حاصل کرنا یا نہ کرنا قسمت کی بات ہے۔ انھوں نے اس بات کی بھی ضرورت محسوس کرائی کہ جس طرح طلبہ کے مسابقات منعقد کیے جاتے ہیں، اسی طرح طالبات کے لیے بھی ایسے علمی و قرآنی مسابقات کا اہتمام ہونا چاہیے۔
شیخ حافظ انعام اللہ مدنی نے بھی طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور مبارک باد پیش فرمائی۔
اس اہم موقع پر میزبان ادارہ مرکز آفاق لتحفيظ القرآن الكريم، مہدئیا، نوگڑھ کی جانب سے 16 منتخب علمائے کرام اور علمی و سماجی شخصیات کو ان کی علمی، تدریسی، تصنیفی، دعوتی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں تکریمی شیلڈ اور توصیفی اسناد پیش کی گئیں، نیز شال اوڑھا کر ان کی عزت افزائی کی گئی۔
تکریم سے سرفراز ہونے والی شخصیات کے اسمائے گرامی درج ذیل ہیں:
مولانا محمد ابراہیم رحمانی
مولانا شمیم احمد ندوی
مولانا شہاب الدین مدنی
مولانا محمد ابراہیم مدنی
مولانا وصی اللہ مدنی
مولانا عبد الرحیم امینی
مولانا مطیع اللہ سلفی
مولانا ذکی نور عظیم ندوی
حافظ عبد السمیع مدنی
حافظ راشد حسن مبارک پوری
ڈاکٹر فیضان احمد خاں
مولانا سعود اختر سلفی
مولانا محمد ہاشم سلفی
مولانا عبد الرشید سلفی
مولانا جمشید عالم سلفی
حافظ محبوب عالم سلفی
اس پروگرام کے انتظام و انصرام میں مقامی و ضلعی جمعیات کے اکثر ذمہ داروں نے بھرپور تعاون پیش کیا، ان میں مولانا محمد ابراہیم مدنی، مولانا عبد الرب سلفی، مولانا سعوداختر سلفی،مولانا محمد ہاشم سلفی، مولانا شفیع اللہ مدنی، مولانا جمشید عالم سلفی، برادرم رفیع احمد ندوی، مولانا خالد رشید سراجی، مولانا عبد الرشید سلفی، حافظ محبوب عالم سلفی، مولانا اعجاز احمد سنابلی، مولانا عتیق الرحمن سراجی، مولانا سرفراز احمد سراجی اور
مولانا امیر اللہ یوسفی وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔
تقریب کے اختتام سے قبل مولانا رفیع احمد ندوی نے کلماتِ تشکر پیش کیے اور مسابقے میں شریک تمام علمائے کرام، حکم صاحبان، مہمانانِ گرامی، اساتذہ، مدارس کے ذمہ داران، طلبہ اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ تقسیمِ انعامات کا سلسلہ اذانِ مغرب تک جاری رہا اور اذانِ مغرب کے ساتھ ہی اس تاریخی مسابقے کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔
اسی طرح مرکز آفاق کے قابل قدر اساتذہ کرام اور طلبہ نے بھی مرکز کے مہتمم کی نگرانی میں حصہ لیا اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنی قربانیاں پیش کیں۔ ضلعی جمعیت کے اس پروگرام میں حلقات کے امراء ونظماء اور اساتذہ کرام کے علاوہ بعض علمی وسیاسی،جماعتی، صحافی اور سماجی شخصیات وغیرہ نے شرکت کرکے بچوں کی خوب حوصلہ افزائی فرمائی بالخصوص
جماعت کی قدآور سیاسی شخصیت، محترم ممتاز احمد نیتا،مینیجرآزاد ڈگری کالج، مولانا مجیب الدین مدنی، مولانا تاج الدین سراجی، حافظ عبدالمتین (بستی) جان عالم (گورکھ پور) قاری عبدالسبحان، حافظ نصیرالدین اور مولانا عتیق الرحمن صفاوی وغیرہ کی سرگرم شرکت بھی قابلِ ذکر رہی۔
معروف یوٹیوبر مولانا عطاء اللہ سدھارتھ نگری اور مولانا عبدالنور سراجی نے پورے پروگرام کو لائیو کرکے مجلس سے دور رہنے والوں کو بھی استفادہ کا موقع فراہم کیا۔
یہ مسابقہ حفظِ قرآنِ کریم کے فروغ، طلبہ کی حوصلہ افزائی اور مدارس کے مابین علمی رابطے و باہمی تعاون کا ایک کامیاب نمونہ ثابت ہوا۔ یہ قرآنی تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کی سمت ایک قابلِ قدر پیش رفت تھی۔ جمعیت اہل حدیث کے ذمہ داران پُرعزم ہیں کہ آئندہ بھی ایسے قرآنی و علمی مسابقات کا اہتمام جاری رہے گا، تاکہ نئی نسل قرآنِ کریم کے حفظ، تلاوت اور مراجعت کے ساتھ اس سے اپنا تعلق مزید مضبوط کرے۔
اللہ تعالیٰ اس کوشش کو قبول فرمائے، تمام منتظمین، معاونین، اساتذہ اور طلبہ کو بہترین اجر عطا فرمائے اور اس مسابقے کو قرآنِ کریم کی خدمت و اشاعت کا ذریعہ بنائے۔ آمین!
