نومبر 13, 2026
Regional News علاقائی خبریںTop News

ممبرا میں یونیفارم سول کوڈ کے خلاف دستخطی مہم شروع، مساجد کے باہر عوام نے درج کرائی مخالفت

یونیفارم سول کوڈ کسی بھی قیمت پر منظور نہیں یہ شریعت کے خلاف ہے۔ حافظ رونق

ممبرا، 13 نومبر (حسین سلطان شیخ): یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) کے خلاف عوامی بیداری اور احتجاج کے سلسلے میں ممبرا کے شریفہ روڈ پر واقع رضا مسجد کے باہر دستخطی مہم کا آغاز کیا گیا۔ اس مہم کے تحت لوگوں نے یو سی سی کے خلاف اپنے اعتراضات درج کرائے، جبکہ کیو آر کوڈ کے ذریعے بھی قانون کے خلاف اپنی مخالفت ریکارڈ کرانے کا سلسلہ جاری رہا۔

اس موقع پر رضا مسجد کے ذمہ دار حافظ رونق نے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونیفارم سول کوڈ کسی بھی صورت میں قابلِ قبول نہیں ہے، کیونکہ ان کے مطابق یہ شریعت کے خلاف ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مختلف مقامات پر اس قانون کے خلاف آواز بلند کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رضا مسجد کے باہر ایک میز لگائی گئی ہے، جہاں آنے والے افراد دستخطی مہم میں حصہ لے رہے ہیں اور کیو آر کوڈ کے ذریعے بھی اپنا احتجاج درج کرا رہے ہیں۔ حافظ رونق نے کہا کہ اگر تمام مسلمان ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر اپنی مخالفت درج کرائیں تو حکومت کو اپنے فیصلے پر غور کرنے کے لیے مجبور کیا جا سکتا ہے۔

حافظ رونق کے مطابق ہر مذہب اور طبقے کے اپنے مذہبی طریقے اور اصول ہوتے ہیں۔ نکاح، طلاق اور وراثت سمیت مختلف معاملات میں مذہبی احکامات کی اپنی اہمیت ہے، جنہیں یکساں قانون کے نام پر نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے یو سی سی کے حوالے سے عوام میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ اسی سلسلے میں نمازِ جمعہ کے موقع پر رضا مسجد میں بھی اس موضوع پر خطاب کیا گیا اور لوگوں کو قانون کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔

آخر میں حافظ رونق نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آل انڈیا سنی جمعیۃ اور رضا اکیڈمی کی جانب سے چلائی جا رہی اس مہم میں حصہ لیں اور یو سی سی کے خلاف اپنی آواز متحد ہوکر بلند کریں، تاکہ اس قانون کو مسترد کرنے کا مطالبہ مؤثر انداز میں حکومت تک پہنچایا جا سکے۔

Related posts

 وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر حملے ہوں گے، ٹرمپ کا خلیجی ممالک کو انتباہ

Hamari Duniya News

اردو صحافت چمک دمک کے بجائے قومی شعور کی بیداری کا آئینہ دار ہے: لئیق رضوی

Hamari Duniya News

روزہ انسان میں تقویٰ، صبر اور ایثار کا جذبہ پیدا کرتا ہے: الشیخ بلال احمد مفتاحی

Hamari Duniya News