میٹ ہنری نے 6 وکٹ لے کر ہندوستانی بلے بازی تباہ کردی، روہت شرما، وراٹ کوہلی اور شریئس ایئر صفر پر آؤٹ، ون ڈے تاریخ کی دوسری سب سے بڑی شکست
ماؤنٹ ماؤن گنوئی، 13 نومبر(ہماری دنیا نیوز)۔نیوزی لینڈ نے چوتھے ون ڈے مقابلے میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو 244 رن کے بڑے فرق سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔ 334 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم محض 89 رن پر سمٹ گئی۔ ہندوستانی بلے بازوں کی اس قدر خراب کارکردگی رہی کہ ٹیم 26.4 اوور بھی نہیں کھیل سکی۔ نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز میٹ ہنری نے اپنی تباہ کن گیند بازی سے ہندوستانی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔
اس شکست کے ساتھ ہندوستان کو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں رنوں کے فرق سے اپنی دوسری سب سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستان کی سب سے بڑی شکست 245 رن سے سری لنکا کے خلاف 2000 میں ہوئی تھی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 244 رن کی شکست اس فہرست میں دوسرے مقام پر آگئی ہے۔
پہلے ہی اوور میں تین بڑے کھلاڑی صفر پر آؤٹ
334 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں تھی۔ نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز میٹ ہنری نے پہلے ہی اوور میں روہت شرما، وراٹ کوہلی اور کپتان شریئس ایئر کو پویلین بھیج دیا۔ تینوں کھلاڑی اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔
اس طرح ہندوستانی ٹیم نے ون ڈے کرکٹ میں پہلی مرتبہ اننگز کے پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے تین وکٹ گنوا دیے۔ روتوراج گائیکواڑ بھی 5 رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ابتدائی جھٹکوں سے ہندوستانی ٹیم آخر تک سنبھل نہیں سکی۔
ایشان کشن 27 رن بناکر ٹاپ اسکورر رہے
ہندوستان کی جانب سے ایشان کشن نے سب سے زیادہ 27 رن بنائے۔ انہوں نے 53 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکے لگائے۔ اکشر پٹیل نے 36 گیندوں پر 21 رن اور نمن دھیر نے 24 گیندوں پر 21 رن بنائے۔ ان تینوں کے علاوہ کوئی بھی ہندوستانی بلے باز 10 رن کا ہندسہ عبور نہیں کرسکا۔
عاقب نبی نے 5، کلدیپ یادو نے ایک اور گرنور برار نے 2 رن بنائے، جبکہ ارشدیپ سنگھ صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی پوری ٹیم 89 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔
میٹ ہنری نے 6 وکٹ لے کر مچایا قہر
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری سب سے کامیاب گیند باز رہے۔ انہوں نے 9.4 اوور میں 27 رن دے کر 6 وکٹ حاصل کیے۔ میتھیو فشر نے 7 اوور میں 31 رن دے کر 3 وکٹ حاصل کیے، جبکہ کائل جیمیسن کو ایک وکٹ ملا۔
ول ینگ کی سنچری نے نیوزی لینڈ کو مضبوط اسکور تک پہنچایا
اس سے پہلے نیوزی لینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 50 اوور میں 333 رن بنائے تھے۔ ول ینگ نے 108 گیندوں پر 125 رن کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 14 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ ٹم سیفرٹ نے 58 گیندوں پر 48 گیندوں میں 58 رن بنائے، جبکہ فن ایلن نے 30 گیندوں پر 41 رن اسکور کیے۔
ہندوستان کی جانب سے اکشر پٹیل اور گرنور برار نے 2-2 وکٹ حاصل کیے، جبکہ عاقب نبی نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ارشدیپ سنگھ اور نمن دھیر کو ایک ایک وکٹ ملا۔
ہندوستانی کرکٹ کے لیے بڑا جھٹکا
نیوزی لینڈ کے خلاف اس شکست نے ہندوستانی ٹیم کی بیٹنگ کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ خاص طور پر روہت شرما اور وراٹ کوہلی جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کا صفر پر آؤٹ ہونا اور پوری ٹیم کا صرف 89 رن پر سمٹ جانا شائقین کرکٹ کے لیے مایوس کن رہا۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ نے بلے بازی اور گیند بازی دونوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 244 رن سے بڑی کامیابی حاصل کی۔
